

کاش سمجھائے کوئی میرے دلِ نادان کو
بت پرستی چھوڑ کر سجدہ کرے یزدان کو
حبِ دنیا پوجائِ زر ہے عبادت کفر کی
پوجنا تو ترک کر دے کفر کے ایوان کو
لاکھ آئیں گے اگر مجھ پر یہ الزامِ گناہ
ایک لغزش تک نہ آئے گی میرے ایمان کو
اس طرح ہوتا رہا گر یاں حیا کا خاتمہ
ایک دن ترسے گا ہر اک آدمی انسان کو
آدمی کی شکل میں ابلیس دیتا ہے دغا
سینگ کب ہوتے ہیں دنیا میں کسی شیطان کو
بار بار آئے اگر الزام کی بادِ سموم
ایک پل بھی دکھ نہ ہو گا میرے چمنستان کو
چاکِ عصیاں سوزنِ توبہ کرے کب تک رفو
پھاڑ ڈالے گا جنونِ معصیت دامان کو
حبِ دنیا حبِ جاہ اور حبِ زر حبِ نسا
کتنی ہیں امراض لاحق اک دلِ انسان کو
چارہ گر مرضِ جنونِ شوقِ نظارۂ گل
جس سے وہ کم تر سمجھتا ہے سدا درمان کو
ساغرِ بادۂِ جلوہِ خودی جس سے ملے
ایسا مئے خانہ فزوں کرتا ہے خود ایمان کو
چھوڑ اے جعفر زماںؐ دنیا تو بے اعتبار ہے
بت پرستی چھوڑ کر سجدہ تو کر یزدان کو
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار