

یوں نام کر دلوں میں ابد تک مکیں رہے
سدرہ پہ جس طرح کوئی روح الامیں رہے
پرواز اپنی دنیا میں کر اس طرح بلند
ہفت آسماں سے بالا تیری سر زمیں رہے
غواص طبع بحرِ تخیّل سے ڈھونڈ لا
ایسا گہر جو خاتمِ حقؐ کا نگیں رہے
اللہ گر قریبِ رگِ جاں رہا تو کیا
طبع رواں بھی تیری خدا کے قریں رہے
ہر مرحلۂ مشکل و آساں پہ در جہاں
خود پر نہیں خدا کے کرم پر یقیں رہے
ہر عقدۂ ادق کی تو عقدہ کشائی کر
سیدھی تمہارے ہاتھ میں جبل المتیں رہے
یوسف سے ماہ لقا کریں جس سے زلیخائی
مدِ نظر تمہارے اک ایسا حسیں رہے
قدسی بھی سجدہ ریز ہوں جس بابِ فیض پر
جعفرؐ تمہاری ایسے ہی در پر جبیں رہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار