

جذبۂ شیریں مچلتا ہے برنگِ شاعری
تیشۂ فرہاد چلتا ہے برنگِ شاعری
عارضِ گل کے وہ چکنے فرش پر زہدِ بشر
حسن کی نو میں پھسلتا ہے برنگِ شاعری
پک چکا ہو جو کہ درد و غم دلوں کی تھاہ میں
ہاں وہی لاوا ابلتا ہے برنگِ شاعری
ذہن اک کانِ جواہر فکر ضربِ کان کُن
لعل اور ہیرے اگلتا ہے برنگِ شاعری
شوق میں آنند کے تاروں کی بجھتی آنچ سے
سوز خود پہلو بدلتا ہے برنگِ شاعری
ایک انجانے گناہ کے شوق میں جذبِ عمل
کر گزرنے پر مچلتا ہے برنگِ شاعری
الٹے قدموں جس طرح بھاگیں ہیں بچے کھیل میں
ایسے ہی ادراک چلتا ہے برنگِ شاعری
جس کے آگے موت کی جا کر لچک جائے کمر
دل اُسی بیشے میں پلتا ہے برنگِ شاعری
جس طرح پتھر لپکتے ہیں ثمرور شاخ پر
شوق یوں حق پر مچلتا ہے برنگِ شاعری
شرحِ صدر اِس میں نہیں جعفرؐ یہ شرحِ ذہن ہے
عقل میں الہام ڈھلتا ہے برنگِ شاعری
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار