

وجہ یہ ہے کہ جس سے ہم سرِ مغرور رکھتے ہیں
ہم اپنے دل کے بت خانے میں رشکِ حور رکھتے ہیں
نہ چھیڑو تم کسی کی زلفِ مشکیں کے فسانے کو
جو عارض کی سحر پہ بھی شبِ دیجور رکھتے ہیں
میں پروانہ ہوں یارو کب سے ان کے روئے تاباں کا
جو اپنے حجلۂ عارض میں برقِ طور رکھتے ہیں
مجھے دیدار ہو جائے اِلٰہی میرے ماہ رو کا
نہاں خانۂ دل میں جس کو ہم مستور رکھتے ہیں
میں اُن کی چشمِ مئے گوں کا سناؤں حال کیا تجھ کو
جو اپنے جامِ نرگس میں مئے انگور رکھتے ہیں
مئے الفت بہت بدنام ہے لیکن اثر یہ ہے
کہ اُس کے چند قطرے بھی سدا مخمور رکھتے ہیں
ہم اپنی نقد جاں بھی آپ پر قربان کرتے ہیں
خلوصِ دل سے اے ہمدم یہی مقدور رکھتے ہیں
دو عالم ہی اُلٹ جائیں اگر آہیں نہ میں روکوں
یہ وہ آہ ہے نہاں جس میں کہ شورِ صور رکھتے ہیں
نہ گھبراؤ کسی سے تم میرے پیارے چلے آئو
محبت کے فسانے ہم بہت مشہور رکھتے ہیں
کبھی نخوت پسندوں سے ہمارا سر نہیں جھکتا
فقیری میں بھی ہم جعفرؐ سرِ غیور رکھتے ہیں
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار