

اسلام کا فرزند تو غفلت میں پڑا ہے
افسوس ہے افسوس کہ توسویا ہوا ہے
تو دیکھ تیری سمت ہیں توپوں کے دہانے
بمبار تیرے ڈھونڈتے پھرتے ہیں ٹھکانے
چاہتے ہیں سکڈ کتنے ، تیرے گھر کو اڑانے
لیکن تجھے معلوم نہیں ہونے کو کیا ہے
افسوس ہے افسوس کہ تو سویا ہوا ہے
تیری تو ہر اک سانس کے ہیں چاروں طرف جال
ہے تیری عمارت کی ہر اک اینٹ میں بھونچال
نس نس میں تیرے کروٹیں یوں لیتے ہیں زلزال
اک حشر تیرے سر پہ غضب تولے کھڑا ہے
افسوس ہے افسوس کہ تو سویا ہوا ہے
ہر خشت تیرے گھر کی ہے سازش گہہ اغیار
ہر بال تیرے تن کا ہے بارڈر کی کڑی تار
ایٹم ہے تیرے سر پہ دھڑام ہونے کو تیار
تو موت کو سمجھے ہوئے خود اپنی بقا ہے
افسوس ہے افسوس کہ تو سویا ہوا ہے
یہ نیند بھی تیری نہیں دشمن کی عطا ہے
خود ذہن تیرا ہاتھ پہ دشمن کے بکا ہے
اور تیرا ضمیر عصر کے جالوں میں پھنسا ہے
تو اپنا ہی ناموس کھڑا بیچ رہا ہے
افسوس ہے افسوس کہ تو سویا ہوا ہے
خود ہاتھ تیرے تیرا بدن نوچ رہے ہیں
خود پھول تیرے تیرا چمن نوچ رہے ہیں
خود اپنے تیرے تیرا کفن نوچ رہے ہیں
خود تیرے ہی ہاتھوں تیری ہستی کی فنا ہے
افسوس ہے افسوس کہ تو سویا ہوا ہے
خود تیری بنائی ہوئی تصویر ہے اک موت
آنکھوں کے ہر اک خواب کی تعبیر ہے اک موت
اور تیری ہتھیلی کی بھی تحریر ہے اک موت
معلوم نہیں تجھ کو کہ اب ہونے کو کیا ہے
افسوس ہے افسوس کہ تو سویا ہوا ہے
اس خواب ہلاکت پہ تو حیران ہے جعفرؐ
انجام سے تیرے بھی پریشان ہے جعفرؐ
دل جلتا ہے جب دیکھتا نقصان ہے جعفرؐ
لیکن تجھے بد بختی کا بھر پور نشہ ہے
افسوس ہے افسوس کہ تو سویا ہوا ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار