

کیا بتاؤں اہلِ درد دل کو کیا دیتی ہے عید
ساری دنیا کی مسرت پر رلا دیتی ہے عید
عید کا مفہوم خود آلِ عبا سے پوچھئے
جن کے دل کے درد کی شدت بڑھا دیتی ہے عید
عیدِ قرباں کے ذبیحہ جانور کے خون سے
کتنے بے گور و کفن لاشے دکھا دیتی ہے عید
ذبح سے وہ بچنا اسماعیل کا کر کے بیاں
اکبرؐ و عباسؐ کا نوحہ سنا دیتی ہے عید
شہر میں بڑھتا ہے جب مسرور خلقت کا ہجوم
شام کی گلیوں کی پھر یادیں جگا دیتی ہے عید
جامع مسجد میں ہر جھکتی جبیں کے ساتھ ساتھ
شاہِ دیں پر آنکھ کو رونا سکھا دیتی ہے عید
عید کے معنی تو پوچھو مولائے سجادؐ سے
جن کے رخساروں کو اک تازہ حنا دیتی ہے عید
جو لبِ نازک تھے ترسائے ہوئے مسکان کے
اُن دکھی ہونٹوں کو بینوں کی صدا دیتی ہے عید
بے دھڑک لوٹی ہوئی سادانیوںؐ کے صحن میں
یادِ ماضی سے صفِ ماتم بچھا دیتی ہے عید
ضبط کردہ آنسوؤں کو دے کے خوشیوں کی نوید
اپنی محرومی پہ بہہ جانا سکھا دیتی ہے عید
کربلا میں لٹ چکا ہے جملہ عیدوں کا سہاگ
اب تو آکے دہر کو درسِ عزا دیتی ہے عید
عید اپنے عید کے مفہوم میں ڈھل جائے گی
اس لئے قائمؐ کے آنے کی دعا دیتی ہے عید
جعفرؐ ان کی ذات نے کرنا ہے عیدوں کا قیام
وہ حقیقی عید ہیں یہ فیصلہ دیتی ہے عید
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار