

کس قسم کے وہ لوگ ہوتے ہیں
کتنے بھرپور لوگ ہوتے ہیں
مل کے جتنے بھی دور ہوتے ہیں
قربتیں اپنی چھوڑ جاتے ہیں
کس انوکھی ادا سے آتے ہیں
روح احساس بھر کے ہاتھوں میں
لمحہ بھر کو وہ در پہ رکتے ہیں
دستکیں اپنی چھوڑ جاتے ہیں
کتنے مایوس لوگ ہوتے ہیں
کتنے ترسے ہوئے وہ ہوتے ہیں
خود تو جاتے ہیں پر ہر اک دل میں
حسرتیں اپنی چھوڑ جاتے ہیں
ایسے جھونکے ہوا کے ہوتے ہیں
بھیگے جسموں کو چھو کے جاتے ہیں
جا کے واپس کبھی نہیں آتے
راحتیں اپنی چھوڑ جاتے ہیں
جن کی باتوں میں لمس ہوتی ہے
جن کے الفاظ بھی دہکتے ہیں
کشت زار جہاں میں جذبوں کی
لذتیں اپنی چھوڑ جاتے ہیں
کتنے پاکیزہ لوگ ہوتے ہیں
سینچ کر جاذبیتیں اپنی
کتنی صدیوں کے بھٹکے بچوں میں
شفقتیں اپنی چھوڑ جاتے ہیں
جعفرؐ ایسے بھی لوگ ہوتے ہیں
شہر ہستی سے جب گزرتے ہیں
فکر کی بے نیاز گلیوں میں
نکہتیں اپنی چھوڑ جاتے ہیں
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار