

شش جہت میں دلفزا ہے یہ جہانِ رنگ و بو
اور ادھر غیبت میں روتا ہے کوئی بیکس لہو
اس جہاں میں ہر طرف ہیں پھول بکھرائے ہوئے
اور کسی دل پر ہیں بادل درد کے چھائے ہوئے
عید کا منظر اِدھر ہے ہر بشر ہے شادماں
اور اُدھر چہرے پہ ہیں چھائی ہوئی مایوسیاں
عید کا دن ہے گلے ملتا ہے ہر اک خانداں
عیدی میں ماؤں کے بوسے لے رہے ہیں نوجواں
اور اُدھر ہے ماں کی تربت پر نگاہِ پر لہو
ماں کی باہوں میں مچلنے کی ہے دل میں آرزو
ہر طرف خوشیوں میں ڈوبا ہے جہانِ بے خبر
اور اُدھر ہیں سامنے آنکھوں کے کچھ ویران گھر
ماضی کے منظر ہیں گویا حالِ جاری کی طرح
دل پہ دکھ گرتے ہیں گویا برق باری کی طرح
روز و شب رہتا ہے طاری دل پہ پیہم اضطرار
سامنے آنکھوں کے ہے کرب و بلا کا ریگزار
خون میں لتھڑا پڑا ہے رہگذارِ کہکشاں
لے رہے ہیں آسمانوں پر ملائک ہچکیاں
وہ فضائے گریہ ساماں اور وہ شامِ کارزار
شامیوں نے جب مٹا دی مصطفیؐ کی یادگار
ہو گئے ، بھوکے پیاسے قتل سرورؐ ہو گئے
سو گئے ، تیروں کے بستر پر دلاور سو گئے
بھوک میں پھَل برچھیوں نیزوں کے کھا کر سو گئے
پیاس آبِ تیغِ قاتل سے بجھا کر سو گئے
نہ کوئی مونس نہ کوئی درد کا درمان ہے
غم نشیں سادانیاںؐ ہیں ظلم کا طوفان ہے
تھرتھراتے کانپتے گرتے سنبھلتے ہانپتے
ماؤں سے بچے لپٹتے جا رہے ہیں خوف سے
عارضِ گل رنگ یوں گرمی سے سنولائے ہوئے
پھول جیسے ہوں کسی تربت پہ مرجھائے ہوئے
یہ حسیں پیدا ہوئے تھے مسکرانے کیلئے
گود میں ماؤں کی پل کر جگمگانے کیلئے
یہ گل نازک کڑی تعزیر کے قابل نہ تھے
آہ یہ معصوم تو زنجیر کے قابل نہ تھے
کچھ نشانِ ظلم رخ پر اور یتیمی کا غبار
خاک آلودہ لٹیں تن پر لباسِ تار تار
دوڑتے ہیں گرد خیموں کے جفا کے خوف سے
دل دہل جاتے ہیں ٹاپوں کی صدا کے خوف سے
گھوڑے دوڑاتے تعاقب میں مسلسل اشقیا
گونجتی ہے ہر طرف اک واحسیناؐ کی صدا
والئی خضرا کی اس منظر پہ جاتی ہے نظر
کیوں نہ آئیں آنکھ میں یاقوت احمر دوڑ کر
دوسری جو وجہِ گریہ ہے وہ اک منظر ہے یہ
اک غریب و ناتواں ہے درد کا پیکر ہے یہ
ہاں اس اجڑے کارواں کا کارواں سالار ہے
رو رہا ہے خون اپنی زیست سے بیزار ہے
بے خطا ، بے آسرا ، بے یار و بے کس ، بے وطن
دھوپ میں جھلسا ہوا ہے حسن کل کا بانکپن
فرطِ کمزوری سے رک جاتی ہیں سانسیں بار بار
لڑکھڑاتا ہے تو چھٹ جاتی ہے اونٹوں کی مہار
خون میں ڈوبی ہوئی ہیں نرم و نازک انگلیاں
اور حسیں آنکھوں سے آنسو خون کے پیہم رواں
چھاؤں پر جب بیٹھتے ہیں ظالمان بے مرام
دھوپ کے بستر پہ سوتا ہے میرا قیدی امامؐ
جب تھکے ماندے سپاہی مانگتے ہیں سرد جام
خون روتا ہے نہ جانے کیوں مریض تشنہ کام
بستروں پر رات کو جب اونگھتے ہیں اہل شر
کربلا کی سمت اٹھ جاتی ہے بیکس کی نظر
اور دہکتے بن میں آتی ہے نظر ہر ایک لاش
دست وپائے شاہؐ میں آتا ہے اِکدم ارتعاش
چونکتا ہے جھرجھری لے کر کڑی شمشیر کی
کھنکھنا اٹھتی ہیں کڑیاں ظلم کی زنجیر کی
گونج اٹھتی ہے فضا زنجیر کی جھنکار سے
کانپ اٹھتے ہیں سپاہی نعرۂ بیمار سے
بے خودی میں وَا حُسَیناَؐ کی جو دیتا ہے صدا
بلبلا اٹھتا ہے تسلیم و رضا کا قافلہ
ظلم کرتے ہیں سپاہی مل کے اس پر ناگہاں
چیخ اٹھتی ہیں مزاج عصر کی سب ہڈیاں
خون جب گرتا ہے اشکوں کی رواں زنجیر سے
سرخ ہو جاتی ہے مٹی خونِ بے تقصیر سے
حرفِ غم وقفِ الم ہے کاروانِ اہلؐ بیت
خون روتا جا رہا ہے ساربانِ اہلؐ بیت
ہاں یہی منظر ہے جو آنکھوں میں رہتا ہے سدا
اور یہی منظر رہا ہے موجبِ آہ و بکا
جب امامِ عصر کرتے ہیں نظر اس جور پر
خون رونا ناگزیر آقاؐ کو آتا ہے نظر
پھر نظر کے سامنے آتا ہے اک تازہ سماں
رک گیا ہے ایک ٹیلے پر یہ اجڑا کارواں
ایک ہیبت ناک سناٹا ہے طاری چار سو
دشت کے ذروں پہ روشن ہے شہیدوں کا لہو
وہ لہو جس میں دھڑکتا ہے دلِ پروردِگار
وہ لہو کہ جس کی خاطر روحِ سرورؐ سوگوار
ناگہاں پہنچا یہ فرمانِ یزیدِ رو سیاہ
تین فرسخ اس جگہ سے شام کا ہے فاصلہ
تھک چکے ہوں گے بہت اس وقت شاہی شاہسوار
حکم ثانی کا کرو رک کر وہاں سب انتظار
جب سنا یہ حکم شاہی عابدؐ بیمار نے
عابدؐ بیمار کیا ہر ایک پردہ دارؐ نے
دشت کانپا آسماں لرزا شجر تھرا گئے
نوک نیزہ پر شہیدوں کے بھی سر تھرا گئے
ہائے یہ معصوم بچے بے خطا بے آسرا
کس طرح کاٹیں گے شب ، ہے حکم یہ کیسا ملا
اس گھڑی سوتے ہیں دنیا بھر کے بچے چین سے
لوٹتے ہیں کس قدر آغوش مادر کے مزے
مائیں زانو پر سلاتی ہیں تھپک کر پیار سے
لوریاں دیتی ہیں جھولوں میں سلا کر پیار سے
لیکن ان بچوں کا کوئی مونس و ہمدم نہیں
عالم غربت میں کوئی بھی شریک غم نہیں
اونگھتے گرتے سنبھلتے تھرتھراتے کانپتے
ظلم کے لہجوں کی تلخی کی گرج سے جاگتے
آہ کتنا درد میں ڈوبا ہوا ہے یہ سماں
واردِ بازار ہوتی ہیں دکھی سادانیاں
آگے آگے اشقیا تیر و تبر تولے ہوئے
پیچھے پیچھے قدسیان عصر سر کھولے ہوئے
اُس طرف روشن منڈیروں پر دیوالی کے چراغ
اِس طرف دل میں فروزاں غربت و حسرت کے داغ
اُس طرف سینے پہ رقصاں ہیں طلائی ہیکلیں
اِس طرف ہر قلب کے اندر ہزاروں دھڑکنیں
اُس طرف ہیں ہر گلے میں خود سجے پھولوں کے ہار
اِس طرف ہر آنکھ میں یاقوت خو اشکوں کے ہار
اُس طرف ہونٹوں پہ رقصاں نغمہ ہائے شوروشین
اِس طرف ہونٹوں پہ بین ہائے حسینؐ ہائے حسینؐ
اُس طرف ہاتھوں پہ ہے رنگ حنائے مشکبو
جم گیا ہے اِس طرف ہر اک ہتھیلی پر لہو
شعلہ خو خطبات سے باطل کی اڑتی دھجیاں
ظلم کے رخسار پر ہیں ثبت پانچوں انگلیاں
ہائے وہ سادانیاں اور اس طرح با صد حجاب
خاک کو پرچھائیاں جن کی بنا دیں آفتاب
ہائے وہ شہزادیاںؐ بازار میں گریہ کریں
جن کی خاک پا پہ سجدہ مریم و حوا کریں
بام پر مصروفِ نظارہ سبھی مردہ خدا
اور سرِ بازار جلوہ کیش اک زندہ خدا
کون سا کینہ بھرا ہے سینہ ایام میں
خون سے کھیلی گئی ہولی دیارِ شام میں
غم زدہ سجادؐ پر ہیں اٹھ رہی سب انگلیاں
ذرہ ذرہ ظلم کی دہرا رہا ہے داستاں
جانے کیوں خاموش ہے خالق تمہارا انتقام
تیری تیغِ انتقام ہے آج کیوں وقفِ نیام
ان غریبوں کا جہاں میں منتقم کوئی نہیں
خوں بہا مانگے جو ایسا منتظم کوئی نہیں
کیا مشیت اس قدر بے رحم ہے بے درد ہے
آج تک سادانیوںؐ کا روئے انور زرد ہے
جن سے دنیا چھین لے خوشیاں ، حقوقِ زندگی
کیا انہیں تو بھی کبھی دیتا نہیں کوئی خوشی
تیرے لَولا کَ لِمَا کے فلسفے کو کیا ہوا
تو نے کیا دیکھا نہیں یہ گرم خوں بہتا ہوا
ان غریبوں سے تمہارا کیا کوئی رشتہ نہیں
اِن سے جو ہیں بے سہارا کیا کوئی رشتہ نہیں
واقعی تیرا کوئی رشتہ نہیں سادات سے
تجھ کو ہمدردی نہیں ہے پاک مستوراتؐ سے
جس کا رشتہ ہے تعلق ہے تو اس کا پیار دیکھ
پردہ ئِ غیبت میں اس کا گریہ ئِ خونبار دیکھ
اس کے سینے میں دہکتا درد کا طوفان دیکھ
اس کے ہونٹوں پہ تو ندبوں کو ذرا مہمان دیکھ
جس میں ہے اپنائیت احساس کا تازہ لہو
اس کی آنکھیں خونِ دل سے ہیں ہمیشہ با وضو
جس کا ہے رشتہ ہے اس کے دل میں جلتا انتقام
اور ہے اس کی تیغ پر تیری مشیت کا نیام
میرے خالق اب تو دے اس ذات کو اذنِ خروج
خاک میں ملتا ہوا پھر دیکھ باطل کا عروج
اس لٹے گھر کا بھی حق ہے تو انہیں آباد کر
اور عدو اس گھر کے خالق سب کے سب برباد کر
ان کا بھی خوشیوں پہ حق ہے ان کو دے ابدی خوشی
اپنے بیٹوں کی خوشی دیکھے ہر اک بنتؐ نبیؐ
دیکھ جعفرؐ کا ہے یہ کتنا اپیلنگ مدعا
اب سنا دے آلِؐ اطہر کے تو حق میں فیصلہ
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار