

اِلٰہ آخر و اے خالق حیات و ممات
ہے تیری دین میری زندگی ، پہ واپس لے
ہر ایک سانس میرا اپنی سمت لوٹا لے
تیری عطا ہے میری ہر خوشی ، پہ واپس لے
تو میرے خون کی ہر بوند بوند لے مجھ سے
تیرا کرم ہے میری شاعری ، پہ واپس لے
تو میری نبض کی حرکت یہ دھڑکنیں لے لے
مجھے عزیز تھی یہ آگہی ، پہ واپس لے
تو میری آنکھوں کو پتھرا دے ہونٹ ساکن کر
تمہاری بھیک ہے یہ تازگی ، پہ واپس لے
تو میرے جسم سے اک دم نچوڑ لے جیون
ہے گرم اس سے میری شہ رگی ، پہ واپس لے
مگر یہ مشعل حق تا ابد رہے روشن
درخشاں اس سے ہمیشہ رہے حسین آنگن
اے ربِ آلِ محمدؐ اے ربِ کون و مکاں
تو اپنی بخشی ہوئی کائنات واپس لے
تو میری جاں کی رمق کو بھی منتشر کر دے
تو میرے ہونٹوں کی ہر ایک بات واپس لے
بکھیر دے تو میری زندگی کا شیرازہ
یہ میرے سانس متاع حیات واپس لے
میری جوان امنگوں کوں نذر آتش کر
شباب و حسن کی آتی برات واپس لے
میرے دماغ کو مفلوج کر کے برفا دے
میرے وقار سے یہ شرفِ ذات واپس لے
فنائے ذات فنائے وجود و فکر و خرد
میرے مزاج کا شوق ثبات واپس لے
مگر یہ رونق بزم کرم سلامت ہو
اور سایہ اس کا زمانے پہ تا قیامت ہو
اے تاجدارِ حقیقت اے منعم و مفضل
مجھے ذرا بھی نہیں جان و مال کی خواہش
نہ اجر مدح سرائی نہ اجر شعر و قلم
نہ تخت و تاج نہ اوجِ کمال کی خواہش
نہ تیری جنت و کوثر نہ حور و قصر و قصور
امر شباب نہ حسن و جمال کی خواہش
ہے میرے دل کی تمنا میرے کریمؐ کی ذات
فدا ہے اس پہ میرے ہر خیال کی خواہش
سلامتی کی ضمانت دے میرے وارثؐ کی
ہے دل میں پلتی تو صرف اک سوال کی خواہش
تو سایہ رکھ میرے سر پہ ہمیشہ مرشدؐ کا
اور کر دے پوری میرے لاج پال کی خواہش
میرے کریمؐ کو تو عمر جاویداں دے دے
اور سر پہ والیؐ ئِ خضرا کا سائباں دے دے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار