

آقاؐ کی محبت کے جذبوں میں جِلا رکھنا
امید کے پھولوں کو ذہنوں میں سجا رکھنا
دکھ درد کی آندھی میں کہیں آس نہ بجھ جائے
تم اپنی امنگوں کو بیدار سدا رکھنا
تاخیر کی صورت میں مایوس نہ ہو جانا
تم آس کا ہر دیپک پلکوں میں جَلا رکھنا
تم دنیا کی لذت میں مشغول نہ ہو جانا
محبوب کے چہرے کو آنکھوں میں سجا رکھنا
ہے رات بہت لمبی دکھ ٹوٹ کے برسیں گے
تم آس کو سینے کا تعویذ بنا رکھنا
بے حوصلہ مت ہونا اِس رات نے کٹنا ہے
اشکوں کے دئیے رکھنا آہوں کی ضیا رکھنا
غافل نہ کبھی ہونا یوں عمر بسر کرنا
راہوں پہ نظر رکھنا ہونٹوں پہ دعا رکھنا
اک روز تو لگنا ہے خوشیوں کا یہاں میلہ
آقاؐ کیلئے تم بھی چند خوشیاں بچا رکھنا
موت آنے سے انساں کا جیون تو نہیں مٹتا
تربت میں بھی ہونٹوں کو مصروفِ دعا رکھنا
دیدار کی حسرت کو کہیں دفن نہ کر دینا
تم قبر کے پھولوں میں آنکھوں کو بسا رکھنا
یوں جذبوں کی سچائی جعفرؐ ہو امنگوں پر
محبوب کی راہوں پر تم پلکیں بچھا رکھنا
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار