

جنموں سے ہم تیرے ملن کی آس لگائے بیٹھے ہیں
تیری راہوں پر ہم کب سے نظر بچھائے بیٹھے ہیں
ہر سو ہے گھنگھور اندھیرا رستہ تجھ کو بھول نہ جائے
اس رستے پر ہم تو اپنا آپ جلائے بیٹھے ہیں
تیرے استقبال کی خاطر سارے لوگ کریں گے کیا کیا
ہم تو اپنی امیدوں کے ہار سجائے بیٹھے ہیں
سوکھ رہی ہیں آس کی کلیاں آنا تجھ کو بھول گیا ہے
ہم ان کلیوں کو اشکوں کے عطر پلائے بیٹھے ہیں
دیکھو تمہارے آتے آتے یہ آنکھیں پتھرا نہ جائیں
ان آنکھوں میں ہم تو تمہاری آس بسائے بیٹھے ہیں
دھیرے دھیرے ٹوٹ رہی ہیں امیدوں کی کومل کلیاں
اس پت جھڑ میں پھر بھی ہم کچھ پھول کھلائے بیٹھے ہیں
نا امیدی کفر ہے جعفرؐ لیکن یاس کی اس آندھی میں
تیری آس لگا کر ہم ایمان بچائے بیٹھے ہیں
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار