

یہ کون بیتِ خدائے واحد میں مثل واحد براجماں ہیں
ہیں کون فخرِ نمودِ آدم جو آج مسجودِ قدسیاں ہیں
یہ کس کی بھاری دراز پلکوں میں چشمِ قدرت چھپی ہوئی ہے
اور قبلۂ کل کی پاک مستک پہ کس کے قدموں کے یہ نشاں ہیں
یہ کس کے ہونٹوں کی بھیگی بھیگی سی مسکراہٹ ہے حشر گستر
یہ کس کی آمد سے لات و عزّا کے کل تخیل دھواں دھواں ہیں
یہ کس کے ہاتھوں کی ایک جنبش کا رہن ہے یہ ثبات ہستی
یہ کس کی نازک سی قدر پیما قضا تصرف سی انگلیاں ہیں
یہ مہد میں کن لطیف ہونٹوں سے رِس رہا ہے کلامِ قدرت
یہ کون وحدت صفات ہیں جو کہ شجرِ ایمن کے ہم زباں ہیں
یہ کس دہن کی صبوحیوں میں ہے وحی کا حل شدہ مرکب
یہ کس کی شاہراہِ نطق پر اب رواں صحیفوں کے کارواں ہیں
تعارف ان کا کرائے گا کون؟ کیونکہ جعفرؐ تو بے خبر ہے
جنھیں خبر ہے انہیں بلاؤ خدا کہاں ہے؟ نبی کہاں ہیں ؟
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار