

کرم امڈا تو سوچوں نے جواہر کے عدن اوڑھے
کئی خورشید اترے نورِ اول کی کرن اوڑھے
کہیں سوچے ہوئے مفہوم کو الفاظ پہنائے
کہیں الفاظ کا مفہوم اترا پیرہن اوڑھے
کبھی افسردگی اور بے ثباتی کے سمندر میں
تخئیل بر سرِ امواج دردوں کا کفن اوڑھے
کبھی زخم دہن سے سرخ لفظوں کا لہو ٹپکا
کبھی خلدِ خرد سے لفظ کود آئے چمن اوڑھے
کبھی حرفوں کا دامن آتشِ دل نے جلا ڈالا
کبھی گورِ جنوں سے فکر نکلی جملہ فن اوڑھے
کبھی اشعار نے سرگوشیاں کیں خلوتِ غم میں
کبھی نظمیں تخئیل میں در آئیں انجمن اوڑھے
کبھی ناسورِ نوکِ خامہ سے تازہ لہو برسا
کبھی خورشیدِ فکر ابھرا تو انجانے گہن اوڑھے
کبھی ہم بے نیازِ آمد و آورد تھے جعفرؐ
کہ جب الفاظ اترے عرش سے ہر بانکپن اوڑھے
عشرہ ء کاملہ پہ کی جو نظر … عشر امثلھا کے در پائے
خاکِ پا ان کی میں تو چوموں گا … جو محمودی قلب حر پائے
اہل جس گھر کے باقر و جعفر … گھر کا گھر طالب حسینؐبنا
دل منور ہو کیوں نہ محمودی …ہادی حیدر کا نور عین بنا
میرا ایماں ہے نبی زادے … آپکی شاعری ہے الہامی
لاکھ نفرین کذب گوئی پر … ہے میری یہ حقیقت آشامی
کمسنی میں یہ عظمتِ سخنی …کیوں نہ قرباں ہو روح بسطامی
فارسی کی حسین بندش پر …داد دیتے ہیں حافظ و جامی
نیک ماں باپ دیکھتے ہیں سدا… نیک بچوںکی نیک انجامی
ان کی کوئی کرے حمایت کیا …جن کے اثنا عشر ولی حامی
آپ نے مجھکو نامور سمجھا…ورنہ میں اور کنج گمنامی
آیا محمودی پر دکھائے گا… آپکی شاعری میں کیا خامی
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار