

نامِ خالق سے کروں میں ابتدا
جس کی ہو سکتی نہیں مدح و ثنا
بعدہ ذکرِ رسولِؐ دوسرا
پھر ہو ذکرِ عترت خیر الوریٰ
ہیں یہ ہادی دو جہاں کے واسطے
راہبر کون و مکاں کے واسطے
ہے عروسِ نظم حیدؐر کی ثنا
بالیقیں ہیں وہ اماؐمِ اتقیا
ہیں نبیوں کے وہی مشکل کشا
ہیں ملائک کیلئے یہ پیشوا
دو جہاں کا طور ان کے دم سے ہے
اور دمِ عیسیٰ انہی کے دم سے ہے
عرض کرتا ہوں سدا تم سے حزیں
آپ ہی کے دم سے قائم ہے زمیں
آپ ہیں مہر نبوت کے نگیں
گر کرم تیرا نہیں کچھ بھی نہیں
مبدۂ اسلام ہو احساں کرو
ایک ذرہ ، نیّرِ تاباں کرو
دو جہاں پر ہے عنایت آپ کی
مہر و مہ پر ہے سخاوت آپ کی
پھول میں پنہاں طراوت آپ کی
انبیاء کو بھی ہدایت آپ کی
چاند تاروں پر ترے احسان ہیں
مرغزاروں پر ترے احسان ہیں
آپ نے بخشا ہے ہر شے کو اثر
آپ کی ضو سے نکھرتی ہے سحر
حمد کرتے ہیں ترے شیریں ثمر
رات دن رہتی ہے ہر اک کی خبر
وصف ہو سکتی نہیں تیری بیاں
مہر تاباں ، اور یہ ذرہ کہاں
اپنے مقصد کی طرف آتا ہوں میں
فیض تیرے در سے نت پاتا ہوں میں
گیت تیرے رات دن گاتا ہوں میں
واقعہ اک اور سنواتا ہوں میں
اس کے راوی ہیں سلیماں بن بشیر
وہ سناتے ہیں یہ قصہ بے نظیر
مجھ کو موؐلا نے بلایا ایک دن
شاؐہِ دیں تھے صحن میں جلوہ فگن
مجھ سے فرمانے لگے شاؐہِ زمن
دیں کے مولا والد شاہِ حسنؐ
بات میری سن ذرا اے مرد نیک
تیرے ذمے کام میں کرتا ہوں ایک
آج ہی بغداد ہے جانا تمہیں
کام میرا کر کے ہے آنا تمہیں
راز ہے اک اور بتلانا تمہیں
اہل اس کا میں نے ہے جانا تمہیں
جا کے تم بغداد میں کرنا دھیان
عَمر نامی ایک رہتا ہے جوان
آئی ہیں کافی کنیزیں اس کے پاس
ان کنیزوں میں سے ہو گی اک اداس
پھر بتایا اس کو سارا اقتباس
ان کو لانا ہے یہاں اے حق شناس
لے کے کیسہ زر کا وہ فوراً اٹھا
چل پڑا بغداد کو عبد خدا
جب گیا بغداد میں وہ ذیوقار
ہو گیا وہ راز اس پر آشکار
عَمر سے کہتی تھی بی بی بار بار
غیر محرم تو ہے ، میں ہوں پردہ دار
جب سلیماں نے اسے آگاہ کیا
عَمر بولا ہوں میں راضی بر رضا
جا کے بی بی سے وہ بولا نیک خو
موؐلا کرتے ہیں تمہاری جستجو
آئی بر بی بی کی جو تھی آرزو
خشک تھا جس غم سے بی بی کا لہو
عَمر سے بولی وہ بی بی با صفا
اس کے ہاتھوں بیچ دو بہر خدا
کیسہئِ زر پھر سلیماں نے دیا
ساتھ اپنے اس نے بی بی کو لیا
سامرہ کی سمت فوراً چل پڑا
عرض کی کیا ہے تمہارا واقعہ
آپ آئے کس طرح بغداد میں
مصدرِ فرعونیت بیداد میں
بی بی بولی ہے ملیکہؐ میرا نام
روم کا جو ملک ہے ذی احتشام
میرا دادا اس کا ہے شاہِ مدام
باپ میرا ان کا ہے قائم مقام
دھوم عالم میں ہے جس دربار کی
میں ہوں شہزادی اسی سرکار کی
جب میرے سر سے ہوا بچپن رواں
میرے دادا کو ہوا اس کا دھیاں
کر لیا سامانِ شادی بے گماں
مجھ سے فرمانے لگے اے میری جاں
جو کہ چچا زاد بھائی ہے ترا
تو میری پوتی ہے ، وہ پوتا مرا
چاہتا ہوں ہو تری شادی وہاں
جائے یہ محنت نہ میری رائیگاں
ماشا اللہ ہو گئی ہے تو جواں
کر دو شادی کیلئے بس ایک ہاں
ہو چکا ہے کام اب ہر اک تیار
میں ہوئی قصہ یہ سن کر بے قرار
میں رہی خاموش اور مجبور تھی
مرد تھے وہ اور میں مستور تھی
شاہی دادا کی بہت مشہور تھی
بات یہ عالم میں بھی منشور تھی
ختم کرتی ہوں فسانہ ہے طویل
بات طولانی ہے اور وقت ہے قلیل
اس سے جب ہونے لگا میرا بیاہ
جمع تھے ہر مملکت کے بادشاہ
دھوم خوشیوں کی تھی تا حدِ نگاہ
بادشاہ آئے محل میں بے پناہ
تخت زریں درمیاں لایا گیا
اسقفوں کو جلد بلوایا گیا
مجتمع جب ہو گئے سب آدمی
چھا گئی ہر سو انوکھی تازگی
یک بیک گویا قیامت آ گئی
ہو گئی کافور چہروں سے خوشی
سارا سامانِ خوشی ابتر ہوا
تخت زریں مڑمڑا کر گر پڑا
اس کو سمجھا ہر کسی نے فال بد
جو کہ خوشیوں کیلئے کرتے تھے کد
وہ بھی کرنے لگ گئے مجھ سے حسد
وہ میری ہر بات کو کرتے تھے رد
کہتے تھے شادی کی بد نکلی ہے فال
آنے والا ہے مسیحوں پر زوال
بعد اس کے اس کا بھائی اور تھا
عقد میرا اس سے پھر ہونے لگا
پھر مسرت چھا گئی بے انتہا
ڈھول باجے بج رہے تھے جا بجا
قصر شاہی ہو گیا آراستہ
ہو گیا ہر اک بشر پیراستہ
پھر لگایا ایک تخت زر نگار
جس سے تھی اک صنعت حق آشکار
ہو گیا وہ تخت زریں جب تیار
چرخ کرتا تھا وہاں انجم نثار
تخت پر نوشہ کو بٹھلایا گیا
پاپائے روما کو بلوایا گیا
پھر وہ ہیبت سب کا دل دہلا گئی
میں نے سمجھا اک قیامت آ گئی
تیرگی دنیا پہ یک دم چھا گئی
آسماں کانپا زمیں تھرا گئی
گر پڑا وہ تخت اک پل میں تمام
درہم و برہم ہوا سب انتظام
میں اٹھی حجلہ عروسی چھوڑ کر
اپنا رخ سارے جہاں سے موڑ کر
ساری رسمیں اپنے دیں کی توڑ کر
رشتہئِ دل دین حق سے جوڑ کر
دل میرا مسرور تھا اس بات سے
پیار میرا بڑھ گیا اک ذات سے
رک گئی تقریب شادی جس گھڑی
میں محل میں آ کے فوراً سو گئی
پھر بھی میں اتنی صدا دیتی رہی
تلخ میری ہو چکی ہے زندگی
بینا و دانا ہے تو میرے کریم
نحس کہتے ہیں مجھے اہل جہیم
میں نے کی خالق سے یہ آ کر صدا
عاجز و ناچیز ہوں میرے خدا
بے سہاروں کا ہے جب تو آسر
آپ کر دیں فکر سے مجھ کو رہا
دل قوی ہوتا ہے تیرے ذکر سے
کر مجھے آزاد رنج و فکر سے
میں نے دیکھا نیند میں پھر ایک خواب
آ گئے فخرؐ رسل عالی جناب
عیسیٰ و شمعون بھی تھے ہمرکاب
مجھ سے کرتے ہیں میرے آقا خطاب
تم نہ گھبراؤ کہ ہم ہیں آ گئے
جان لو ابر کرم ہیں آ گئے
ان کو دیکھو جد تری شمعون ہیں
ان کو دیکھو سیدؐہ خاتون ہیں
یہ حسنؐ ہیں جو کہ میرا خون ہیں
ان کے جو دشمن ہیں سب ملعون ہیں
تجھ کو لینے آیا ہوں ان کیلئے
تیری شادی رک گئی جن کیلئے
ان کو پہچانو یہ ہیں عیسیٰ نبی
ان کو دیکھو ہیں یہی مولا علیؐ
باقی جو دس ہیں وہ ہیں میرے وصی
ساتھ ہی پردے میں ہے بنت نبیؐ
پھر یہ فرمایا انہوں نے اے مسیح
مدعا اپنا تو ہے بالکل وضیح
ہنس کے فرمایا کہ اے عیسیٰ نبی
میں سناتا ہوں تجھے حکم جلی
حضرت شمعون ہیں تیرے وصی
یہ ہیں ان کے باغ کی اعلیٰ کلی
مانگتا ہوں اپنے ماہ رُو کیلئے
اپنے اس فرزند خوش خو کیلئے
یہ اشارہ تھا سوئے مولا حسنؐ
میں نے دیکھا جانب غنچہ دہن
تھے مسیح شمعون سے محو سخن
باغِ نبوی کے ہیں یہ سروِ چمن
بولے یہ شمعون ہے مجھ کو قبول
اب کریں تزویج ان کی خود رسوؐل
پھر رسوؐل پاک نے خطبہ پڑھا
عیسیٰ و شمعون بھی شاہد بنا
میں ہوئی حیران کیا ہے ماجرا
جاگنے پر تھی خوشی بے انتہا
کر سکی نہ میں کسی کو اس کا ذکر
زندگانی کی مجھے لاحق تھی فکر
اس طرح گزرے کئی یوں روز و شب
پھر مجھے ہونے لگا جاں کا تعب
ہو گئی بیمار میں تھی جاں بلب
سب نہیں تھے جانتے اس کا سبب
دن بدن ہوتی گئی میں نیم جاں
فکر یہ تھی کب میں پہنچوں گی وہاں
میں نے کی دادا سے اک دن التجا
جو مسلماں قید ہیں ، کر دیں رہا
یہ بھی ممکن ہے ملے مجھ کو صلا
شاید اس ہی سے ملے مجھ کو شفا
میرے دادا نے سنا جب یہ کلام
کر دئے آزاد وہ قیدی تمام
ہفتہ دو کے بعد دیکھا میں خواب
آئی ہیں یاں سیدؐہ عالی جناب
آ کے مریم نے کیا مجھ سے خطاب
تیرے شوہر ہیں انہیں کے ماہتاب
عسکریؐ ذیشان کی مادر ہیں یہ
معدنِ دیں طاہر و اطہر ہیں یہ
میں لپٹ کر روئی ان سے زار و زار
آپ کے فرزند جو ہیں ذی وقار
جن کے غم میں میں رہی ہوں بے قرار
حال تک میرا نہ پوچھا ایک بار
آئے نہ میری عیادت کیلئے
کیوں نہیں آئے ہدایت کیلئے
ہنس کے بولیں بی بیؐ مجھ سے مرحبا
ایک باعث تھا جو دوں تم کو بتا
کلمہئِ توحید کر دل سے ادا
پھر وہ آئیں گے تجھے ملنے سدا
جب پڑھا کلمہ تو آنکھیں کھل گئیں
کلفتیں ساری کی ساری دھل گئیں
پڑھ کے پھر صَلِّ علیٰ سوئی وہاں
عالمِ رویا میں دیکھا یہ سماں
آئے ہیں ملنے مجھے شاؐہِ جہاں
عرض کی میں نے کہ رہتے ہو کہاں
آپ ملنے بھی نہ آئے کیوں مجھے
ہر گھڑی میں یاد کرتی تھی تجھے
مجھ سے پھر بولے وہ شاؐہِ نامدار
ہو رہا ہے یاں سے اک لشکر تیار
اور کنیزیں ان میں ہوں گی بے شمار
تم بھی حلیہ ان کا کرنا اختیار
حافظ و ناصر خدا ہے آپ کا
نگہباں خالق سدا ہے آپ کا
نور کے تڑکے ہوا لشکر تیار
میں ہوئی جملہ کنیزوں میں شمار
کر لیا حلیہ انہی کا اختیار
جب ہوئی ان کو مسلمانوں سے ہار
فاتحوں نے پہلے مال و روز لیا
پھر گرفتار آ کے ہم سب کو کیا
یوں ہوئی میں اپنے ہی گھر سے جدا
عَمر تک پہنچی یہی تھا ماجرا
عرض یہ اس دم سلیماں نے کیا
کس نے دی تھی آپ کو عربی پڑھا
بولیں عربی تھی پسند آئی مجھے
اک معلمہ نے تھی سمجھائی مجھے
سامرہ میں لایا جب وہ نیک خو
پایا بی بیؐ نے کمالِ آبرو
کرتی تھی دن رات جن کی جستجو
جن کی چاہت تھی ، کھڑے تھے رو برو
شہؐ نے فرمایا کہ سن اے پردہ دار
اشرفی دیتا ہوں تجھ کو دس ہزار
کر دیا آزاد میں نے اس کے بعد
جانتا ہوں میں تمہاری روئیداد
زادِ راہ کرتا ہوں میں اس سے زیاد
جائو پھر تم سمت روما شاد شاد
کوئی روکے گا نہیں جب جائو گی
کہتا ہوں آرام گھر میں پائو گی
دوسری جو بات ہے وہ ہے یہی
میرے ماہ رو کی کرو تم زوجگی
ان سے پیدا ہو گا میرا اک وصی
ہو گا بالکل جو کہ ہم شکل نبیؐ
عدل گیتی پر وہ یوں پھیلائے گا
ابر رحمت دہر پر چھا جائے گا
میں نے کی یہ عرض دل مسرور ہے
راج سے یہ نوکری منظور ہے
آپ کی قربت سے ہر غم دور ہے
آپ کی الفت سے دل معمور ہے
میں رہوں گی آپ کے در پاک پر
یہ کریں فیضان مشت خاک پر
لائے مجھ کو گھر میں پھر شاؐہِ جہاں
گھر میں تھا گویا کہ جنت کا سماں
میں پہنچ کر خوش ہوئی اتنی وہاں
جس طرح عیسٰی با اوجِ آسماں
جشن کی تیاریاں ہونے لگیں
چرخ برنا ہو گیا سنوری زمیں
ہو گیا میرا بیاہ ذیشان سے
یازدہم مظہر یزدان سے
درد سب جاتے رہے درمان سے
وجد میں انجم تھے شب کی تان سے
میں ہوئی شہزادی ، وہ تھے شاہ دیں
میں تھی مہر روم ، وہ میرے نگیں
جب ہوا شادی کا گھر میں اہتمام
کر رہے تھے خود ملائک انتظام
بٹ رہے تھے بزم میں کوثر کے جام
جامِ کوثر پی رہے تھے خاص و عام
دیکھ کر کوثر کا جامِ لالہ زار
آ گیا گلشن میں لالہ کو خمار
ہو گیا ساماں عروسی جب تیار
تھے سبھی ملبوس وہ جوہر نگار
رقص فرما تھی وہاں صبح بہار
راز جنت ہو گیا تب آشکار
زندگانی میں تھی خوشیوں کی مہک
گوشہئِ دل میں نہ تھی غم کی کسک
یا اِلٰہی یہ دعائیں کر قبول
شاد ہو ملکہ و فرزند رسوؐل
پر مسرت ہو سبھی آلِؐ رسول
اور ہو جعفرؐ کو تمنا کا حصول
پوری جعفرؐ کی یہی فریاد ہو
مادؐرِ شاؐہِ زمن آباد ہو
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار