

شہزادیئِ مریخی و اے ملکہ پلیاد
باشندہ خلاؤں کی سیاروں کی تو ایجاد
اے حسنِ سما پیکر یک غمزۂ آزاد
دنیا سے بہت دور کسی شہر میں آباد
آئی ہے اڑن طشتری تیری جو زمیں پر
اک زلف سی لہرائی ہے دھرتی کی جبیں پر
تو ایک عجوبہ ہے یا مریخ کا اعجاز
سائنس کی ترقی سے بھی اوجھل ہیں ترے راز
دھرتی کی خرد سے تو ہے اونچی تری پرواز
چیلنج ہے زمیں والوں کو حق میں تری آواز
سب کچھ تو بتا کر بھی ابھی سرِ نہاں ہے
الجھا ہوا اس گیتی کے انساں کا گماں ہے
ذہنوں کے سبھی گوشوں میں اک حشر بپا ہے
تو سب کیلئے معجزۂ ارض و سما ہے
تو نور ہے یا خاک ہے تو کون ہے کیا ہے؟
سمیاس تو عورت ہے یا پریوں کی ادا ہے
کیوں اتری ہے تو ساکن افلاک ، زمیں پر
ہے عقل بشر دنگ تیرے جسم حسیں پر
اب تیرے ثنا خوان ہیں مغرب کے جرائد
کہتے ہیں سبھی اہل جہاں تیرے قصائد
بے سود ہوئے جاتے ہیں مذہب کے فوائد
اب سوچ کے تالوں میں تڑپتے ہیں عقائد
مذہب تیرا معلوم نہیں ، دین تیرا کیا
کیا تیری عبادت ہے اور آئین تیرا کیا
ہے کون نبی تیرا ، تو یزداں ہے تیرا کیا
ہیں کون آئمہ تیرے ، قرآں ہے تیرا کیا
مسجود تیرا کون ہے ، ایماں ہے تیرا کیا
اور نیکی برائی کا بھی عنواں ہے تیرا کیا
تو موت پہ قادر ہے ، حقیقت ہے تیری کیا
اعمال کی پرسش پہ قیامت ہے تیری کیا
آدم کی سب اولاد تو دنیا میں ہے آباد
اس بابائے آدم کا تو شجرہ ہے مجھے یاد
اور کون سے آدم کی تو سمیاس ہے اولاد
آدم کے زمانے سے ہے صدیوں کی یہ تعداد
بس سات ہزار اس کے برس ہوں گے کم و بیش
سائنس میں ہے تو سیزدہ ہزار برس پیش
قرآن میں جس آدمِ خاکی کا بیاں ہے
سروؐر سے وہ پچاس ہی پشتوں پہ عیاں ہے
ان صدیوں سے آگے تو وہ بے نام و نشاں ہے
لیکن تیرے آدم کا بتا ذکر کہاں ہے
جاتا ہے گماں جب تیرے اجداد کی جانب
انسان لڑھک جاتا ہے الحاد کی جانب
آدم کا جنم اسی (80) ہی صدی کے ہے اندر
اور تیری ترقی تو ہے کچھ سو سے بھی اوپر
کہتے ہیں یہ آثارِ قدیمہ کے مُحَصِر
ہیں لاکھوں برس کے یہاں آبادی کے کھنڈر
ہے سوچ سے بالا کہ وہ تھے کون سے افراد
اس آدم قرآنی سے پہلے تھے جو آباد
وہ کون تھے اور کیا تھے یہ معلوم نہیں ہے
سب کہتے ہیں صدیوں سے ہی آباد زمیں ہے
آثارِ قدیمہ کی نظر دور کہیں ہے
کئی لاکھوں برس پہلے کا انسان مکیں ہے
نیوٹن کے تخئیل کی پری سوچ سے روپوش
اسلام بھی خاموش ہے اور کفر بھی خاموش
قرآن تو کہتا ہے بنا ایک تھا آدم
جو اسی (80) ہی صدیوں کے ہے اندر بنا آدم
پیش اس سے بھی ہے دوسرا ثابت ہوا آدم
پلیاد پہ مریخ میں ہے اک تیرا آدم
پلیاد کا اور دھرتی کا آدم جو جدا ہے
ہم ایک سے انسان ہی ہیں ، راز یہ کیا ہے؟
رنگ ایک ہے ، خوں ایک ہے ، انداز و ادا ایک
ہیں ایک خد و خال اور آنکھوں کی ضیا ایک
ہیں فکر و نظر ، صورت و سیرت میں سدا ایک
تعداد میں اعضاء بھی ہیں انسان نما ایک
ان بھول بھلیوں میں میری عقل پھنسی ہے
شاید یہ میرے دین پہ فطرت کی ہنسی ہے
اے کاش تو سمیاس مجھے اتنا بتاتی
تو اپنے مذاہب ہی کی راہ مجھ کو دکھاتی
تو اپنے حقائق سے میرے عقل میں آتی
تو جھوٹے مذاہب سے میرا پیچھا چھڑاتی
سائنس کی ہر اک بات ہے اسلام کی رد میں
مذہب بھی پناہ لیتا ہے الحاد کی حد میں
لکھا ہے حدیثوں میں یہ ہے آلؐ کا فرماں
آدم تو ہزاروں ہیں ، جو ہیں والد انساں
ہم چودہ نے ہر ایک کی مشکل کی ہے آساں
ان سب کے ہر اک حال میں تھے ہم ہی نگہباں
شاید اسی فرمان کی تائید ہے یہ بات
سمیاس تیری گیتی کے بندوں سے ملاقات
اب تو ہی بتا کون سا رکھوں میں عقیدہ
ہر مکتبہئِ فکر ہے عصیان گزیدہ
سائنس کی ترقی میں ہیں اذہان دویدہ
فرسودہ خیالات کا دامن ہے دریدہ
خود ساختہ اسلامی گھروندے ہیں تہہ آب
ہے جہل کو چندھیاتی حقائق کی تب و تاب
اے کاش کوئی پائے میری بات کی تھاہ کو
توفیق ملے اتنی سی عالم کی نگاہ کو
اور دیکھے کوئی حق کی حسیں شہر پناہ کو
ہموار کرے کوئی کنایات کی راہ کو
جعفرؐ یہ خزانہ تو ابھی زیر زمیں ہے
اندھا جو نہ دیکھے ، تو قصور اس کا نہیں ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار