

عاشور کا دن حشر فزا عرصۂ محشر
اک نقطے پہ مرکوز ہوئی دھوپ سمٹ کر
کیفیت زلزال ہوئی عرشِ بریں پر
اور آبلے ٹیلوں کے تھے دھرتی کے بدن پر
گرمی کی وہ شدت کہ جلا دشت کا سینہ
بہنے لگا پیشانیئِ دجلہ سے پسینہ
پھرتی تھی ہر اک سمت میں لو خاک اڑاتی
سورج کی تمازت بھی تھی کرنوں کو جلاتی
حدت سے دہکنے لگی صحرائوں کی چھاتی
اور گرم ہوا پھرتی تھی شعلے سے اٹھاتی
چھن چھن کے درختوں سے گرے کرنوں کے جالے
اشجار کے سایوں پہ پڑے دھوپ سے چھالے
تھے دشت میں بکھرے ہوئے ہر سمت انگارے
لاوے تھے سرابوں کے تو ذروں کے شرارے
پانی میں نہانے لگے دجلہ کے کنارے
خنجر کی نکل آئی زباں پیاس کے مارے
شمشیر نے سرد آب نیامی میں پناہ لی
اور کرۂ آبی کی ہر اک ابر نے راہ لی
لب جلتے تھے سرد آہ اگر کھینچی کسی نے
رک جاتی تھی گر ایک نظر کھینچی کسی نے
داغ آتا تھا گر تیغ و تبر کھینچی کسی نے
سورج سے بھی سائے کی سپر کھینچی کسی نے
پانی پہ حبابوں سے پڑے آبلے یکدم
اور جل کے سیاہ ہونے لگا شام کا پرچم
خیمے وہ ادھر آلِ محمدؐ کے سرِ دشت
شعلوں کے مد و جزر میں تطہیر کا گلگشت
تقدیس بڑے ناز سے کرتی تھی جہاں گشت
گلہائے محمدؐ تھے سرابوں کے یہ طشت
اک سمت ضیا بار تھا شبیرؐ کا خیمہ
تھا پہلو میں آراستہ ہمشیر کا خیمہ
میدان میں اک معرکہئِ حشر بپا ہے
واپس نہیں لوٹا ہے وہاں جو بھی گیا ہے
تعداد میں لاکھوں کی ، ادھر قوم جفا ہے
اور مبنی بہتر پہ اِدھر فوج خدا ہے
انسان بھی سیراب نہ حیوان ہیں پیاسے
اور فوجِ خدا کے تو یہ نادان ہیں پیاسے
خیمہ ہے نبیؐ زادی کا پر درد ہے منظر
بیٹھی ہوئی ہیں بنت علیؐ فرش زمیں پر
بیٹھے ہوئے ہیں سامنے دو لعل برابر
کچھ زرد نظر آتے ہیں ان کے رُخِ انور
فرماتی ہیں بی بی یہ بلانے کا ہے مقصد
میں ماں ہوں تمہاری اے میرے عون و محمدؐ
ماحول کو دیکھو کہ بڑی سخت فضا ہے
اک جم غفیر آج بغاوت پہ تلا ہے
تنہا ہے میرا بھائی ادھر وقف جفا ہے
شبیرؐ ستم گیر چٹانوں میں گھرا ہے
یہ وقت ہے تم اب میرے جذبات کو سمجھو
اے میرے چہیتے ذرا حالات کو سمجھو
میں نے تمہیں تطہیر میں پروان چڑھایا
اور دشت میں سونے کا ہر انداز سکھایا
بچپن میں تمہیں دودھ جوانی کا پلایا
نت تم پہ رہا چادرِ تطہیر کا سایہ
مامور غلامی پہ ہو فرزند نبیؐ کے
عباؐس کے شاگرد نواسے ہو علیؐ کے
نانا نے مجھے ملکہئِ تطہیر کہا ہے
بابا میری تعظیم کو ہر بار اٹھا ہے
بھائی کا نگہباں مجھے اماں نے کہا ہے
قرآں میری تعریف میں خود نغمہ سرا ہے
بابا رہے نازاں مجھے سرہانے بٹھا کر
بھائی کریں تعظیم تو دستار اٹھا کر
کونین سے ممتاز شرف مجھ کو ملا ہے
تقدیس کو خود میں نے کنیزی میں لیا ہے
سجدہ میری دہلیز پہ ملکوں نے کیا ہے
پردہ میرے در پاک پہ دربان کھڑا ہے
کرتے ہیں سدا شرم و حیا میری حفاظت
تعظیم کو جھک جاتی تھی دستار رسالت
گو مرتبہ میں نے ہے زمانے میں یہ پایا
پھر بھی تمہیں آنکھوں پہ سدا میں نے بٹھایا
دکھ سکھ میں بڑے ناز سے ہر ناز اٹھایا
اور آنکھوں کے پلنے میں تمہیں جھولا جھلایا
اک پل بھی نہ تکلیف تمہاری تھی گوارا
پھر آپ کے کردار کی زلفوں کو سنوارا
ماں اپنی نہ سمجھو تو یہ احسان ہی جانو
تم اپنے لڑکپن کی نگہبان ہی جانو
نہ اور اگر کوئی میری شان ہی جانو
دکھ درد میں محصور پریشان ہی جانو
میں یہ تو نہیں کہتی میرا پردہ سنبھالو
اتنی سی گزارش ہے میرا بھائی بچا لو
حق دودھ پلانے کا میرا ایک یہی ہے
ہر حق جو ہے صرف اس کی اطاعت میں خفی ہے
ماموں بھی ہے سردار ہے فرزند علیؐ ہے
بیکس ہے مسافر بھی ہے مظلوم و اخی ہے
واللہ اماؐم عالم امکان کا یہ ہے
مختار میری روح میری جان کا یہ ہے
اب رشتوں کا معیار تو رشتوں سے اجل ہے
گر الفت مولا میں ذرا سا بھی خلل ہے
کوئی بھی نہیں رشتہ نہ رشتوں کا محل ہے
سن لو کہ حقیقت کا یہ قانون اٹل ہے
اب کوئی نہیں رشتہ بجز رشتہئِ الفت
تم میرے ہو تب جبکہ ہو موؐلا سے محبت
اے عونؐ و محمدؐ ابھی کچھ کر کے دکھاؤ
موؐلا پہ فدا ہونے کو میدان میں جاؤ
مسلمؐ کے پسر آئے ہیں تم سرخرو آؤ
جو باتیں تہہ قلب ہیں اظہار میں لاؤ
بچپن کی ، لڑکپن کی حدیں پھاند چکے ہو
آغازِ جوانی کے کٹہرے میں کھڑے ہو
بیٹھے تھے مؤدب یونہی سر دونوں جھکائے
ماں کی سنی تقریر تو آنسو نکل آئے
ننھے سے دلوں میں کئی بھونچال سے آئے
خاموش تھے وہ ملکہئِ تطہیر کے جائے
معصوم سے دو دل لگے اک ساتھ دھڑکنے
ہونٹوں پہ رکھا ہاتھ مراتب کی جھجک نے
پھر عونؐ نے خاموشی سے سر اپنا اٹھایا
دل دھڑکا ، گلا روندھا ، خوں آنکھوں میں بھر آیا
جذبات کا طوفان زباں پر سمٹ آیا
ہونٹوں پہ پڑا لرزہ کہا میرے خدایا
اک کپکپی طاری ہوئی جذبات کی رو میں
افکار لگے بہنے کسی بات کی رو میں
پھر دھیرے سے کی عرض کہ اے ملکہئِ امکاں
کس درجہ ہے افسردہ حضور آپ کا فرمان
اکبرؐ کی تو نعلین پہ قربان ہے صد جان
آپ اپنے غلاموں کیلئے کیوں ہیں پریشان
خیمے میں حضور آپ ہمیں آنے نہیں دیتے
رن میں ادھر آقاؐ ہمیں جانے نہیں دیتے
فرمائیے پھر آپ کہ کس سمت کو جلائیں
لینے کیلئے اِذنِ وغا کس کو بلائیں
اور آپ کا ارشاد ہے خیمہ میں نہ آئیں
ہم درد کی یہ بپتا بھلا کس کو سنائیں
تکلیف دہی معاف کرم کیجئے اماں
خود اِذنِ وِغا ماموں سے لے دیجئے اماں
غیرت سے ہوئے جاتے ہیں یہ قلب شرر بار
ہم ہوتے ہیں مسلمؐ کے یتیموں سے شرمسار
کاندھوں پہ یہ سر دونوں کو لگتا ہے گرانبار
آسان ہے اب موت نہیں جینے پہ تیار
ننھی سی امیدوں نے اثر کرنا ہے اماں
سر دینا ہے ، سر لینا ہے ، سر کرنا ہے اماں
فرمایا کہ یہ کام بھی کر لو تبھی جاؤں
سر اپنا کف دست پہ دھر لو تبھی جاؤں
آئینہئِ الفت میں سنور لو تبھی جاؤں
جذبہ کی صداقت میں نکھر لو تبھی جاؤں
کس شان سے لڑنا ہے بتا دوں تو میں جاؤں
کچھ جنگ کے انداز سکھا دوں تو میں جاؤں
اے عونؐ تو اس گھر میں ہے اک جعفرؐ طیار
خیمے میں سنوں بیٹے تری تیغ کی جھنکار
اے پیارے محمدؐ تو ہے اک حیدؐرِ کرار
شمشیر تری لپکے بہ اندازِ ذوالفقار
روباہ صفت لشکر کفار ہے بیٹے
خیبر ہی قوی عزم کا معیار ہے بیٹے
آراستہ ہوں گی جو صفیں فوجِ ستم سے
سطریں سی سمجھ لینا جو بنتی ہیں رقم سے
سر کاٹنے ہیں اس طرح اللہ کے کرم سے
الفاظ کٹے جاتے ہیں جس طرح قلم سے
گر شمر کو مارا تو میری عین خوشی ہے
کہتے ہیں میرے بھائی کا قاتل بھی وہی ہے
کچھ سوچ کے سر دونوں نے یک لخت اٹھایا
کی عرض مقدر نے اگر ساتھ نبھایا
کمسن ہیں مگر سر پہ ہے اللہ کا سایہ
دونوں نے سرِ دشت جو گھوڑوں کو دوڑایا
نیت تو یہی ہے کہ تمہیں شاد کریں گے
کفار کو اِس جنگ میں برباد کریں گے
اس شام میں ہم رنگ سحر لائیں گے اماںؐ
سرکاؐر سے جب اِذنِ وغا پائیں گے اماںؐ
ہم سلطنتِ کفر پہ چھا جائیں گے اماںؐ
اور معرکہئِ احد کو دہرائیں گے اماںؐ
ہم شان سے ٹکرائیں گے تلوار سے تلوار
ہم جعفر طیارؐ ہیں ہم حیدرِ کرارؐ
ننھے سے کلیجوں پہ غضب ہے یہ جسارت
خیموں کی طرف شوخ نگاہوں کی یہ جرأت
مظلومؐ کو دکھ دینا ہے کس درجہ شقاوت
مر جانا ہے آساں پہ نہیں ضبط کی طاقت
عالم کے شہنشاہؐ سے یوں بے ادبی ہو
کانٹوں میں اٹکتی ہوئی سرورؐ کی کلی ہو
قدموں پہ گرے ماں کے جو معصوم دلاور
وہ علقمہئِ عزمِ مسلسل کے شناور
آنکھوں میں اتر آیا لہو دل کا سمٹ کر
رونے لگی مادرؐ بھی اسی جذبِ وفا پر
بیٹوںؐ کو بھی اس شان سے سینے سے لگایا
دل ایسا بھر آیا کہ کلیجہ نکل آیا
بچوں سے کہا اٹھو تو ، ممتا کی دعا لو
ماموںؐ سے اور آقاؐ سے چلو اِذنِ وغا لو
واپس نہیں آنا مجھے سینے سے لگا لو
اچھی طرح یہ بات دماغوں میں بٹھا لو
پانا ہے تمہیں نصرتِ سرکاؐر سے معراج
اے بچو مرے دودھ کی رکھنا ہے تمہیں لاج
بھائی کی طرف لے کے چلی دُرِّ لآلی
تعظیم کو اٹھنے لگے خود سیدؐ عالی
کی عرض کہ آئی ہوں تری بن کے سوالی
در سے تیرے سائل کبھی جاتا نہیں خالی
حاضر ہیں یہ شہزادۂ کونینؐ کا صدقہ
یہ لعلؐ ہیں آقاؐ تیری نعلین کا صدقہ
کمسن انہیں سمجھا ہے اے سرکارِ زمانہؐ
کیا اِن کو شہید ہونے کے لائق نہیں جانا
فرمایا یہ کمسن بنیں دردوں کا نشانہ
اور جنگ کا انداز بھی ان کے نہیں آنا
کی عرض تصدق ہوں گے فرزند علیؐ سے
سر دینا بھلا سیکھنا پڑتا ہے کسی سے
کمسن ہیں اگرچہ یہ میرے گوہرِ نایاب
اکبرؐ کی غلامی میں پلے ہیں میرے مہتاب
گو آئے نہیں ان کو ابھی جنگ کے آداب
لیکن مرے تسکینِ تمنا کے ہیں صد باب
یہ حمزہؐ و جعفرؐ کی شجاعت کے امیں ہیں
عباؐس جواں ہے پہ یہ کم اس سے نہیں ہیں
اب مجھ پہ کرم کیجئے اور اِذنِ وغا دیں
اکبرؐ کا غلام آج انہیں پھر سے بنا دیں
شفقت سے روانہ کریں جرأت بھی بڑھا دیں
دشمن ہے جہاں اب میرے بچوںؐ کو دعا دیں
میں سرخرو ہو جاؤں کہ یہ سرخ قبا ہوں
ارماں میرے پورے ہوں یہ گر تجھ پہ فدا ہوں
فرمایا کہ جاؤ اے میرے شیر شجاعت
خالق کے حوالے ہے یہ مضطر کی امانت
اللہ کرے گا تمہی دونوں کی حفاظت
آنسو نکل آئے جو کیا بھانجوںؐ کو رخصت
منہ چومتے بھانجوںؐ کا کبھی آنسو بہاتے
سینے سے کبھی اِس کو کبھی اُس کو لگاتے
رخشوں کو اڑاتے ہوئے میداں میں جب آئے
دو ابر فنا بار صفِ کفر پہ چھائے
ہر چہرے پہ لہراتے تھے مایوسی کے سائے
کفار کے سر ننھی سی تیغوں سے اڑائے
گر ایک قدم آگے جو وہ لاتے صفوں کو
دو نیمچے دونیم کئے جاتے صفوں کو
آگے جو بڑھاتے تھے صفیں عصر کے فرعون
خود عونؐ بھی ہو جاتا محمدؐ کا وہاں عون
ہو جاتی تھی نفری میں کبھی آدھ کبھی پون
شمشیریں بتا دیتی تھیں تو کون ہے میں کون
ہر حملے کی یورش کو تو رد کرتے تھے دونوں
پھر نعرۂ یا مولاؐ مدد کرتے تھے دونوں
جنت میں الٹ ڈالی تھیں حوروں نے نقابیں
خود فتح لگی چومنے گھوڑوں کی رکابیں
کاٹیں عمر سعد کے خیموں کی طنابیں
کھلنے لگیں پھر خیبر و خندق کی کتابیں
ہر حملے میں بپھرے ہوئے طوفان کی دھج تھی
ہر نعرہئِ تکبیر میں بادل کی گرج تھی
بی بی تھیں درِ خیمہ پہ قرآں کو اٹھائے
کہتی تھیں مرے بچوں کو اللہ بچائے
اللہ مرے دودھ پہ اب حرف نہ آئے
خالق میری اولاد کو اب خیر سے لائے
بھیا کے یہ فدیہ ہیں مری آنکھ کے تارے
منظورِ شہادت ہوں بڑھاپے کے سہارے
یک لخت ہوئی لشکرِ کفار کی یلغار
ہر سمت سے پھر ٹوٹ پڑی قومِ ستمگار
بچوںؐ پہ چمکنے لگی تلوار پہ تلوار
زخموں سے ہوا دونوں کے ، ماضی کا یوں اظہار
سر زخمی ہوا حیدرِ کرارؐ کی صورت
اور بازو کٹے جعفر طیارؐ کی صورت
ادرکنی کی اک ساتھ ہی دونوں نے صدا دی
فضہؐ نے درِ خیمہ کی پھر چوب گرا دی
ناموس کے بینوں نے قیامت سی جگا دی
بی بیؐ نے جبیں سجدۂ خالق میں جھکا دی
کی عرض خدایا یہ ہیں شبیرؐ کا صدقہ
منظور ہوں ، بھائی پہ یہ ہمشیر کا صدقہ
فوراً اٹھے آواز پہ سردارِ زمانہؐ
دستار فراموش تھی پائوں تھے براہنہ
رعشہ تھا جو قدموں میں تو تھے پھر بھی روانہ
کہتے تھے کہاں ہیں وہ مرے نورِ یگانہ
دیکھا تو یہ منظر تھا نہ ہٹتی تھیں نگاہیں
چھوٹے کی تھیں گردن میں بڑے بھائی کی باہیں
جب غور سے دیکھا تو وہ دم توڑ چکے تھے
اس دورِ جفا پیشہ سے منہ موڑ چکے تھے
دنیا کی ہر اک بات کو وہ چھوڑ چکے تھے
سانسوں کے حسیں باغ کو وہ جھوڑ چکے تھے
یوں جسم کے زخموں سے لہو تن کا رواں تھا
ہر سمت میں کھلتے سے گلابوں کا سماں تھا
شبیرؐ اسی حال میں خیموں کو جو لائے
ہر سمت سے ناموس نبیؐ دوڑ کے آئے
عباؐس نے اکبرؐ نے تھے خود عونؐ اٹھائے
معصوم کے ہاتھ آنکھوں سے سرور نے لگائے
کہتے تھے کہ کام آئی ہے مضطر کی کمائی
بچے کے جنازے پہ بہن کیوں نہیں آئی
جب کوئی جواب ان کی طرف ہی سے نہ آیا
ہمشیر کو مولاؐ نے کئی بار بلایا
پھر آگے بڑھے خیمے کے پردے کو اٹھایا
ماں جائیؐ کو شبیرؐ نے پھر سجدے میں پایا
سجدے میں صدا دیتی تھی کراؐر کی جائی
یارب رہے محفوظ ہمیشہ میرا بھائیؐ
جعفرؐ ہے یہی جذبۂ الفت کا تقاضہ
واللہ یہ ہے موؐلا کی نصرت کا تقاضہ
ہے اصل یہی صدقِ مؤدت کا تقاضہ
مظلوم کی نصرت کا ، حمایت کا تقاضہ
یہ کرب و بلا درس گہِ جذبۂ حق ہے
یہ نصرتِ مظلوؐم کا اک ابدی سبق ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار