

در اصل یہی بابِ نبی بابِ خدا ہے
یہ در ہے کہ جو مبدۂ صد لطف و عطا ہے
مبعوث نبی جو بھی نبوت پہ ہوا ہے
وہ شرفِ نبوت اسے اس در سے ملا ہے
اس در پہ فرشتوں کو نہیں اذنِ تکلم
اور ہوش تخئیل کے بھی اس باب پہ ہیں گم
یہ در ہے جہاں فخر رسل وقف ادب ہے
اس در ہی پہ صلوات کشا دہر کا رب ہے
یہ باب ہی اسلام کا اک شرق و غرب ہے
اس در پہ علم حمد کا ہر آن نصب ہے
یہ در ہے جہاں فخر سے جھکتی ہیں زمینیں
اس در پہ ہیں تابندہ نبیوں کی جبینیں
اس در پہ نبی جھک کے پڑھیں آیۂ تطہیر
آنے کی اجازت لیں ادب سے جد شبیرؐ
اس باب پہ آیات کی بارش سے ہے تنویر
عزت جو ہے قرآن کی اس در کی ہے توقیر
جس باب کی تقدیس میں اک رنگ جلی ہے
سلمان ہی کی ریش سے جاروب کشی ہے
یہ در ہے جہاں جھکنے سے بڑھ جاتی ہے عزت
یہ در ہے سوالی کو بھی حاصل جہاں عظمت
اس در کے بھکاری کی بھی نعلین میں شاہت
نعلین کرے شاہی اسی در کی عنایت
اس در ہی سے انساں کیلئے موت مسیح ہے
کہہ دو جو اسی در کے فضائل میں صحیح ہے
اس باب پہ جو آ کے سر عجز جھکائیں
ملکوت بھی پر ان کے سرِ راہ بچھائیں
جو قلب سلیمی سے اسی باب پہ آئیں
تسخیر جہاں ان کی اطاعت ہی سے پائیں
سائل کی نمازوں میں بھی سن لیں یہ آوازیں
کشکولِ گدائی کو یہ تاجوں سے نوازیں
فضہؐ پہ تو اس در کی غلامی بھی ہے نازاں
مرہون تھا منت کا تو خود خالق امکاں
فضہؐ کا نہ ہو ذکر ادھورا رہے قرآں
وہ فخر یوخابہ کی اور مریم دوراں
سلماں کی طرح آلِ رسولؐ اس کو کہیں گے
جو امتی ہیں سب کی بتول اس کو کہیں گے
اک سمت وہ افریقہ و حبشہ کی حکومت
اور وقف سبھی زنگی اکابر کی اطاعت
وہ تخت و حسیں تاج وسیع راج سلامت
اور دوسری سمت آلِ محمدؐ کی محبت
سرکاؐر کی نعلین میں یاں جلوہ گری ہے
نعلین سر تخت حکومت کو دھری ہے
قرآن بھی فضہؐ کا ہے مرہونِ قناعت
آیات بھی لیں اس سے اترنے کی اجازت
گر فخر رسولاں کو یہ دے کھانے کی دعوت
تب بھیجے خدا خلد سے خود خوانِ ضیافت
وہ شرفِ تقدس اسے اس در سے ملا ہے
حوروں کی جو عصمت ہے وہ فضہؐ کی عطا ہے
حسنینؐ کو فضہؐ کی صدائوں نے سلایا
منہ بولی بہن بنت محمدؐ نے بنایا
اتنا نہ شرف شہپر جبریل نے پایا
جو مرتبہ فضہؐ ہی کی آغوش میں آیا
یہ آلِ محمدؐ کے ہے دکھ درد میں سانجھی
تطہیر کی نائو کی ہے یہ شام کی مانجھی
فضہؐ کے حسیں نام میں اک نقرئی جدت
آداب کو ڈھالے تو اسی نام کی حدت
فضہؐ کو تھی یوں آلِ محمدؐ سے محبت
تاریخ مصائب میں ہے یہ ہیرو کی صورت
سادات کے ہر غم کا اثر اس پہ ہوا ہے
اس گھر کے ہر اک فرد پہ سر اس کا کھلا ہے
کچھ عمر کٹی خدمت سرکاؐر امم میں
پھر بنتِ محمدؐ کے شریک ہو گئی غم میں
یہ حیدؐر و حسنینؐ کے ہمراہ کرم میں
کی خدمت سادات ہر اک رنج و الم میں
سر اس کے ہمیشہ تھا سعادات کا اکلیل
یہ شش جہتِ پنجتنؐ پاک کی تکمیل
جبریل ہے درباں تو حریم اصل یہی ہے
فردوس معطر ہے شمیم اصل یہی ہے
عالم ہیں نبی اور علیم اصل یہی ہے
کھاتا ہے جہاں جس کا کریم اصل یہی ہے
یہ آلؐ کی الفت میں رنگی آلؐ کے رنگ میں
یہ آلؐ کا اک فرد بنی آلؐ کے سنگ میں
یہ محرم صد پردۂِ توحید خدا ہے
گھر پاک جو ہے اس کا یہاں ذکر ہی کیا ہے
باقی جو ہیں سادات یا امت کی فضا ہے
فضہؐ ہی حقیقت میں ہی سردارِ نسا ہے
القاب سے ہیں بنت نبیؐ ارفع بہ اکرام
اور سیدہ کونین تو فضہؐ کا ہے اک نام
کونین کے سادات اگر مرتبہ چاہیں
لازم ہے کہ وہ فضہؐ کی نعلین اٹھائیں
گر چاہیں نبی رفعتِ معراج کو پائیں
فضہؐ کی ہی نعلین کو آنکھوں سے لگائیں
جس در سے غلاموں کو بھی یہ شرف ملا ہے
گھر والوں کی عظمت کسے معلوم کہ کیا ہے؟
آئے گی سرِ حشر جو فضہؐ کی سواری
ناقہ پہ رکھی ہو گی بصد شان عماری
انوار کے پردوں میں وہ محشر کی تیاری
صلوات فزا ہو گا تبھی خالق باری
سر سارے نبیوں کے بھی ہو جائیں گے جب خم
ناقہ کی عناں تھام کے تب آئیں گی مریم
جعفرؐ یہ وہ اک راز ہے وہ سرِ نہاں ہے
جس راز میں ادراک گنوانے کا گماں ہے
اس راز ہی کے کشف میں دو طرفہ زیاں ہے
یا قتل کا امکان ہے اور خطرۂ جاں ہے
یا اس سے بشر وقف جنوں ہو کے رہے گا
نقصان ہے جو شخص بھی کچھ آگے رہے گا
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار