

سجاؐد حسیں وارث شبیرؐ کی عظمت کا
مختار حقیقی ہے اسلام کی دولت کا
رخشندہ ستارہ ہے افلاکِ ولایت کا
یہ سرخ سا ہیرا ہے اکلیل امامت کا
یہ صبر میں شبیرؐی انداز کا حامل ہے
یہ چرخِ امامت کا چوتھا مہِ کامل ہے
والد وہ کہ خود جس پر اسلام بھی نازاں ہیں
اقلیم ولایت کا شہزادۂ امکاں ہے
جو دوشِ محمدؐ پر اک مہر خراماں ہے
جو درد کی پت جھڑ میں ہردم گل خنداں ہے
یہ عصر کا حیدرؐ ہے یہ وقت کا ہے مہدؐی
شبیرؐ کی زیبا ہے ، اک اس کو ولی عہدی
اور والدۂ ذی جاہ بنت شہ کسریٰ ہے
جو عجم کی ملکہ ہے شہزادیئِ بطحا ہے
ایراں کی بہاروں کا جو اک گل رعنا ہے
پروردۂ عصمت ہے کھلتی شب اسریٰ ہے
نوشیرواں عادل کے اجلال کی مایہ ہے
یہ راج کماری اک وحدت کا کفایا ہے
وہ حسن علیؐ عابد حجت کا سبب جس میں
اک حسن عجم جس میں اک حسن عرب جس میں
مکہ کی سحر جس میں ایران کی شب جس میں
کسریٰ کی نفاست اور سروؐر کا ادب جس میں
اور جس کے حسیں رخ پر فارس کا صبیح موسم
ہے عجم و عرب کا اک سجادؐ حسیں سنگم
اور دولت حسنی کا سرتاج حسن یہ ہے
حسنینؐ کے تقیاں کا محبوب ملن یہ ہے
اور آٹھ آئمہؐ کا مرکوز چمن یہ ہے
حیدرؐ کی شجاعت کا موہوب وطن یہ ہے
یہ درسِ عبادت کا اک مصحف کامل ہے
یہ آلِ محمدؐ کی زبور کا حامل ہے
خود حسن کے بارے میں کہتے تھے علیؐ اکبر
دیکھیں تو میرے بھیا ہیں مجھ سے حسیں بڑھ کر
اک حسُن مجسم ہے وہ ان کا حسیں پیکر
اکبرؐ کے یہی جملے اس حسن کے ہیں مشعر
ملکوت کے سر جس کی اٹھتے نہیں چوکھٹ سے
ہیں حل و حرم واقف ان قدموں کی آہٹ سے
آغوشِ لطافت میں یہ پلتی امامت تھی
اور پھولوں سے ہاتھوں میں تسکین نفاست تھی
اک روز تھا خط لکھا وہ خط تھا قیامت تھی
ہاتھوں پہ پڑے چھالے اس درجہ نزاکت تھی
گو حلم میں یہ حسنی توقیر کا مظہر تھا
پر دل میں مچلتا اک غیرت کا سمندر تھا
عاشور کی شب جبکہ اک نرغہ تھا ظلمت کا
تھا حکم صحابہ کو قرآں کی تلاوت کا
خیموں میں سنا جس دم آواز یہ قرأت کا
بس کھول گیا دریا سجاد کی غیرت کا
گھبرا کے لگے کہنے کوئی انہیں سمجھائے
میں سہہ نہیں سکتا یوں خیموں میں صدا آئے
سجاؐد کی حالانکہ اس وقت یہ حالت تھی
طاری تھی غشی پیہم اس درجہ علالت تھی
اس حال میں بھی ان کو ناموس کی غیرت تھی
خیموں میں گئی تھی گو ، آوازِ تلاوت تھی
بیٹے کو صدا دی جب آفاقہ ہوا غش سے
بستر پہ تڑپتے تھے غیرت کی کشاکش سے
کہتے تھے یہ رو رو کر ، اے بیٹے ابھی جاؤ
اکبرؐ کو بلا لاؤ غازیؐ کو بلا لاؤ
کیسی ہیں یہ آوازیں مجھ کو ذرا بتلاؤ
اس اونچی تلاوت سے جاؤ انہیں روک آؤ
ناموسِ محمدؐ کا دھیان ان کو نہیں آتا
ان سارے صحابوں کو کوئی نہیں سمجھاتا
شبیرؐ نے تب آ کر صرف اتنا کہا بیٹا
کیوں روتا ہے تو میرا غیرت کا خدا بیٹا
اس شب کو تو چلنے دے تو حکم میرا بیٹا
کل رات سے چلنا ہے قانون تیرا بیٹا
کل تیری ہی مرضی ہے جو چاہنا کر لینا
خیمے میں در آنے کی مہلت نہ کسے دینا
جب شام غریباں میں گھن کفر کے گھن آئے
رنگ آل محمدؐ کے خیموں نے بھی بدلائے
غش طاری تھا عاؐبد پر ناموس تھے گھبرائے
جلتے ہوئے خیموں سے پھر خود ہی اٹھا لائے
اس وقت پریشاں کن ناموس کی حالت تھی
اور فکر کا موجب اک عابدؐ کی علالت تھی
لیکن اسی حالت میں پابند سلاسل تھے
تھا سفر بھی طولانی اور ظلم مسلسل تھے
اک پا بہ براہنہ تھے اور ساتھ ہی پیدل تھے
ہاتھوں میں مہاریں تھیں ناموس کے محمل تھے
دشوار گزر راہیں سنگلاخ چٹانوں کی
سرخی سی پہاڑوں پر قدموں کے نشانوں کی
بیماری میں تب شامل تکلیف سفر ہوتی
ہوتا جو قیام ان کا چشم آپ کی تر ہوتی
ہر رات عبادت میں پر ان کی بسر ہوتی
سب سوتے مگر ان کی سجدے میں سحر ہوتی
اس درجہ عبادت میں بڑھتا تھا قیام ان کا
ہر شب کو سحر آ کر کرتی تھی سلام ان کا
تا زیست رہا ان کی آنکھوں سے لہو جاری
چالیس برس ان کی بڑھتی رہی بیماری
آنکھوں میں رہا ہردم ماحول وہ بازاری
ناموسِ محمدؐ پر کفار کی گل باری
ہر سجدے میں بابا کا یاد آتا تھا جھک جانا
معصوم کے بینوں پر خنجر کا وہ رک جانا
پھر دورِ ولیدی نے اک ظلم نیا ڈھایا
دی زہر امامت کو طوفان الم آیا
اس زہر کی شدت نے بیمار کو تڑپایا
بابا کا لگا ڈھلنے باؐقر سے حسیں سایا
وہ جام ہلاہل کا اس درجہ نحیفی پر
ظالم کو نہ رحم آیا سیدؐ کی ضعیفی پر
خون آنکھوں سے بہتا تھا قے خون کی تھی جاری
ہوتا تھا جگر ٹکڑے منہ سے تھی لہو باری
بستر پہ تڑپتے تھے تھا وقت نزع طاری
کہتے تھے میری بیٹا دنیا سے ہے تیاری
دبتی نہیں اشکوں سے وہ حسرت گریہ ہے
سجاؐد کے سینے میں اک آگ کا دریا ہے
کر لے تو قبول آقا اسلام کے سجدوں کو
تعظیم محبت کو ، اقوام کے سجدوں کو
اشکوں کے اس ہدیہ کو آلام کے سجدوں کو
بے لوث عقیدت کے انجام کے سجدوں کو
جعفرؐ کی دعاؤں میں غم تیرا بھی شامل ہے
دیں شرفِ قدم بوسی تعجیل کا عامل ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار