

جو کچھ بھی اس جہاں میں ہے تخلیق ہو چکا
تخلیق جو ہے رب نے یا مخلوق نے کیا
ہر چیز کے بنانے میں اک حق تھا مدعا
حق کے عمل پہ لانا ہی ان کا بجا ہوا
یہ بات جو کہ حاملِ عرفاں صفات ہے
میرے قلندرانہ تفکر کی بات ہے
تصویر کی جہاں میں مسلم ہے دو رخی
شمشیر ساختن میں بھی دو رخ کی بات تھی
اک رخ کہ جس سے دشمن دینی کی کشتگی
شمشیر کے بنانے کا مقصد بھی تھا یہی
اور دوسرا جو رخ ہے سراسر حرام ہے
وہ قتل مومنین یا قتل اماؐم ہے
ہے کفر و شرک اس کو اٹھانا فساد میں
اور روحِ بندگی ہے چلانا جہاد میں
ہے انتہائے ظلم یہ ذاتی عناد میں
اور مصلح عظیم ہے ، یہ ارتداد میں
ہر شئے محل کار سے حل و حرام ہے
یہ فیصلہ تو مصرفِ کل پر تمام ہے
ہے خیر و شر کا جیسے بشر سے بھی احتمال
کرنا کبھی حرام تو کرنا کبھی حلال
ہر چیز پر یہ فطرتِ انساں ہوئی ہے دال
ہر چیز میں نہاں ہیں یہی نیک و بد خیال
ہر شئے فعالیت میں گناہ و ثواب ہے
ہر چیز کے سوال کا انساں جواب ہے
انسان بھی برا ہے جو صحبت بری ملے
ہے علم بھی برا جو ہدایت بری ملے
ہے زہد بھی برا جو ریاضت بری ملے
اسلام بھی برا ہے جو نیت بری ملے
وہ معرفت بری ہے کہ جس میں فساد ہو
ہے رائیگاں جو مال کی خاطر جہاد ہو
لیکن بذات خود کوئی خلقت بری نہیں
ہے علم اصل دیں جو ہدایت بری نہیں
ہر چیز ہے مباح گر صحبت بری نہیں
ہے قتل بھی ثواب جو نیت بری نہیں
یہ فیصلہ ہے فطرتِ دین عزیز کا
کلیہ یہی ہے اچھے برے کی تمیز کا
دائود تھے جو حمد خدا میں غزل سرا
تعریف ان کے لحن کی کرتا ہے کبریا
وحش و طیور جبل بھی لیتے تھے خود مزا
وہ حسنِ صوت ، سوزِ طرب ، لطف جذب کا
محویت اور جذب وہ الحان و بے خودی
موسیقیت کا رنگ یَسُبْحٰنَ بِایْعَشِی
زبور کا وہ حسن وہ منظومیت کی شان
دائود کا وہ طرز و ترنم حسیں بیاں
اور وجد میں وہ جھومتے کہسار ، ہر چٹاں
وہ راگ اور وہ سُر جو صداقت کی ترجماں
اس راگ کو خدا نے عبادت دیا قرار
تسبیح میں غنا پہ ثنا خواں ہے کردگار
طالوت کا وہ قصر وہ دربار لا جواب
جس میں گھلے ہوئے تھے وہ موسیقیت کے خواب
دائود کی وہ گود میں اک بربط و رباب
ذکر خدا وہ سازوں کی سنگت وہ پر شباب
سنگیت اور سروں کا وہ اک درجہئِ کمال
قرآں کی جس پہ نص ہے کہ سَخَرنَا لِلْجَبَال
منسوب ہے نبی کی طرف حمد میں غنا
تعریف ان کے فعل کی کرتا ہے خود خدا
فعل نبی سے گویا غنا مستحب ہوا
تسبیح کہہ رہا ہے اسے آپ کبریا
کیونکہ ہوئی ہے حمد و مناجات مستحب
ہے اس لئے یہ راگ کی سوغات مستحب
جائز ہے جبکہ حمد خدا میں یہی غنا
واجب ہے کرنا ذکر شہنشاؐہِ کربلا
ماحول مجلسوں کا ہے سوز و گداز کا
جائز ہے ان میں راگ سے ہوں مرثیہ سرا
راگوں کی بندشوں میں ہوں مرثیہ خوانیاں
رقت سے پر سروں میں کریں نوحہ خوانیاں
آلاتِ مبکیہ ہیں یہ نقارہ و رباب
شہنائیوں کی گونج ، یہ سینے میں اضطراب
گھڑیال کی صدا پہ جو ماتم ہو لاجواب
ایسی عبادتوں کا تو کوئی نہیں جواب
لیکن نہ اس میں جذبۂ لطف و سرود ہو
تم سے نہ ان میں کھو کے خوشی کا صدور ہو
رقت ہو چشم تر ہو اور دل میں ہو شورِ غم
پھر راگ کا گداز ، سروں کا ہو زیر و بم
خونِ جگر بہانے پہ تل جائے چشم نم
یہ تو ہے اک عبادت عظمیٰ خدا قسم
جائز ہیں راگ و ساز یہ ذکر اماؐم میں
یہ ہیں اگر حرام تو ذکر حرام میں
ملا کی فکر میں ہیں حدیٰ خوانیاں روا
شادی بیاہ میں جائز و رائج کیا غنا
اور آخرت کے ذکر میں تغبیر کہہ دیا
اور ہو جہاں یہ ذکرِ شہنشاؐہِ کربلا
لَھوَ الْحَدِیث کہہ کے غنا کر دیا حرام
موسیقیت کو دے دیا لہو و لعب کا نام
جعفرؐ یہ اجتہاد جو صوت الحمار ہے
اس کو ازل سے مقصد حقا سے خار ہے
ان کی یہ فکر شوم تو لعنت فگار ہے
ان کا تو حق پہ فتوے لگانا شعار ہے
سمجھے یہ کس طرح شہؐ یزداں صفات کو
سمجھا نہیں جو فکر قلندر کی بات کو
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار