

سجدے کو عبادت کا بڑا رکن بنا کر
سرتاج عبادت کا یہی سجدہ بنا کر
میں سوچ رہا ہوں اس سجدے کی حقیقت
کیا اس ہی پہ ہے ختم عبادت کی ضرورت
کیا تیری عبادت کی یہی آخری حد ہے
کیا صرف اسی سجدے سے تو ذاتِ صمد ہے
کیا سجدے سے کافی ہے میرے عجز کا اقرار
کیا اتنا ہے کمزور عبادات کا معیار
سجدہ تو بڑی چیز نہیں ہے میرے مولاؐ
کیوں کہ ہے تیری ذات انہی سجدوں سے اولا
سجدہ ہی عبادت کا معراج نہیں ہے
عظمت تیری ان سجدوں کی محتاج نہیں ہے
اس سجدے کو تو عقل نے کچھ بھی نہیں پایا
ملکوت نے سر سجدۂِ آدم میں جھکایا
آدم نے تیرے نام کا خود سجدہ کیا تھا
آدم نے درِ حطہ پہ سر اپنا دھرا تھا
حیراں ہوں کہ اقرارِ ولایت کروں کیسے
کچھ بھی نہیں سجدہ تو عبادت کروں کیسے
میں سوچ رہا ہوں کہ عبادت تیری کیا ہے
مجھ پست پہ تکمیلِ ولایت تیری کیا ہے
سجدہ تو عبادت کی فقط پہلی کڑی ہے
اقرارِ ولایت کی فقط پہلی کڑی ہے
سجدے سے تو ہے جان جہنم سے بچانا
سجدے سے تو ہر قلب کو اسلام پہ لانا
اور سجدے سے انکار تو اک کفرِ مبیں ہے
اور سجدے سے انکار میں دنیا ہے نہ دیں ہے
اس سجدے نے جبریل کی بھی جان بچائی
ملکوت نے سجدے میں اماں کفر سے پائی
اس سجدے کا منکر جو ہے شیطانِ اضل ہے
وہ راندۂ درگاہ خداوندِ ازل ہے
جس شئے کے نہ کرنے ہی میں اک کفرِ مبیں ہے
کر لینا اسی چیز کا معراج نہیں ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار