

ہے شب عاشور اور ہے چاند دُھندلایا ہوا
گنبد صحرا پہ سناٹا سا ہے چھایا ہوا
اپنا آنچل اک اداسی نے ہے پھیلایا ہوا
گہری مایوسی نے ہے اک درد بکھرایا ہوا
اک طرف دریا کی موجوں میں ہیں کچھ سرگوشیاں
گوش بر آواز ہیں چاروں طرف خاموشیاں
ایک خیمہ ہے جہاں بیٹھے ہوئے ہیں شاؐہِ دیں
راکب دوش نبیؐ ہے خاک پر مسند نشیں
ہیں کہیں اکبرؐ کھڑے عونؐ و محمدؐ ہیں کہیں
آج کچھ کہنے کو ہیں شہزادۂ روح الامیں
سامنے بیٹھے ہوئے ہیں کل بہتر جاں نثار
سب سے فرمانے لگے ہنس کر اماؐمِ ذیوقار
اے میرے پیارے عزیز دوستو اور بھائیو
میرے بابا اور نانا کے صحابی دیکھ لو
میں نہیں کہتا کہ اب میرے لئے تم جان دو
یہ بھی اب لازم نہیں کہ تم مرے بن کر رہو
دیکھ لو تم آج امت کا رویہ اور ہے
جس کا ہے آغاز وہ مظلومیت کا دور ہے
اب مجھے گھیرے ہوئے ہے یہ جو کل افواجِ شام
یہ تو سب آئے ہیں میری ہی عداوت پر تمام
اور انہیں لینا نہیں تم سے تو کوئی انتقام
دشمنی رکھتی نہیں تم سے یہ قوم بے مرام
رات کا یہ وقت ہے بالکل نہ اب گھبرائیے
میں خوشی سے اب اجازت دے رہا ہوں جایئے
کیونکہ یہ نو لاکھ تو ہیں صرف اک میرے عدو
یہ بہانا چاہتے ہیں صرف اک میرا لہو
کھینچ لائی ہے انہیں بن بر میں میری جستجو
ایک مجھ ہی سے یہ بیعت کی ہیں کرتے گفتگو
تم سے تو ہرگز نہیں ان کو عداوت اور عناد
میرے ہی سر کا ہے متلاشی لعیں ابن زیاد
سر جھکا کر رہ گئے لیکن بہتر سر فروش
آنکھ میں آنسو امڈ آئے ، مگر لب تھے خموش
ضبط کے دامن میں دب کر رہ گیا الفت کا جوش
قلب کی دھڑکن میں سے اٹھا مؤدت کا خروش
بڑھ گئی رقت ہر اک کی ، غم سے گردن جھک گئی
سانس کی تسبیح کے دانوں کی حرکت رک گئی
شہؐ نے فرمایا ہو گر اجر رسالت کا ملال
میں اماؐم عصر کہتا ہوں بہ حق ذوالجلال
ذہن میں لاؤ نہ اب ترکِ شہادت کا خیال
مان لو یہ بات میری تم اگر بے قیل و قال
میں بروز حشر دوں گا اجر شہدا کی طرح
خلد سونپوں گا تمہیں خود اپنے قرباء کی طرح
ہو اگر یہ خوف کہ ہو گا جہاں یوں طعنہ زن
دشمنوں میں چھوڑ کر بھاگے ہو نورِ پنجتن
تم اسی حیرت میں ہو اے دوستو گر غوطہ زن
حل میں اس کا بھی بتاتا ہوں بہ رب ذوالمنن
ساتھ لے جاؤ تم اپنے سارے ناموسِ نبیؐ
بچ سکیں سادانیاؐں غیرت کا بھی حل ہے یہی
کوئی طعنہ دے تو کہنا اس لئے ہم آئے ہیں
پردۂ ناموسِ احمدؐ ہم بچا کر لائے ہیں
ہم نبیؐ کی بیٹیوں ہی کو بچانے آئے ہیں
پردۂ تطہیر کی تشہیر سے گھبرائے ہیں
ایک انجانی کسک مضمر تھی غم کی اوٹ میں
درد کے نشتر تھے ان فقروں کی دھیمی چوٹ میں
ہر طرف شبیرؐ نے دیکھا یہ فرماتے ہوئے
یہ بھی ممکن ہے کہ تم بیٹھے ہو شرماتے ہوئے
شرم آتی ہو ہمارے سامنے جاتے ہوئے
اور آنکھوں کی حیا سے چپ ہو گھبراتے ہوئے
شہؐ نے فرمایا کہ اکبرؐ گل کرو فوراً دیا
اب اندھیر ہو ، کہ جانے میں نہ مانع ہو حیا
بجھ گئی شمع نظر سے چھپ گئے سلطاؐنِ دیں
جب اندھیر چھا گیا بولے یہ شاؐہِ عالمیں
اب تو جانے میں تمہارے شرم بھی حائل نہیں
ہاں چلے جاؤ میں راضی ہوں کرو مجھ پر یقیں
اس اندھیرے میں کچھ آوازوں کی پھر آئی صدا
اک اندھیرے میں تھا گویا دوستوں کا فیصلہ
بعد چند لمحوں کے فرمانے لگے شاؐہِ امم
پھر ذرا شمع جلا دو اب ذرا دیکھیں تو ہم
بڑھ کے پھر عباؐس نے روشن کی قندیل حرم
بارِ دیگر روشنی نے جب لیا اک دم جنم
سامنے تبدیلیئِ منظر نے دل دھڑکا دیا
گو گیا کوئی نہ تھا ، یہ فرق تھا پر آ چکا
جو جواں تھے کر چکے تھے بے نیام اپنی حسام
تیغ کے گھٹنوں لگا کر توڑ ڈالے تھے نیام
اور ضعیفوں نے کمر باندھی بہ طرزِ احتشام
ابروئوں پر کس کے وہ رومال باندھے تھے تمام
اور وہ بچوں کو قدوں کے تھا تفاوت کا خیال
ایڑیاں اونچی کئے تن کر کھڑے تھے نونہال
مسکرا کر شہؐ نے فرمایا بحقِ کردگار
میرے نانا نے بھی پائے تھے نہ ایسے جاں نثار
تیری اس شان عطا کا شکر ہے پروردگار
دوست کیا بخشے ہیں مجھ کو اے خدا ، طاعت شعار
آج تک آدم سے لے کر سب نے پائے ہیں حبیب
جاں نثار ان کو ہوئے مجھ سے نہیں واللہ نصیب
مسکرا کر اب جو سلطاؐنِ زمن نے کی کلام
دوستوں کے صبر کے بھی ہو گئے لبریز جام
لب پہ آنے کو مچل اٹھے خیالِ ناتمام
قلب کی وسعت میں تھا اک روزِ محشر کا قیام
دل میں پھر اک حشر سا انگڑائیاں لینے لگا
مدعا کی پاک نائو جذبِ دل کھینے لگا
بڑھ کے ابن عوسجہ نے تب یہ کی رو کر کلام
میں نے دیکھا ہے تیرے نانا کا دورِ احتشام
میں تیرے بابا کے پہلو میں رہا ہوں یا امام
تیری ہی چوکھٹ پہ بیتا ہے میرا جیون تمام
ٹھیک ہے عالم سے تیری ذات ہے اب بے نیاز
سب کو ٹھکرا دے ، ہے تیری بے نیازی کو مجاز
میں نے دیکھا دوش نبوی پہ تجھے جلوہ نما
ناز برداری تیری کرتا حبیب کبریا
تیرا گہوارہ ہلاتے تھے ملائک ہی سدا
سیدؐہ کی گود میں ہے یاد وہ پلنا ترا
کس طرح خطروں میں سبطِ مصطفی کو چھوڑ دوں
زندگی کے خوف سے دین خدا کو چھوڑ دوں
یہ بجا ہے کہ نہیں تجھ کو ہماری احتیاج
شان اِستغنا میں پلتا ہے امامت کا مزاج
اس ترے فرمان پر زیبا نہیں ہے احتجاج
ہے ترے کردار میں شانِ صمد کا امتزاج
تو نہیں محتاج آقا ہم تیرے محتاج ہیں
تجھ سے کل منہ موڑنے والے بڑے نرلاج ہیں
تو ہمیں گو ٹھوکریں مارے نہ ہرگز جائیں گے
تو نکالے بھی اگر سو بار پھر لوٹ آئیں گے
تجھ کو چھوڑیں گے اگر آقا تو ہم مر جائیں گے
تیرے ہی قدموں میں جاں دیں گے تو راحت پائیں گے
اس قدر جذبات میں بوڑھے نے یہ فقرہ کہا
شدتِ جذبات سے وہ لڑکھڑا کر گر پڑا
جب گرے مسلم ، اٹھے فوراً بُریرِ نوجواں
اور مخاطب یوں ہوئے اے والیئِ کون و مکاں
آپ کا فرمان ہے جذبِ وفا کا امتحاں
زندگی الجھی ہوئی ہے جذبِ حق کے درمیاں
چھوڑ دیں تجھ کو ، کہاں تجھ سا کوئی سردار ہے
اور کہیں آقا ترے دربار سا دربار ہے
آپ کے در سا کوئی در ہے تو پھر بتلائیے
آپ کو ہم چھوڑ کر جائیں کہاں فرمایئے
موت سے بچنے کا کوئی راستہ دکھلایئے
تیرے سنگ گر موت آئے پھر ہمیں کیا چاہیے
آپ کو چھوڑیں بھی تو راحت کہاں ہم پائیں گے
آج خوفِ موت سے بھاگیں تو کیا بچ جائیں گے
موت جو قدرت کا ہے بھر پور فرمانِ اٹل
انبیاء یہ عقدۂ مشکل نہ کر پائے تھے حل
زندگی جس نے بھی پائی ہے وہ ہے وقفِ اجل
اور حیاتِ آدمیت موت کا ہے ماحصل
زندگی وہ ہے جو ہو نعلین پر تیری فدا
اتنا کہنا تھا کہ وہ بے ہوش ہو کر گر پڑا
ان کا گرنا تھا کہ پھر روتے ہوئے اٹھے حبیب
جسم کا رعشہ شہنشاہِ ضعیفی کا نقیب
ہاتھ میں شمشیر آنکھوں میں اک احساسِ عجیب
ابروئوں پر ایک پٹی اور جواں جس کا نصیب
اشک آنکھوں میں بھرے بچپن کا غمخوار آ گیا
اس ادا پر شاؐہ کو بیساختہ پیار آ گیا
عرض کی یہ اس نے آ کر اے اماؐمِ ذیوقار
یاد ہے مجھ کو ترا بچپن وہ تیرا چائو پیار
ہم تو ہیں اک ساتھ کھیلے ابن شاؐہِ ذوالفقار
یاد کے مطلع پہ تازہ ہے تری صبحِ بہار
یاد ہے جبریل کی کرنا وہ دربانی تری
اور ملائک کرتے تھے نت مہد جنبانی تری
پوچھتا ہوں آپ سے میں اے اماؐمِ دوجہاں
جب بروز حشر آئیں گی تری اماں وہاں
مجھ سے پوچھیں گی مرے بچے کو چھوڑا تھا کہاں
نرغہئِ اعدا میں چھوڑ آئے تھے میری بیٹیاں
سیدؐہ پوچھیں گی مجھ سے جب یہی روزِ حساب
اے مرے آقا چلا جائوں تو دوں گا کیا جواب
گفتگو کو جب کیا ابن مظاہر نے تمام
اٹھ کھڑے عباؐس سقائے حرم عالی مقام
جسم میں لرزہ تو ہاتھوں میں وہ تیغِ بے نیام
تھرتھراتے لب نگہ نیچی اور دل میں احترام
جوش کی حدت سے آنکھوں میں اتر آیا لہو
شدتِ جذبات میں کی ڈوب کر یہ گفتگو
جسم تھرایا زباں سے اے مرے آقا کہا
اور کچھ کہتے مگر غم سے گلا پھر رُندھ گیا
اور پھر دوبار کوشش کی پہ غم بڑھتا رہا
ایسی رقت چھا گئی لب تک نہ آیا مدعا
پھر بجائے اس کے وہ موؐلا سے کچھ کہتے مگر
تلملا کر رہ گئے جذبات کے اظہار پر
پھوٹ کر رونے لگے اور دیکھا کوفہ کی طرف
موتیوں سے بھر گیا چشمین کا درجِ صدف
رو کے فرمایا کہ سنتے بھی ہو اے شاؐہِ نجف
حکم جانے کا مجھے دیتا ہے احمدؐ کا خلف
میں نہیں سمجھا چلے جانے کا مطلب یا علیؐ
کیا کروں بابا مری کیجئے مدد اب یا علیؐ
اب جو دیکھا شاؐہ نے اپنے جواں بھائی کا حال
بڑھ کے ماتھے پر دیا بوسہ تھا بابا کا خیال
شہؐ نے چھاتی سے لگایا ضبط کرنا تھا محال
اور خوشی سے رو دیا پھر سیدؐہ کا نونہال
حضرت شبیرؐ نے سب سے کہا پھر مرحبا
پھر یہ فرمایا ، سلام ہو اے بہتر اولیائ
حافظ توحید ہو تم اے بہتر جانثار
یہ تمہارا جذبۂ الفت رہے گا یادگار
قابل تحسین ہے اس صدق نیت کا مدار
نت رہے باریدہ تم پر رحمت پروردگار
سیدؐہ روئیں گی جیسے خود ہماری لاش پر
اس طرح روئیں گی وہ آ کر تمہاری لاش پر
کربلا میں نصرتِ موؐلا کا وہ درسِ وفا
اور حقوقِ شاؐہِ حق بتلا رہی ہے کربلا
داستانِ کربلا ہے اک سبق تسلیم کا
بوئے خونِ عشق سے مخمور ہے خاکِ شفا
ناصرانِ شاؐہِ حق کا جذبِ الفت دیکھئے
اور اماؐم عصر کی الفت میں شدت دیکھئے
آج عالم پر شب عاشور ہے پھر خیمہ زن
ایک تاریکی ہے اور دِکھتے نہیں شاؐہِ زمن
آج بھی پھر بجھ چکا ہے وہ چراغِ انجمن
چاہئے سرکاؐرِ حق کو آج صبر ممتحن
اٹھ چکی ہے آج بیعت ہے وفا کا امتحاں
اور اماؐم عصر ہے پھر بے نیازِ دوجہاں
امتحانِ منتظر میں منتظر کا کتم ہے
اہل حق کو اب تو وہ نہ خوفِ سب و شتم ہے
اور غمِ شبیرؐ میں جنت کا لالچ ختم ہے
اور یہ غیبت کی رعایت حجتوں کا اتم ہے
گو فضائے دہر پر آرام ہے حد سے سوا
اس میں اب بھی پل رہا ہے معرکہئِ کربلا
ہو رہی ہے آج بھی جعفرؐ یہاں حجت تمام
اب بھی ھل من ناصراً فرما رہے ہیں خود اماؐم
دوستی کو اب پرکھنے کا ہوا ہے اہتمام
ساتھ دینے کو نہیں تیار خواص و عوام
آج کے مظلوم نے باطل کا سر ہے پھوڑنا
اب اماؐم عصر کا مہنگا پڑے گا چھوڑنا
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار