

جب نظر پڑتی ہے میری حال کے ماحول پر
ڈبڈبا جاتی ہے فرطِ غم سے میری چشم تر
خشک ہو جاتا ہے میرا دجلۂِ فکر و نظر
دھم سے گر جاتے ہیں عقل و فہم کے سب بام و در
آنکھ میں پھرتا ہے دربارِ یزیدی کا سماں
شیشہئِ احساس کی چبھتی ہیں دل میں کرچیاں
اک طرف منبر سے اٹھتی جام و ساغر کی کھنک
ساتھ ہی جشن مسرت کے وہ طبلوں کی دھنک
اور سنہری کرسیوں میں طفل کمسن کی ہمک
اور وہ ملبوس حریری پر کشیدہ سی چمک
اور نشے سے چور ذہنوں پر تکبر کا غبار
آگہی کا دامنِ رنگیں جنوں سے تار تار
خدمت اعیان پر خواجہ سرا مامور ہیں
عیش اور تفریح پر تیرہ قبا مامور ہیں
نغمہئِ بربط پہ کچھ نغمہ ادا مامور ہیں
عطر باری پر سدھائے سے ہما مامور ہیں
تیرہ و تاریک شکلیں دورِ فکر و رنج سے
دل کو بہلاتی ہے عشرت رات بھر شطرنج سے
جھاڑ فانوسوں کی جھلمل سے مچلتے قہقہے
اور صبوحی قلقلوں میں سے ابلتے قہقہے
نفرتوں کی آنچ سے جمتے پگھلتے قہقہے
سنگی دیواروں سے ٹکراتے سنبھلتے قہقہے
وہ صنم ابن صنم صہبا کی باہوں میں خجل
ایک خرمستی کے عالم میں تہہِ بارِ عمل
ہر طرف خلقِ تماشائی کا اک بحرِ رواں
طنزیہ فقروں کی چوٹیں اور سلگتی پھبتیاں
لشکر مفتوح پر پٹتی مسلسل تالیاں
ان سے ٹکراتی ہوئی معصوم بیکس سسکیاں
قسمت اسلام پر ہنستا ہوا جم غفیر
آدمیت کی جبیں پر نا امیدی کی لکیر
وسط میں آیاتِ عصمت کا وہ اجڑا کارواں
چار جانب سے وہ سجتی سی طلائی کرسیاں
نور کے کہرے میں مضمر قدس کی پرچھائیاں
پردۂ تطہیر میں لپٹی ہوئی مجبوریاں
ہر کفِ پا میں ورم ، ہر پائے اطہر نیلگوں
اور پریشاں بال ، بالوں میں جما شہدا کا خوں
اور ہر اک رخسار پر خاکِ شفائی زرد زرد
اور وہ زلفوں کی پریشانی کا عالم گرد گرد
کرب سے تھکتے ہوئے چہروں سے اٹھتا درد درد
خوف سے پتھرائے جسموں کی حرارت سرد سرد
اور کہیں معصوم نظروں میں سوالِ بیکسی
اور کہیں بوڑھے سے قدموں میں تھکن سے کپکپی
مقصد تطہیر کی کڑیوں کا زنجیری سماں
اک قطاری سلسلے میں منسلک کل بیبیاں
سب سے آگے اک اماؐم وقت وہ بھی خوں فشاں
پشت پر ان کے رکھے ماتھا کوئی نوحہ کناں
اور مرتب اس طرح اول سے تا آخر قطار
پردہ فرمائی کا اک عالم بہ شانِ کردگار
اور سرِ شبیرؐ منبر پر دھرا ہے بے محل
چل رہی ہے وہ دُرِ دنداں پہ چوبی مورچھل
دست ظالم سے لبِ نازک پہ ہلکا سا عمل
درد کی کائی میں وہ ہنستا سا شبیریؐ کنول
اس تجاوز سے تو عالم کی بھی نبضیں تھم گئیں
اور مشیت کے لبوں پر پپڑیاں سی جم گئیں
جھولتے لہراتے نیزوں پر کئی پر نور سر
خشک ہونٹوں سے جمالِ عصر کی پھٹتی سحر
خاک و خوں کی مُمتزِج سی تہہ لب و رخسار پر
ایک یاقوتی فضا میں سرخ دنداں کے گہر
تخت کے آگے اماؐمِ عصر ہے خوں رو رہا
چشم فطرت پر ہے سکتہ ، آج ہے کیا ہو رہا
بد روحوں کے ٹھٹھ لگے ہیں حلقہئِ دربار میں
ہنس کے شامل ہو رہے ہیں کفر کے کردار میں
بہہ رہے ہیں کچھ مگر مظلومیت کی دھار میں
گر کوئی روتا ہے تو انسانیت کے پیار میں
اور نہیں احساس ان کو عصر کے سلطاؐن کا
کر رہے ہیں سوگ وہ ، مظلومیت کی شان کا
پھر یہی لاکھوں تماشائی ہیں اس سے بے خبر
یہ اماؐم وقت ہی ہے سامنے با چشم تر
خون کے آنسو رواں ہیں شیشہئِ رخسار پر
گر کوئی روتا ہے تو مظلومیت کو دیکھ کر
ورنہ سب محو تماشہ ہیں مسرت کیلئے
کوئی اب تک بھی نہیں تیار نصرت کیلئے
ہاں یہی ماحول ہے گر دیکھئے تو حال کا
سامنے خوں رو رہا ہے ماحصل کل آلؐ کا
جو اماؐم عصر ہے ، شاہد ہے وہ اعمال کا
تلخ ہے اب بھی رویہ ظلم کے عمال کا
آج بھی محو تماشہ دہر کے چشم و نظر
آج بھی رسوائیوں کی زد میں ہے عرفاں کی زر
کچھ اسی ماحول سے لیتے ہیں راحت کا مزا
آلؐ کے غم سے بھی لطف اندوز ہیں اہل خطا
کچھ تماشائی بہ چشم تر ہیں از راہِ جفا
اور خیال ان کو نہیں ہے نصرتِ سرکاؐر کا
کرسیوں پر ڈٹ چکے ہیں کچھ بہ اندازِ غرور
کچھ کے ہونٹوں لگ چکا ہے بادۂ زر کا سرور
اور یزیدی درس سے جاری ہیں یہ ادیانِ ظلم
اور ہے افواہوں کی دھکا پیل میں سامانِ ظلم
ٹوٹنے کی اب نہیں ابن زیادی تانِ ظلم
کچھ تو بے پرواہ ہیں کیسا ہے یہ طوفانِ ظلم
رات وہ پیشی کی تو تھی چار پہروں ہی کی شب
یہ شبِ دربار تو ہے تیرہ صدیوں کا غضب
عقل کا یہ کیس ہے احساس کے دربار میں
کیا ہے پوزیشن ہماری عصر کے تہوار میں
مجلسیں برپا ہیں کیا یہ الفت سرکاؐر میں
یا ہمارا سوگ ہے انسانیت کے پیار میں
ہم سرِ نوکِ سناں ہیں یا ستمگاروں میں ہیں
ہم تماشائی ہیں یا پردے کے غمخواروں میں ہیں
تخت پر ہیں یا کھڑے ہیں خاک پر ہو کر اسیر
رو رہے یا چلاتے ہیں مزاحی تند تیر
چشم تر ہیں یا کہ اک ہنستا ہوا جم غفیر
زندہ لاشیں ہیں یا پتھرائی ہوئی کوئی ضمیر
سقف پر محو تماشہ ہیں کہ بازاروں میں ہیں
سنگ برساتے ہیں یا مجبور درباروں میں ہیں
کرسیوں پر ہم ڈٹے ہیں یا ہیں محبوس تعب
محو ہیں شطرنج میں یا زیر منبر مضطرب
دے رہے ہیں ہم کو پیشی یا ہیں مصروفِ طرب
پی رہے ہیں ساغر صہبا یا ہیں ہم تشنہ لب
ہم ڈھلکتے اشک ہیں یا ہم کھنکتی پھبتیاں
ہم سلگتی سسکیاں ہیں یا ہیں پٹتی تالیاں
ہم ہیں معمار ستم یا ہم ہی دیواروں میں ہیں
ہم ہیں قاتل یا کہ مظلوموں کے انصاروں میں ہیں
لا اِلٰہی میں ہیں ہم یا جے کی للکاروں میں ہیں
گردنوں میں ہم ہیں شامل یا کہ تلواروں میں ہیں
کس قدر سچے ہیں ہم اس دعوائے اسلام پر
سوچئے احساس کا یہ کچا چٹھا دیکھ کر
صاف ہے احساس کا یہ فیصلہ ہم کون ہیں
سوچتا ہوں کون یہ بتلائے گا ہم کون ہیں
خود بخود ہے طے ہوا یہ مرحلہ ہم کون ہیں
صاف کہتا ہے یہ دل کا آئینہ ہم کون ہیں
اس سے آگے اب تخئیل کو نہیں اذن سفر
جعفرؐ اب آگے ہے اک خاموشیوں کی راہ گزر
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار