

یا رب امامِ حقؐ کا جہاں میں ظہور ہو
یارب اماؐمِ حق کا جہاں میں ظہور ہو
ساطح زمیں سے تا بہ سما حق کا نور ہو
عالم پہ طاری عدل کا کیف و سرور ہو
گیتی سے جلد ختم یہ فسق و فجور ہو
آلِؐ نبی کا سارے زمانے پہ راج ہو
ہر شاہ شاؐہِ دین کا زیرِ خراج ہو
وہ صاؐحب الزمان وہ آلِ نبیؐ کی شان
وہ سطوتِ رسولؐ وہ ابنِ علیؐ کی شان
وہ ذات ، ذاتِ پاک وہ ذاتِ جلی کی شان
وہ حجتِ مبین ، حسنؐ عسکری کی شان
وہ غمگسار و وارثِ سلطاؐنِ کربلا
پڑھتے ہیں وہ زیارتِ ناحیہ ، صد بکا
آتے ہیں صبح و شام مزارِ حسینؐ پر
کرتے ہیں یوں کلام مزارِ حسینؐ پر
کہتے یا امامؐ مزارِ حسینؐ پر
پڑھتے ہیں یہ سلام مزارِ حسینؐ پر
ہر بین میں ہے سوزِ محبت کی انتہا
کرتے ہیں وہ زیارتِ ناحیہ کی ابتدا
آدم پہ شیث پر ہے اور ادریس پر سلام
اور نوح و ہود و صالح و موسیٰئِ نیک نام
اور ابراہیم ، حضرتِ اسحاق خوش کلام
دائود و یوسف اور شعیبِ ذی احتشام
اور اسمٰعیل و حضرت ایوب پر سلام
یونس پہ اور سلیماں پہ یعقوب پر سلام
ہارون و یحییٰ زکریا عبداللہ پر سلام
اور حضرت عزیر پہ روح اللہ پر سلام
اور سرورِ جہانؐ حبیب اللہؐ پر سلام
ان کے اخیِ خاصؐ پہ وجہہ اللہؐ پر سلام
فرمایا السلام علیٰ سیدہ بتولؐ
اور مجتبیٰئِ پاکؐ جو ہے پیکر رسولؐ
اس پر سلام جو کہ ہے مظلوم کربلاؐ
راہِ خدا میں زخمی جو کہ انتہائی تھا
اور جان دے کے جس نے جہاں کو بچا لیا
مخفی اور آشکارا جو طاعت گزار تھا
اس خاک سے جہاں کو حصولِ شفا ہوا
قبہ ہے تو مقامِ قبولِ دعا ہوا
فرمایا السلام علیٰ ابن مصطفیؐ
فرمایا السلام علیٰ ابنِ مرتضیٰؐ
فرمایا السلام علیٰ ابن سیدہؐ
تجھ پر سلام سدرہ و ماویٰ کے منتہٰی
شاہِ صفاؐ و وارث زمزمؐ سلام لے
آلودہ خاک و خون میں پیہم سلام لے
اے پنجتنؐ کا پانچواں سلطانِ کربلاؐ
خیمہ بھی جس کا ظالموں نے چاک کر دیا
وہ بیکس و غریب جو غربت کی انتہا
اور درد ناک طرزِ شہادت جو پا گیا
مجہول نسب لوگوں کا مقتول لے سلام
اے کربلا کے ساکن و مقبول لے سلام
برسا لہو شفق سے ملائک بھی رو دیئے
سلکِ وفا میں صبر کے گوہر پرو دئیے
ہر دل میں دینِ حق کے جواہر سمو دیئے
ہذیاں کے داغ نوکِ سناں پر ہی دھو دیئے
رتبے تمام حق کے انہی پر تمام ہیں
نو بیٹے جن کے تا بہ قیامت امامؐ ہیں
ان پر سلام تھے جو گریبان لہو میں تر
سوکھے ہوئے تھے پیاس سے جو ہونٹ سر بسر
تھے ٹکڑے ٹکڑے لاشہئِ اطہر تمام تر
بعد از وفات لٹ گئے جو تپتی ریت پر
اعضائے پاک جسموں سے جن کے ہوئے جدا
نیزوں پہ جن سروں کو اٹھائے تھے اشقیا
اس پر سلام کرب و بلا میں جو لٹ گیا
اس پر سلام جس کا گلا وقفِ ظلم تھا
جس کا مزار وادیئِ غربت میں تھا بنا
رو کر شفق نے خون بصد غم یہی کہا
اللہ کی راہ میں جور و جفا کا قتیل ہے
واللہ پھر بھی مانندِ قدرت جلیل ہے
اُن پر سلام جو کہ گریباں دریدہ تھے
اور جسمِ پاک خاک و لہو میں طپیدہ تھے
جن کے نفوس راہِ خدا میں رسیدہ تھے
اور جن کے ہونٹ بھی گلِ حرماں رسیدہ تھے
رنگ جن کے تیز دھوپ میں تغیر ہو گئے
رُؤْیَا الَّتِیْ کی آپ ہی تعبیر ہو گئے
ان پر سلام جاری تھا زخموں سے جن کے خوں
لیکن جو سر تھے ، طاعت باری میں تھے نگوں
جن کے جسد پہ زخم کا چلتا نہ تھا فسوں
پھائے لباسِ سبز کے زخموں پہ لالہ گوں
ان پر سلام سر جو کہ نیزوں پہ چڑھ گئے
بالیدگی میں عرش خدا سے بھی بڑھ گئے
ان پر سلام جو ہوئیں شہزادیاں حزیں
گھبرا کے اپنے خیموں سے باہر جو آ گئیں
تطہیر کے نقاب میں پنہاں مگر رہیں
کرتے تھے ظلم جن پہ بصد ناز اہل کیں
ان پہ سلام غم میں جو طاعت گزار تھیں
سرِ نہاں تھیں عصمتِ پروردگار تھیں
پیہم سلام میرا ہر اس رکنِ دین پر
پسران خلفِ صالح و مستشہدین پر
اور ان کی ذریت کے سبھی ناصرین پر
ملکوت پر سلام جو اترے زمین پر
میرا قتیل غربت و مظلومؐ پر سلام
اس کے حسیں برادرِ مسموؐم پر سلام
اکبرؐ پہ اور اصغرؐ بے شیر پر سلام
ان کے وجودِ پاک کی تشہیر پر سلام
اصغرؐ کے سوکھے حلق کے اس تیر پر سلام
خیموں میں روتی ملکہؐئِ تطہیر پر سلام
اس پر سلام جو کہ شبیہ رسول ہے
اور باغ سیدؐہ کا گراں مایہ پھول ہے
ان پر سلام سر ہوئے جسموں سے جو جدا
مطلوب شاؐہِ دین کی جن کو رہی رضا
اور حق اماؐم حق کا جہاں کو بتا دیا
اس پر سلام جو کہ ہے مظلوم بے نوا
کوئی مدد کے واسطے تیار بھی نہ تھا
غربت میں جن کا کوئی مددگار بھی نہ تھا
ان پر سلام جو تن اطہر برہنہ تھے
جو آسمانِ صبر کے اختر برہنہ تھے
آغوشِ سیدؐہ کے گلِ تر برہنہ تھے
بن میں رسولؐ پاک بھی خود سر برہنہ تھے
نہ تین روز تک جو مسافر دفن ہوئے
آخر دفن ہوئے بھی تو غیر از کفن ہوئے
اس پر سلام جو ہے دو عالم کا شہنشاہ
محسن ہے عاصیوں کا رسالت کا ہے گواہ
اور خاک پاک آخری جن کی ہے تکیہ گاہ
قبہ ہے جن کا خالقِ عالم کی جلوہ گاہ
اوجِ مراتب ان کے خرد سے بعید ہیں
ذبحِ عظیم دنگ ہے یہ وہ شہید ہیں
اس پر سلام ہے جو کہ تقدیس کبریا
جبریل کو بھی جن کی غلامی پہ فخر تھا
اور میکائیل جھولا جھلاتا تھا بارہا
کی عہد شکنی جن سے ، مظالم ہوئے روا
تن پاک جو تھا زخمی رہا پھر بھی قبلہ رو
اس پر سلام جس کا تھا ناحق بہا لہو
اس پر سلام ذبح جو پیاسہ ہی ہو گیا
غسل اپنے خوں سے جس نے تن پاک کو دیا
نیزوں کے گھونٹ پیاس میں دیتے تھے اشقیا
اور آبِ تیغ جس نے بصد شوق پی لیا
اہل قراء نے دفن کیا جس کا پاک تن
ہاں دفن ہو گئے پہ رہے پھر بھی بے کفن
اس پر سدا سلام لٹا جو کنارِ جو
اور جو ہوا شہید اقارب کے روبرو
بیٹوں کے خوں سے جو ہوا عالم میں سرخرو
جن کو رضائے حق کی رہی پھر بھی جستجو
شہ رگ پہ جس کے ظلم کا خنجر رواں ہوا
تنہا جو دشمنوں کو ہٹاتا رہا سدا
اس پر سلام جو کہ ہے سلطانِ بحر و بر
سر کٹ گیا پہ کفر کے آگے جھکا نہ سر
کوئی ممد نہ اس کا ، عدو تھے تمام تر
اس پر ہزار جان سے قرباں ہو یہ پسر
جو ریش پاک خون سے یکسر خضاب تھی
واللہ وہ ریش ، ریشِ رسالت مآب تھی
رخسار تھے تو بوسہ گہِ ختم انبیائ
جن کو شگفتہ دیکھ کے ہوتے تھے مرتضیٰ
سورہ نظر کو پڑھ کے جسے چومیں سیدؐہ
رخسار وہ کہاں اور کہاں خاکِ کربلا
ان آئینہئِ نور سے رخسار پر سلام
ان کے لباس پاک کی ہر تار پر سلام
ان پر سلام تھے دُرِ دنداں جو آبدار
جن پر تھے تاجِ عرش کے گوہر سدا نثار
ان پر چھڑی کا چلنا بصد ظلم بار بار
عابدؐ کا دیکھ دیکھ کے رونا بے اختیار
اس بیکس و غریب کو زیبا سلام ہے
مجبور اور قتیل جفا جس کا نام ہے
اجسام جن کے دشت میں یکسر تھے بے کفن
ان پر سلام جو تھے غریب اور بے وطن
خاک شفا کے برد میں تھے جن کے پاک تن
جنگل کے جانور بھی ہوئے آ کے نالہ زن
شدت کی دھوپ میں تھے پڑے جسم نازنیں
اور بھیڑیوں کی مثل تھے چوگرد اہل کیں
ان پر سلام جسم لہو میں تھے جو نہاں
قرآن پارہ پارہ ہے ، حالت سے تھا عیاں
تیغ و سناں سے ٹکڑے ہوئے جن کے تھے وہاں
سب وحش و طیر کرتے تھے آ کر آہ و فغاں
ان پر سلام جن پہ تقدس کی تھی نظر
جسموں کو دانت آ کے لگاتے تھے جانور
یہ فقرہ پڑھ کے سوچ میں پڑتا ہے ہر بشر
جسموں کو دانت آ کے لگاتے تھے جانور
لیکن حقیقت اس کی بتا دوں تمام تر
خلاقِ دو جہاں کا تھا اک امر مستتر
انسان سوچتا ہے معانی ہیں اس کے کیا
کیوں وحشیوں نے لاشہئِ اطہر کو مس کیا
تاویل اس کی ہے کسی عالم نے خوب کی
جنگل کے جانور تھے جو روتے تھے وہ سبھی
وہ تیر جسم پاک میں ، وہ فرطِ بیکسی
اور دانت بھی لگانے کا مقصد تھا بس یہی
دانتوں سے تیر کھینچتے تھے جسم پاک سے
کرتے تھے جمع لاش کے ٹکڑے وہ خاک سے
مقصد تو اصل یہ ہے کہ وہ وحش و طیر سب
کرتے تھے سجدہ لاش کا رو رو کے با ادب
لاشوں کو بوسہ دے کے وہ کہتے ہائے غضب
آتی نہیں قیامتِ کبریٰ ، ہے کیا سبب
دشت بلا ہے ، سیدؐہ کا نورِ عین ہے
افسوس زیب خاک نبی کا حسینؐ ہے
تجھ پر سلام اے ناصرِ مظلوم کربلا
ہے قبلہ گاہ جن و ملک جن کا مقبرہ
لاکھوں سلام آپ پہ بھیجے نہ کیوں خدا
طاعت میں اس کی جبکہ تمہارا ہے سر کٹا
اے مالکِ رسول ہمارا سلام لے
حق کا سلام سیدِ عالی مقام لے
اس پر سلام پھول جو ہے خار سے جدا
اس پر سلام جو کہ ہے فرزند مرتضیٰ
جس کو ہوئے ہیں طاہرؐ و اطہر پسر عطا
کہتے ہیں جس شہید کو سلطاؐنِ کربلا
زندہ تھا اور زندہ ہمیشہ ہے اس کا نام
لاکھوں ہیں جن کے نام پہ اللہ کے سلام
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار