

اے قاضیئِ حاجات سزاوارِ خدائی
آیا ہوں تہی دست لئے جذبِ گدائی
اور تیرے کرم نے میری ہمت ہے بندھائی
رحمت سے تری ، میرے دعا لب پہ یہ آئی
ورنہ تیرے قابل نہ زباں ہے نہ بیاں ہے
شایانِ شما ہستیئِ دریوزہ کہاں ہے
اور وہم و گماں سے ہے بہت بالا تری ذات
تو دافعِ عدوان تو ہی سامع دعوات
خود تو نے تخاطب کی یہ بخشی ہیں مراعات
ورنہ یہ حقیقت ہے کہ چھوٹا منہ بڑی بات
گو لائق دروازۂ قدوس نہیں ہوں
لیکن میں عطا سے تیری مایوس نہیں ہوں
زیبا تو نہیں تجھ سے کہوں دیکھ خدایا
اب کفر کے پنجے میں ہے اسلام کی مایہ
حق گوئی کو ہے ظلم نے طاقت سے دبایا
ہے حرفِ حیا تازہ تمدن نے مٹایا
اب کفر کی تقلید میں الجھے ہیں مسلماں
زُہاد سے خالی ہے تقدس کا شبستاں
اور ہیکل اوہام میں ہے روحِ شریعت
ہے کذب کی چکی میں پسی جاتی صداقت
ہے ورطہئِ بطلان میں اب ملک حقیقت
طوفانِ مصائب میں ہے اب شمعِ مسرت
اسلام ہے آوارہ وطن اپنے وطن میں
ہوتی ہے حنوط آج خوشی ، غم کے کفن میں
ہر صبح میں اب شامِ غریباں کا سماں ہے
اور لاشہئِ حق دوشِ مصائب پہ رواں ہے
طاغوت لئے تعزیۂ کون و مکاں ہے
اب چنگ سے دبتی ہوئی آوازِ اذاں ہے
مظلوم مشیت کا کفن اوڑھ چکے ہیں
اور بردِ خزاں اہل چمن اوڑھ چکے ہیں
اب عیش کی باہوں میں بشر جھول رہا ہے
باطل کا غبارہ ہے پڑا پھول رہا ہے
گل چھرے اڑانے میں خدا بھول رہا ہے
اور شجرۂ ملعون ہی پھل پھول رہا ہے
تقدیس کی میت یونہی ویران پڑی ہے
الحاد کی گڈی سرِ افلاک چڑھی ہے
گردن میں عبادات کے اک طوقِ گراں ہے
اور صبر کے حلقوم پہ خنجر سا رواں ہے
اور حسن و جوانی بھی سرِ نوک سناں ہے
معصومیئِ کونین بھی اب تشنہ دہاں ہے
دروازہ سیادت کا تو جلتا ہے سرِ عام
ہے علم کے شہروں پہ مسلط ہوئی صمصام
اور بازو شجاعت کے سرِ دشت قلم ہیں
ہر موڑ پہ جو نصب ہیں ، باطل کے علم ہیں
اور عسکرِ توحید نظر بندِ ستم ہیں
کل مصلحتیں زر کے نہاں خانوں میں ضم ہیں
آنکھوں میں ہدایت کے بھرے خون کے آنسو
بازار میں پھرتی ہے حیا کھول کے گیسو
قرآن کے اطراف میں منطق کا دھواں ہے
طاغوت کے سجدوں کا جبینوں پہ نشاں ہے
باریدہ مفاسد میں تو رِم جھم کا سماں ہے
اب خونِ سیاست ہی مذاہب میں رواں ہے
سانسوں کا ہر اک جام ہلاہل سے بھرا ہے
عرفاں کا عمامہ تو سرِ طاق دھرا ہے
اب عام ہے طاغوت کے بچھڑوں کی پرستش
رکھتی ہے قدم چاند پہ اب شرک کی تابش
اب پائے عقائد میں ہے ممکن ہوئی لغزش
اب خیمۂ توحید ہے نزدیک بہ آتش
اب عفو کی شہزادی بھی مجبور کھڑی ہے
مظلوم کے دندان پہ ظالم کی چھڑی ہے
ظالم تو یہ چاہیں گے رہے ان کی حکومت
عصیان کی خواہش ہے کہ چھائی رہے ظلمت
رہ جائے اندھیروں میں گناہوں کی حقیقت
تاریکی میں لٹتی رہے تقدیس کی عصمت
ہے تیرے قوانین میں یہ شئے متمکن
ہر رات کے بعد ایک چمکتا ہوا ہے دن
صدیوں سے چلی آتی ہے باطل کی سیاہ رات
مخفی ہے نگاہوں سے وہ قائمؐ کی جلی ذات
ہیں کفر کی بھٹی میں یہ اسلامی روایات
حائل تیرے قانون خدائی میں ہے کیا بات
ہوتی نہیں اسلام پہ کیوں صبح مسفر
کیوں آج بھی یہ مطلع انساں ہے مکدر
اتنی سی دعا ہے تیرے فیضان کے در سے
محروم ہے دھرتی تیری شفقت کی نظر سے
یہ مردہ زمیں تیری نہ یوں زیست کو ترسے
رحمت کی گھٹا دہر پہ یوں ٹوٹ کے برسے
اس خاک کی رگ رگ سے اُبلنے لگے جیون
اور بستر عالم پہ مچلنے لگے جیون
لازم ہے کہ مفقود ہر اندوہِ دروں کر
اور دولتِ باطل کے تو جھنڈوں کو نگوں کر
اور حالتِ باطل کو ہلاکت سے زبوں کر
اور سامریئِ غم پہ مسرت کا فسوں کر
اس ظلم کے لشکر کا نہ اب نام و نشاں ہو
اور شجرۂِ ملعون سدا وقفِ خزاں ہو
اس دولت ظاہر کے ہر انداز و ادا چھین
اور جور کے ہاتھوں سے ہر اک تیغ جفا چھین
اور قحبہئِ گردش کی طلاکار رِدا چھین
اور عیش کے ہونٹوں سے تو ساغر کا مزا چھین
شہزادیئِ طاعت کو سرِ تخت بٹھا دے
بولہبیِ تکفیر کو سولی پہ چڑھا دے
جو تیرے ہیں ، مرضات کے وہ زیرِ عمل ہیں
اور تیری محبت کے حسیں تاج محل ہیں
دکھ درد کی جھیلوں میں وہ ہنستے سے کنول ہیں
اور اپنی ہی خواہش سے منزہ ہیں اجل ہیں
خاموش ہیں وہ اور میں دعا مانگ رہا ہوں
میں ان کی محبت کا صلہ مانگ رہا ہوں
نافذ تیرا قانون تقدس ہو سرِ عام
روحوں پہ حکمراں ہو ترا جذبۂ اسلام
ہو تخت نشیں آج شہنشاؐہِ ذوالاکرام
ہر نوک زباں پر ہو لکھا ایک تیرا نام
کر پورے ابھی عدل کے تو جملہ تقاضے
اک دھوم سے نکلیں غم عالم کے جنازے
کر دے ابھی آباد محمدؐ کا گھرانہ
اور خون سے لکھ دے ابھی باطل کا فسانہ
اک دورِ زر افشاں سے ہو معمور زمانہ
اور گردشِ دوراں میں ہو انداز سہانہ
بنیاد ستم قطع کریں ، شرع کی حد سے
شاہی کرے سلطاؐنِ صمد ، شانِ احد سے
اب عدل کی دیواروں میں چن دے یہ ستم کش
طوفانِ مصیبت میں ڈبو دے تو یہ سرکش
معتوب ہوں مقہور ہوں مکفور جفاکش
اور ختم ہو ابلیسی چلَتّر کی کشائش
آئیں چمن دہر میں بھرپور بہاریں
اور قلب خزاں پر چلیں کلیوں کی کٹاریں
ہاتف کی ندا آئی ہے مقبول مناجات
دیتا ہے اجابت کا شرف سامعِ دعوات
اس باب سے جاتا نہیں کوئی بھی تہی ہات
جعفرؐ تیرے انداز گدائی کی ہے کیا بات
الہام برستا تھا تیری طبعِ رواں سے
جبریل غزل خوان تھا خامہ کی زباں سے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار