

ظاہراً نوابِ اربعہ کا وہ دورِ اقتدار
وہ روپہلی اور سنہری سال (74) ہفتاد و چہار
زندگی ہے ایک ٹھاٹھیں مارتا بحرِ ذخار
ظلم کی آغوش میں پلتے ہوئے لیل و نہار
مہر حق غیبت نشیں ، پر فجر کا انداز تھا
نور کا تڑکا تھا ، اک عالم حریم راز تھا
غیبت صغریٰ کی ہر سو ایک بلوریں قنات
کتم کے باریک پردوں میں نہاں رازِ ثبات
ہلکی ہلکی کہر میں مضمر رموزِ کائنات
ملگجی سی ایک رُت ، دھندلا سا دن ، روشن سی رات
کفر کی تاریک گھٹ مغرب کی مینڈوں پر کبود
اور پس دیوارِ مشرق ، مہر عالم کا وجود
ہر طرف پھیلا تھا توقیعات کی کرنوں کا نور
ظلمتوں کے تلخ طوفاں ، کشتیئِ عرفاں سے دور
جاری و ساری تھے دین حق کے پوشیدہ بحور
دن نہ تھا ظاہر ، افق پر ثبت تھا کیف سحور
قطب اربعہ سوئے منزل ہو چکے تھے راہنما
قہرمان باطلہ تھے حبِ زر میں مبتلا
جُبہئِ اسلام پر اک سو طلاکاری کا چھب
اطلس و دیباج سے قصر شہنشاہی کا پھب
اور کہیں موباف کرتوں میں تھے تعلیم و ادب
مل رہے تھے حسب منشائے احد فرمانِ رب
انس کے جنگل تھے نذرِ آتش عباسیت
جھڑ رہے تھے پئے بہ پئے ایمان کے پودوں کے پت
آدمیت منسلک تھی رشتۂ تطہیر سے
داد ملتی تھی سفارت کی حسیں زنجیر سے
سلسلہ خط و کتابت کا تھا اک تدبیر سے
راہِ حق روشن تھی توقیعات کی تنور سے
اور تھا نوابین سے پیہم خوارق کا صدور
اک تھی ملکوتی فضا اور تھے درخشندہ شعور
کیا سماں تھا جبکہ ستر سے فزوں نواب تھے
اور سبھی شہر امامت کے مقدس باب تھے
جو ہدایت کے صحیفے کے حسیں ابواب تھے
دیدۂ عرفانِ حق کے جو سنہری خواب تھے
اور نیابت کی حسیں مسند پہ تھے جلوہ نما
چشم ظاہر بیں سے مخفی علم کا تھا در کھلا
اک طرف ابن سعید اور ساتھ ہی وہ ابن روح
کھل رہے تھے مقصد قرآں کے تفسیر و شروح
ہر قدم پر ہادیئِ مطلق کی طاعت کا رجوح
اور لبوں پر علم و حکمت کے رواں طوفانِ نوح
تھی ملی مسند خلافت کی انہیں سرکاؐر سے
ملہم ہاتف تھے یہ ، تقدیس کے معیار سے
پھر ابوجعفر محمدؐ کو ہوئی مسند عطا
مُطّلِع علمِ مَنایا اور بَلایا پر ہوا
پھر نیابت کا شرف ابن محمدؐ کو ملا
آخری نائب تھا یہ اور آخری نجم ہدیٰ
جس کی اک اک بات میں لاکھوں طلسم کن فکاں
منزلِ تعجیل کا تھا یہ بھی میرِ کارواں
پھر خلافت کے محل کے بام و در ابتر ہوئے
سب اسی زیر زمیں تحریک پر ابتر ہوئے
زنگ خوردہ عقل کے فکر و نظر ابتر ہوئے
ظالمانِ لشکر زید و بکر ابتر ہوئے
بوم خصلت کفر کا جب خالی ترکش ہو گیا
بوکھلا کر یہ شقی کچھ اور سرکش ہو گیا
کر دیا پھر باطلہ سرگرمیوں کو تیز تر
کود کر پھر رن میں آیا تیغ برّاں سونت کر
کفر کو بیٹھا جو دیکھا کرسیئِ احکام پر
دندناتا پھر رہا تھا ظلم بے خوف و خطر
پھر مؤدت کو ، ستم دیوار میں چننے لگا
پارچاتِ سلطنت تظلیم سے بُننے لگا
پھر ملی ابن محمدؐ کو یہ توقیع اماؐم
اے علیؐ سمری تجھے کہتا ہوں میں بعد از سلام
چھ دنوں تک دار فانی پر ترا اب ہے قیام
اور کسی کو مت بنانا اپنا تم قائم مقام
غیبت تامہ کا لازم ہو گیا تھا اب وقوع
جان لے کہ ہو چکی ہے غیبت کبریٰ شروع
لیکن اس غیبت میں میری دید بھی آساں نہیں
تا ستم اور معصیت سے بھر نہ جائے یہ زمیں
اور قثاوت سے ہر اک دل ہو گا پھر زنگ آفریں
حب دنیا میں گھریں گے اہل حق اور اہل دیں
پھر زمانے پر کرے گا ایک سفیانی خروج
دہر کے ظلمت کدوں میں کفر کا ہو گا عروج
ہوں نہ جب تک صیحہئِ افلاک میں سب مبتلا
میری آمد کے علائم ہوں نہ جب تک رونما
ہوں گے رویت اور نیابت کے بھی دعوے جا بجا
لیکن ایسے ہی ہر اک دعوے کو سمجھیں افترا
مدتِ غیبت میری ابن محمدؐ ہے طویل
کیونکہ قائم ہو چکی ہے رب عالم کی دلیل
پھنس چکا ہے دین حق ، گردابِ استبداد میں
اور نیابت گھر چکی ہے نرغہئِ الحاد میں
بن چکا ہے سومنات اک حاطہئِ بغداد میں
شرک ظلمت زن ہے اب اسلام کے افراد میں
دیکھ کر بگڑی ہوئی نیّات کی خونی نگاہ
لی شبیہِ مصطفی نے ثورِ غیبت میں پناہ
چھ دنوں تک پھر رہا زندہ محمدؐ کا پسر
مخبر عالم کی پھر صادق ہوئی اس پر خبر
چل بسا ابن محمدؐ دارِ فانی چھوڑ کر
منتظر اپنا بنا کر چھپ گیا خود منتظر
ہر طرف ظلمت نے اپنے تیرہ پر پھیلا دیئے
دیدہئِ حق آشنا طاغوت نے چندھیا دیئے
ہو گئی دیوارِ غیبت گنج عرفاں پر کھڑی
فرقت سرتاجِ شرعی پر شریعت رو پڑی
ڈبڈبا کر رہ گئی تب نبض ممکن کی گھڑی
منتشر سی ہو گئی عصمت کے سانسوں کی لڑی
دَاٰبَةُ الْاَرْض سے خالی ہوا درجِ زمیں
اور چھپے کہف تقیہ میں مؤدت کے امیں
شارعِ حق ، گردِ باطل سے تمامی اٹ گئی
شانہئِ عالم سے زلفِ لیلیٰئِ شب چھٹ گئی
اور ندی اسلام کی اک دم چڑھی پھر گھٹ گئی
اور کتاب دیں کئی حصوں میں آ کر بٹ گئی
جلوہ گاہِ قصر غیبت کے بھی پردے گر گئے
طوطا چشم انسان کی الفت کے دیدے پھر گئے
سلسلہ نواب کا جب ہو گیا اک دم تمام
حجت حق نے ہدایت کا کیا پھر انتظام
دی عریضے کی رعایت تاکہ ہو حجت تمام
اور ابوالقاسم کو سونپے یہ امورِ حق تمام
آج تک مامور ہے اس کام پر خود ابن روح
اور عریضے کیلئے کرتے ہیں سب اس سے رجوع
نائب سرکاؐر کا یہ آج تک اعجاز ہے
حاظر و ناظر کا حاصل اس کو بھی اعزاز ہے
اور حریم خضروی کا یہ حریم راز ہے
حکمراں ہے آپ پر فطرت کا فطرت ساز ہے
طاقہئِ موج رواں میں پیچ کر ہر اک پیام
اک پیامی کی طرح ہے بھیجتا سوئے اماؐم
قلزم بحر ہدیٰ ہے دہر پہ بہتا ہے یہ
ہے یہ اک حبل توسل اور جگت مہتا ہے یہ
ہو جہاں بھی دے صدا لبیک بھی کہتا ہے یہ
نامہ بر ہے آپ کا اور ہر جگہ رہتا ہے یہ
ہر عریضہ لے کے جائے خدمت سرکاؐر میں
تاک دانِ نورِ حق ہے وقت کی دیوار میں
غیبت سرکاؐر جو قدرت کی اک رمز وضیح
غیبت سرکاؐر اک موسم کا اک حسن صبیح
غیبت سرکاؐر میں انداز ادریس و مسیح
غیبت سرکاؐر پر بالغیب کی نص صریح
اور ہے علم غیب کا غیبت پہ مضمر انشراح
منتظر کی شان میں ہے غیب کی یہ اصطلاح
کیونکہ درسِ معرفت عرفان ہمارا غیب ہے
مقصد قرآن اور ایماں ہمارا غیب ہے
اور نبوت غیب ہے یزداں ہمارا غیب ہے
صاف ظاہر ہے کہ یہ سلطاں ہمارا غیب ہے
غیب رہ کر جس طرح توحید ہے معبود کل
غیب رہ کر یہ مرا سلطاؐں بھی ہے مسجود کل
غیب ہونے پر نہیں ہوتے فرائض کالعدم
ہے پس پشت آدمی کی بھی محبت محترم
امتحاں غیبت کا دینا رازِ اقوام و امم
یوں نتھر آتے ہیں ایمان و یقیں کے زیر و بم
اس لئے نواب کے تھا سلسلے کا انقطاع
پیٹھ پیچھے کون کرتا ہے حقیقی اتباع
تین صد اور بست و نو ہجری کا وہ تاریک سال
غیبت کبریٰ ہوئی واقع بہ حکم ذوالجلال
عقل اسلامی پہ ابھرے ایسے پیچیدہ سوال
شارعِ حق پر جما رہنا تھا دشوار و محال
صوتِ قرآں درد کی چیخوں میں دب کر رہ گئی
سرخیئِ خونِ شریعت پلپلا کر بہہ گئی
آج دنیا کی طرف انسان کا ہے پھر ہبوط
نعش قرآں ہو چکی ہے پھر غلافوں میں حنوط
ملحدانہ ہو چکے ہیں فکر انساں کے خطوط
دین حق تزکیہئِ انساں سے ہے جعفرؐ قنوط
اب دعا ہی ایک دارو ہے بدلنے کیلئے
منتظر بیٹھے ہیں سارے رات ڈھلنے کیلئے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار