

کر واقعہ پاکیزہ کو بسم اللہ سے جاری
ہم کیا تجھے سمجھیں کہ تو ہے ایزد و باری
ہو خاک سے کیسے تیری اب شکر گزاری
ہر سمت ہیں نت فیض کے چشمے تیرے جاری
ملتی ہے ہر اک چیز تری ذات کے در سے
کیسے ہو ثنا تیری بھلا جن و بشر سے
بخشی ہے تری ذات نے الحان کو لذت
اثمار میں ہے تیری عطا کردہ حلاوت
عالم پہ تری ذات کی رہتی ہے عنایت
قطرے کو گہر کرنا تری ذات کی عادت
ہیں فیض سبھی پاتے تری ذات سخی سے
ہوں میں بھی طلبگار کسی شئے کا جلی سے
اور تو نے بہاروں سے ہے گلشن کو سجایا
اور پھول میں رنگینی و خوشبو کو بسایا
اندازِ محبت گل و بلبل کو سکھایا
خاروں کو گلِ تر کا نگہبان بنایا
ہر شئے کو نوازا کہ تیری ذات علیٰ ہے
نیساں ہے گہر بخش تو یہ تیری عطا ہے
اور دست دعا میں بھی اٹھاتا ہوں بہ جرأت
محفوظ ہمیشہ رہے سادات کی عصمت
اور اتنی سی مجھ بندہ پہ ہو جائے عنایت
مل جائے مجھے مولائے کونین کی مدحت
کرتا ہوں رقم غیبتِ صغریٰ کی وجوہات
غائب ہوئی کس طرح وہ قائمؐ کی حسیں ذات
عالم پہ فروکش ہوئے جب ظلم کے بانی
اور حد سے بڑھی ظلم کے دریا کی روانی
عالم سے نہاں ہو گئی احمدؐ کی نشانی
اور پردہئِ غیبت میں چھپا نورِ ربانی
جس روز کہ غائب ہوا فرزند نبی کا
یہ واقعہ ہے دو صد اور ساٹھ (260) ہجری کا
پھر آپ کا عالم میں نہ تھا کوئی شناسا
ہر فرد ہوا دنیا میں دولت ہی کا پیاسا
تنہائی میں روتا رہا احمدؐ کا نواسا
اور اشک فشانی میں نہ تھا کوئی دِلاسا
دنیا تو سدا ظلم کے اسباق رٹے تھی
روتے ہوئے اس ماہ کی ہر رات کٹے تھی
ایسا نہ ہوا ظلم حسینؐ ابن علیؐ پر
ایسا نہ ہوا ظلم کبھی بنت نبیؐ پر
ایسا نہ ہوا ظلم علیؐ شیر جلی پر
جو ظلم کہ ڈھایا گیا اللہ کے ولی پر
ان سب کی تسلی کو تو موجود تھے احباب
تنہائی ہے ، بے پدری ہے ، آنکھیں بھی ہیں خوں ناب
لوگوں کے ستم بڑھ گئے جب حد سے زیادہ
اور توڑ دیا شیعوں نے بیعت کا کلادہ
فرمانے لگے ماں سے کرو دل کو کشادہ
ہے میں نے کیا خضرا کے جانے کا ارادہ
اعداء ہیں بہت اور کوئی غمخوار نہیں ہے
مظلوم ہوں میں کوئی مددگار نہیں ہے
دنیا میں تو میں نے ہیں بہت رنج اٹھانے
صرف آیا ہوں دکھ درد کے حالات سنانے
باہوں میں مجھے لے لو ، ملوں کب میں نجانے
میں آیا ہوں صرف آپ کو سینے سے لگانے
چچا بھی مخالف ہے کہ دشمن ہے زمانہ
اب ترک وطن کرتا ہوں ، آنسو نہ بہانا
کہنے لگی بی بی اے میرے راج دلارے
اک نورِ نظر تم ہو مری آنکھوں کے تارے
جینا ہے مجھے بیٹا یہاں کس کے سہارے
کچھ روز ہوئے ہیں تیرے بابا کو سدھارے
اب کیسے کٹے گا میرا فرقت کا زمانہ
تنہا بھی ہوں ، بیوہ ہوں ، سنے کون فسانہ
میں کہتی ہوں بیٹا نہ مجھے چھوڑ کے جاؤ
ہے کون میرا باقی ، ذرا یہ تو بتاؤ
روئی ہوں بہت لعلؐ مجھے اب نہ رلاؤ
اچھے میرے بیٹے مجھے سینے سے لگاؤ
میں دیکھ رہی ہوں کہ مخالف یہ جہاں ہے
کمسن ہو میرے لعل ، کہو جانا کہاں ہے
روتے ہوئے کی عرض پتہ ہو تو بتاؤں
ماں کہتی ہے کب آؤ گے میں آس لگاؤں
کی عرض ہو معلوم تو میں تم کو بتاؤں
ہنستے ہوئے رخصت مجھے کر دیں تو میں جاؤں
افلاک بھی روتے تھے کہ کیسا یہ وداع ہے
اب وقف ستم راحتِ عالم کی متاع ہے
جب مادرِؐ محزون سے ہونے لگے رخصت
سر پیٹ کے کہنے لگیں وہ معدنِ عصمت
اب مجھ سے گلے مل لو کہ ہے وقت کی قلت
آنسو ہوئے آنکھوں سے رواں بڑھ گئی رقت
فرزند کو بی بی نے کلیجے سے لگایا
آنکھوں میں غم و درد امڈتا چلا آیا
ماں بیٹے کے رونے کی صدا ہو گئی یکجاں
تھی لرزہ بر اندام زمیں تا حدِ امکاں
ملکوت تڑپنے لگے حوریں ہوئیں گریاں
تھے مست خیالات میں بے درد مسلماں
موؐلا یہی اس وقت صدا دیتے تھے رو کر
یارب دے انہیں صبر ، دعا دیتے تھے رو کر
جب ماں سے وداع ہونے لگے سیدؐ ذیشاں
آنکھوں سے رواں اشک تھے اور حال پریشاں
رونے کی صدائیں ہوئیں فریاد میں یکجاں
سروؐر نے مدینہ میں کیا چاک گریباں
اس غم سے لحد چھوڑ کے رونے لگی بی بی
بیٹے پہ فدا خلد میں ہونے لگی بی بیؐ
حیدرؐ بھی نجف چھوڑ کے روتے ہوئے آئے
کربل کے شہیدوں کے بھی آنسو نکل آئے
بی بیؐ کا تھا یہ حال کہ تھے اشک سوائے
کہتی تھی کہ ممتا کی یہ ماری کہاں جائے
مدت تیری غیبت کی بھی اک راز نہاں ہے
کوئی نہ بتائے گا میرا لعلؐ کہاں ہے
پھر روتے ہوئے گودیئِ مادر سے اٹھے آپ
فریاد کناں بی بیؐ کی چادر سے اٹھے آپ
سرد آہ بھری خانۂ اطہر سے اٹھے آپ
اور کہتے ہوئے ساقیئِ کوثر سے اٹھے آپ
یہ مادرِ غمگین ہے اب تیرے حوالے
تاریک ہوئے جاتے ہیں اب جن کے اجالے
مولا جو ہوئے گھر سے سوئے غار روانہ
دنیا سے ہوا دین کا سردار روانہ
مغرب کو ہوا شمس ضیا بار روانہ
خضرا کو ہوا خضرا کا مختار روانہ
ماں روتی تھی ہر آن کہ تاریک جہاں ہے
دیواروں سے کہتی تھی ، میرا لعلؐ کہاں ہے
پردے میں نہاں ہو گیا وہ شمس امامت
اور گنبد عالم پہ مسلط ہوئی ظلمت
ہر رات شب ظلم تھی ، دن روزِ قیامت
دنیا سے نہاں ہو گئی ایماں کی حقیقت
دنیا کو مگر اس کا نہ احساس ہوا تھا
فرزند محمدؐ کا جو بن باس ہوا تھا
اور مثل نبیؐ غار میں غائب ہوئے مولاؐ
دنیا سے نہاں ہو گیا کونین کا آقاؐ
اور پردۂ غیبت میں چھپے والیؐئِ خضرا
اک صاحب عصمت رہی گھر پاک میں تنہا
خاموش اے جعفرؐ کہ نہیں طاقت تحریر
تعجیل فرج مانگ تو اتنا نہ ہو دلگیر
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار