

قائمؐ آلِ محمدؐ اے عطایائے شعور
بلبل سدرہ ازل سے کفش بردارِ حضور
ذرے ذرے سے ہے پیہم تیری قدرت کا ظہور
تجھ کو سونپے آپ خالق نے زمانے کے امور
تیری الفت کو عبادت دے دیا رب نے قرار
ہو گیا خلاقِ عالم خود ہمہ تن انتظار
تیری مدحت کی حدیں یوں ہیں تخیّلات میں
جس طرح بادل گھن آتے ہیں شبِ برسات میں
اور یہ کھوئی ہے خرد تیری تجلیات میں
ذہن خود مصروف ہے تقریب میں میقات میں
خامہ و توصیف میں حائل ہے عظمت کی خلیج
کیوں نہ بوؤں آسماں پر میں تیری مدحت کے بیج
تیرے مضمونِ محبت کا یہ دل ملفوظ ہے
اور تخئیل کو سدا تیرا ادب ملحوظ ہے
اور علوِ شان سے روحِ خرد محظوظ ہے
تیری الفت میں بشر ہر شرک سے محفوظ ہے
زیبِ چشم عرش پائی تیری نعلینِ بلند
کیا خرد ڈالے تری مدحت میں سوچوں کی کمند
تیرے احسانات سے عالم ہے تیرا زر خرید
معترف تیرے کرم کا آج ہے دورِ جدید
کام کوئی بھی نہیں ہے تیری قدرت سے بعید
فَاعْبُدُوْہُ نے بنائے انبیاء تیرے عبید
اور کبھی زیبِ زباں ہوتا ہے تیرا نام جب
ہونٹ ہو جاتے ہیں پہلے سر بہ سجدہ با ادب
تیرے احسانات کا واللہ نہیں کوئی شمار
تیرے آئینے میں ہے خود پرتو پروردگار
تو ہی دین حق کا شارع مقتدر با اختیار
تیری رحمت سے ہے پیہم یہ زمانہ سازگار
تیرے اقرارِ ولایت سے نبی مبعوث تھے
مُستَغِیثیں کے تمہیں غیاث تھے غیوث تھے
تیرا خالق نے کیا قرآن میں ذکر کثیر
ہے ازل سے تو وجودِ حق کا پوشیدہ ضمیر
تجھ سے لرزیدہ رہے دورِ عباسی کے امیر
تیرے اجلالِ اِلٰہی کی نہیں کوئی نظیر
تجھ سے باقی ہے جہاں میں زندگانی کی رمق
معرفت تیری بنی سب کیلئے عرفانِ حق
تجھ کو فرمایا نبیؐ نے خاتم اثناء عشر
تجھ کو خالق نے کہا ہے ذاتِ حق کا منتظَر
اور کہا جبریل نے ، ہے تو ہی امرِ مفتخر
قدسیوں کی بھی عبادت میں ہے تو پیش نظر
ذکرِ انتظار دورانِ تلاوت جب ہوا
کر دیئے قرآن نے وا آپ ہی دستِ دعا
تیرے دم سے بے ثباتی کو ہوا حاصل ثبات
تیری چشم لطف سے باقی ہے ساری کائنات
ہو تمہیں میزانِ عدل اور حاشرِ صوم و صلٰواة
خضر و عیسٰی کے تمہیں ہو مقصدِ طولِ حیات
تیرے در پر جھک گیا جو سر بصد عجز و نیاز
انبیاء سے بڑھ کے رحمت سے ہوا وہ سرفراز
کی تمہارے نور نے سب کو توانائی عطا
کارخانہئِ جہاں میں کار فرما تو رہا
ہے محیط عالم پہ تیرا سایہئِ ابرِ بقا
حسن تیرا ہر حسیں شے میں رہا جلوہ نما
تو ہے وجہہ اللہ یداللہ مصدرِ الہام ہے
عقل کہتی ہے خدا تیری انا کا نام ہے
آپ ہیں والد جنہیں ہے صاحبِ عسکر ملا
آپ کو سرمایہئِ دیں طاہر و اطہر ملا
نام تم کو منعمؐ و مفضلؐ ملا مضطرؐ ملا
آپ کو جسمِ حسیں ہم پیکرِ سرورؐ ملا
جانتا ہوں جَائَ رَبُّکَ کے ہیں مصداق آپ
ہیں فلک جس کی طرف غائر وہ ہیں آفاق آپ
آلِ احمدؐ کا محمدؐ مصدرِ علمِ احد
اور امامِ دورِ عصر اور راہرو راہِ صمد
در الم ، در درد ، عالم کہہ اٹھا مولا مدد
ٹل گئے آلام اور اک دم ہوا ہر درد رد
اس طرح ہوتی ہے مشکل تیری رحمت سے بعید
جس طرح ان چار مصرعوں میں تھا نقطہ نا پدید
زیب جنت زین غیبت نقشِ شفقت پیش بین
غیب پنجتن فیض شب خزنِ خفی پیش یقین
نیز چینِ بن نقیؐ بختِ نبی غیبت نشین
غیث شفقت فیض نیت زینتِ تخت جبین
کوئی انساں تیری رحمت سے نہیں خالی رہا
جیسے ان مصرعوں میں ہر اک لفظ خود منقوط تھا
تو زمانے کیلئے مشکل کشائے عصر ہے
تو علیؐ وقت ہے اور مصطفیئِ عصر ہے
تو نبیئِ وقت ہے اور کبریائے عصر ہے
صورتِ بالواسطہ تو ہی خدائے عصر ہے
بانیئِ اسلام سے تجھ کو کچھ اتنا ربط تھا
تو بنا نام و کنیت میں سراپا مصطفی
حد سے بڑھ جائے گا اس گیتی پہ جب ظلم و ستم
جب کہ کھل جائے گا اس انساں کی عظمت کا بھرم
انس سے موقوف ہو گا آدمیت کا جنم
تب کہیں دھرتی پہ ہو گا تیری رحمت کا کرم
ظلم سے معمور دھرتی عدل سے بھر جائے گی
اور یہ روحِ ظلم حبس عدل میں مر جائے گی
ہے شبیہ مصطفی تیری جہاں کو احتیاج
مانگتا ہے دین حق پھر امن عالم کا مزاج
ظلمت عالم کے دافع ہیں تیرے روشن سراج
ہے تمنائی تیرا پھر ظلمت خالق کا تاج
اصطباغِ حق میں بدلو عالم اسلام کو
اپنی صورت میں عیاں کر دو خدا کے نام کو
فکر کی پرواز میں حائل رہا تیرا ادب
شد قلم سر در گریباں نوکِ خامہ مضطرب
تجھ کو جعفرؐ مان بیٹھا عالم بالا کا رب
مظہر توحید ہے تو اے اماؐم منتخب
جوڑ کر سانسوں کی تسبیح زاہد روح حیات
نت جپے گا نام تیرا ہر نفس کے ساتھ ساتھ
عجل اللہ فرجہ الشریف
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار