

حق کی فصیل علم کا حیدرؐ ہے در کھلا
نورِ محمدیؐ کا ہے نصفِ دیگر کھلا
تیرہ رجب ہے چشمۂِ فکر و نظر کھلا
گویا جہاں پہ کاکلِ ابرِ گہر کھلا
خالق کے گھر میں آیا ہے دامادِ مصطفیؐ
بھیجی ہے کبریا نے یہ امدادِ مصطفیؐ
غل ہے فلک پہ آمدِ شاہِ نجفؐ ہوئی
فرقِ زمیں سے بردِ ظلم اک طرف ہوئی
تعظیم کو تو راست نبیوں کی صف ہوئی
کعبہ میں آمدِ شاہِ یزداں شرفؐ ہوئی
بنتِ اسدؐ کے رخ پہ ہے نوروں کا رت جگا
ششدر ہوا یوں کعبہ نیا در بنا دیا
بیتِ خدا میں دعوتِ بنتِ اسدؐ ہے آج
ہر لمحہ وقفِ صورتِ ملکِ ابد ہے آج
رحمت فزا زمانے پہ وجہہ صمد ہے آج
اور باطلہ خدائوں کا کعبہ میں رد ہے آج
کعبے کو شرفِ جلوۂِ صد کبریا ملا
بنتِ اسدؐ کو تحفۂ اسدِ خداؐ ملا
شہزادیٔ عربؐ وہ اُدھر بیتِ لامکاں
ملکوت کے سجود کا بالیدہ آستاں
محوِ طواف ہیں کہ پکارے گا میزباں
دعوت نہ ہو تو کعبہ میں جانا ہے قعرِ شاں
دل میں ہے یہ خیال کہ بیتِ خدا میں جا
خودداریت کا ہے یہ تقاضا تو خود بلا
ناگاہ تب یہ ہاتفِ ملہم نے دی صدا
اپنا ہی گھر ہے آئو تکلف نہیں بجا
کعبے کے ساختن میں یہ مضمر تھا مدعا
خوش آمدید مادرِؐ سلطانِ لا فتاؐ
مریم ہیں بیقرار شرف اُن کو دیجیئے
چشمین فرشِ راہ ہیں قدم رنجا کیجیئے
کی عرض تو کریم ہے اے میرے کبریا
حیراں ہوں میں تو دیکھ کے دعوت کا ماجرا
مہمان بن کے آئی ہوں سمجھوں میں اِس کو کیا
ہے میزباں کے گھر پہ تو تالا پڑا ہوا
یہ بے رخی مزاجِ شاہانہ پہ بھار ہے
اب دو قدم بھی چلنا مجھے ناگوار ہے
خالق نے دی صدا یہ اگر یوں پلٹ گئیں
سمجھو نظر سے کعبہ کی توقیر گھٹ گئی
بیتِ خدا کی خوف سے دیوار پھٹ گئی
ہر اک خلش مزاجِ گرامی سے چھٹ گئی
کی عرض تیری ذات گو مہماں نواز ہے
مجھ کو بھی اپنی عظمتِ کلی پہ ناز ہے
خالق یہ تیرے گھر میں ہیں اصنام جو مکیں
پتھر کے ہیں اگرچہ یہ محرم میرے نہیں
ہیں پردہ دار خلوتِ عظمت میں جاگزیں
آئے ہے شرم مجھ کو کہ دیکھیں گے یہ کمیں
انساں نہیں اگرچہ یہ انساں نما تو ہیں
شرما رہی ہوں میں کہ یہ فرضی خدا تو ہیں
پھر دی یہ آ کے مریم و سارا نے اطلاع
ہے منتظر حضور کا حوروں کا اجتماع
اب ہو چکا ہے فرضی خدائوں کا اندفاع
کعبے کے بام و در سبھی محوِ درود ہیں
فرضی خدا بھی آج تو وقفِ سجود ہیں
آنچل سنبھالا کعبے کے اندر اتر گئیں
انداز پُر وقار ہے کعبہ کے در گئیں
بیتِ خدا کی مشعلیں پل میں سنور گئیں
لاکھوں قیامتیں دلِ حق پر گزر گئیں
ہر خشت سے عیاں ہوئے انوارِ داوری
کعبہ زہے نصیب یہ تشریف آوری
آراستہ تھی مسندِ زریں بھی بر محل
وقفِ ثبات ہونے لگا ایک ایک پل
مریم سنبھالے بیٹھی تھیں جنت کی مور چھل
سانچوں میں سج چکے تھے بہشتِ بریں کے پھل
یوخابہ آفتابہ کئے منتخب کھڑیں
لعبہ لئے سلفچی قریں با ادب کھڑیں
اللہ رے یہ ملکۂ عصمتؐ کا احتشام
سجدے میں جھک چکے ہیں یہاں انبیاء تمام
ملحوظ ہے خدا کو بھی بی بیؐ کا احترام
جب کر چکیں جناب ضیافت کا اختتام
حوریں ہزاروں آ گئیں تھوڑی سی دیر میں
گل ہائے خلد لائیں بہشتی چنگیر میں
ناگاہ سقفِ کعبہ ہوئی اس قدر بلند
کعبہ کے زیر سقف ہوا عرش خود پسند
اور عظمتوں نے ڈالی معلی پہ جا کمند
اشراقِ نورِ حق سے اجالا سا چھا گیا
حوروں کو فرطِ نور سے اک غش سا آ گیا
آغوشِ شاہزادیٔ امکاںؐ سنور گئی
اک روشنی سما سے سمک تک بکھر گئی
عصمت سرائے حق سے امامت نتھر گئی
بنتِ اسدؐ کی گود بھی پھولوں سے بھر گئی
دستِ دعا اٹھائے کیا شکرِ لم یزل
ہاتھوں میں جلوہ ریز ہوا حق کا پاک پھل
گھونگھٹ کی اوٹ سے جو سوئے عرش کی نظر
دیکھا تو دیدنی تھا دعائوں کا پھر اثر
خالق نے کھولا عرشِ معظم کا پاک در
دامن میں پک کے گر گیا تقدیس کا ثمر
نورِ خدا نے تحفۂ نورِ خدا دیا
آغوشِ عاطفت کو شہِ لافتیٰؐ دیا
شرم و حیا کی ملکہؐ نے دامن کیا دراز
رحمت فشانی کرتا تھا خود ربِ کارساز
پل میں مِٹے وہ بندہ و خالق کا امتیاز
نورِ علیؐ سے ہو گیا کعبہ بھی سرفراز
حیدرؐ کی لیں بلائیں خدا کے درود نے
توحید پیش کر دی علیؐ کے سجود نے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار