

الفتِ توحید کا تو ہے اچھوتا انتخاب
حسن تیرا چشمِ ہستی کی دعائے مستجاب
مریمِ فطرت کی آنکھوں میں تیری عصمت کے خواب
عرش کے بیتِ عروسی میں تو حسنِ لاجواب
دین کی نشو نما تیرا حسیں اخلاق ہے
دھر کو تسلیم ہے تو فاقہ کَش رزاق ہے
تیرے فقروں کے دھڑکتے دل میں بے بس آجکل
تیری ہستی فکر ابراہیم کا اک آئیڈیل
تیری آنکھوں میں شب طاعت کی ہلکی سی کسل
عرشی آئینوں میں سجتے تیری دستاروں کے بل
روئے روشن سے جو زلفوں کا حسیں پیمان ہے
روز و شب کا رخ پہ اک چلتا ہوا رومان ہے
مہر نبوی بوسہ یزداں کا اک محکم نشاں
اور نبوت کے حسیں ہونٹوں کا اک نقش جواں
اور لبوں کے اک تحرک میں ہزاروں کن فکاں
تیری وحدت کی حرا کی خلوتیں ہیں ترجماں
تو ہے معمار عقائد ، زاویے بخشے جدید
عقل انسانی کی سوچیں بھی ہیں تیری زر خرید
نشترِ فصاد تیری اشہد کی ضربِ حق
اک چیستانی خدائے کل میں وہ تیرا عمق
احدیت کا فہم جہلا کو دیا تو نے سبق
ناخن تدبیر سے تیرے ، قمر ہوتے تھے شق
قصرِ کسریٰ کے گرے کنگرے تمہارے نور سے
بجھ گئے آتش کدے فارس کے سارے نور سے
وحی کی خلوت میں تو اک دلبر شیریں بیاں
اور ملک نژاد فقروں کی گھٹا تیری زباں
تیرے جلوے خلقت خورشدیت کے ترجماں
فکر تو ، قدسی امنگوں کے ہمکنے کی اذاں
تفرقوں کا کالعدم ، رائج ترے منشور میں
رت جگا انوارِ قدرت کا ترے ہی نور میں
تو تصوف کی نگاہوں میں ہے محبوبِ حسیں
فقر کی نظروں میں تو اک آقائے گیتی نشیں
چشم تہذیب عوالم میں تو معراج زمیں
عاصیوں کی آس ہے تو رحمت اللعٰالمین
دلستانوں کا تو فاتح ، مصلح شرع پسند
اور فصیل قلب پر تیرے تفکر کی کمند
رحمتیں تیری کنیزیں اور کرم تیرے غلام
شش جہت بیدار ہے عظمت کا تیری مرغِ بام
تیرے ایمائے پلک پر سلسلۂ صبح شام
جلوہ فرما نور تیرا جب ہوا با احتشام
تجھ کو دیکھا دہر کی آنکھیں جھپک کر رہ گئیں
جہل کے منہ سے فقط رالیں ٹپک کر رہ گئیں
تو ہے سربستہ خزانہ عالم لاہوت کا
طاقت پرواز ہے تو برزخ ملکوت کا
تیرے ہاتھوں میں قلم ہے شیوۂ جبروت کا
تو بقائے دائمی ہے عالم ناسوت کا
نورِ اول ، نورِ خالص ، نورِ کل ، نورِ جلی
تو اجالوں کی گھٹا تو صدر ارواحِ خفی
مجمع افکارِ عالم میں تو فکرِ شہ نشیں
اور تیرا آئینِ فطرت حامل دنیا و دیں
تیرے خطبوں میں ہیں صد اندازِ رب العالمیں
تیرے فرمودات میں ڈھلتے ضمیرانِ زمیں
بیج بوئے تو نے جو افکار کے گفتار پر
آج وہ پھل پک رہے ہیں عصر کے اشجار پر
جب تیری شیریں بیانی کی کمر لچکا گئی
وہ عقائد کی نظر کو ہر ادا سے بھا گئی
جہل کی رطب اللسانی میں زباں تھتھلا گئی
وہم کے بازار کو اک موت کی نیند آ گئی
بیٹھا کج کلہی سے جب اس فقر کی مسند پہ تو
حاکمِ مطلق بنا پھر ابیض و اسود پہ تو
تیری رحمت کی ہے یوں طائف کی گلیوں میں نمود
سنگ باری کے تواتر سے تیرا گلگوں وجود
اور پر از خوں وہ تیری نعلین ہونٹوں پر درود
عرش پر زلزال کا عالم ، لبِ ہستی کبود
تیرے عفو و لطف میں طوفانِ عصیاں کا بحل
رحمت العامین کے ہو گیا عقدوں کا حل
تیرے اسلامی تمدن کا عجب اظہار ہے
خالقِ اسلامیت تیرا حسیں کردار ہے
عصر کے سانسوں میں تیرے عشق کی جھنکار ہے
فکر کے گوشوں میں تیری عصمتوں کا پیار ہے
دیں کو بخشا تو نے شرعی اور عقلی امتزاج
تو نے رکھ لی عقل کی چشمِ حیا رُستہ کی لاج
تیرے ہونٹوں کی لطیف آنچوں میں جو مسکان ہے
ہاں اسی کی دھیمی دھیمی لو میں بھی قرآن ہے
معرفت باندی تری ، عرفاں ترا دربان ہے
تیری ہر اک بات استغنائے حق کی شان ہے
حسبنا کے ہاتھ ، قرطاس و قلم رہنے دئیے
چھین لی توحید اور دل میں صنم رہنے دئیے
تو نے بدلے آدمیت کے معاشرتی اصول
اور صنم زادوں پہ تیری ذاتِ رحمت کا نزول
اور ہوا بدوی گنواروں کو تہذب کا حصول
اور رسولِ فکر ٹھہرائی تری فکر رسول
گڈریوں کو تو نے فخر جم و کسریٰ کر دیا
آدمیت کی شبوں کو لیل اسریٰ کر دیا
بال جبرائیل بھی تیری مؤدت سے قوی
راہبر ظلمت میں تیرے نور سے تھی خضروی
تیری طاعت میں ، بشر سے دور ابلیس غوی
ختم کی تو نے خیال انس کی بے راہ روی
تو نے عصمت خیز دیں کو نامیاتی کر دیا
ایک فانوسِ بقا طاقِ خرد پر دھر دیا
تیرے ہاتھوں کے عمل میں شرکت کارِ خدا
گفتگو تیری ، لب و لہجے میں رنگ کبریا
تیری تدبیروں کی زرتابی میں خالق کی ادا
اور تیری کردار بافی ، جس میں صد عصمت سرا
سارے گلہائے امامت تجھ سے دل آرا ہوئے
اور امامت کے تیری گودی میں پوبارہ ہوئے
مَا رَمَیْتَ اِذْ رَمَیْتَ تیرا ہی اعزاز ہے
تو ہی اک روحِ مجسم رب کا ہر انداز ہے
قوتِ نورانیہ میں سب سے تو ممتاز ہے
اور تیرا جسم مروّح ، قدس کا اعجاز ہے
چشم روح القدس سے اوجھل تیری وحدت کا راز
خالق اور تجھ میں تو ناممکن ہے گویا امتیاز
گر خدا رحمن ہے تو رحمت اللعالمین
اور روؤف اللہ ہے گر ، تو بھی روؤف المومنین
گر خدا نور السماء ، تو بھی تو ہے نورالمبین
گر رحیم کل ہے خالق ، تو شفیع المذنبین
گر خدا کی شان میں وارد ہوا شَیئٍ عَلِیْم
تیرے بھی حق میں ہے فَوْقَ کُلَّ ذِیْ عِلْمٍ عَلِیْم
گر خدا برہان ہے قَدْ جَائَ کُمْ بُرہان تو
گر خدا دَاعِیْ اِلیٰ الْحَق شاہد انسان تو
گر خدا ہادی ہے تو اک ہادیئِ ذیشان تو
گر علیم اللہ ہے ، وَالْحِکْمَةُ فرمان تو
گر خدا کی شان میں یَہْدِی صِرَاطَ الْمُسْتَقِیْم
تیرے حق میں اِنَّکَ تَہدِی صِرَاطَ الْمُسْتَقِیْم
گر بَصِیْر بِالْعِبَادِی ہے خدا اور ہے علیم
شَاھِداً کی شان سے تو بھی بصیرت کا حریم
نفسِ خلق اور عینِ خلق ہے آپ گر رب کریم
تیری یکتائی یہ اِنَّکَ عَلیٰ خُلْقٍ عَظِیْم
گر خدا کی شان میں وارد ہوا شَیْیئٍ شَھِیْد
اور شَھِیْدا تجھ سے بھی کہتا ہے قرآنِ مجید
اس قدر بالا ہے تیری ماہِ عظمت کی چمک
چھو نہیں سکتی جسے طفل تخئیل کی ہمک
ایک لمحے کو بھی سوچوں کی نہیں اٹھتی پلک
کس طرح افکار کی قیدی بنے گل کی مہک
فکر کا آہو سر دشت ثنا حیران ہے
کون ہے تو؟ کیا کہے عقل رسا حیران ہے
پھر ضرورت ہے کہ ابھرے احمدؐ عصرِ رواں
اور حرا کی غیبتوں سے پھر محمدؐ ہو عیاں
ہیکل انسانیت میں ڈال دے جو پھر سے جاں
جو مزاج ظلم سے چھینے حکومت کی عناں
پھر زمانے پر ہوں برپا غزوۂ بدر و حنین
دوش نبوی پر ہوں شاداں آج پھر حسنؐ و حسینؐ
گھس گئے ہیں کعبۂ عرفاں میں پھر لات و حبل
پھر جبین آدمیت کے ہیں سجدے بے محل
پڑ گیا ہے آج پھر اس دین فطرت میں خلل
سڑ چکا ہے نخل اسلامی کی تقدیروں کا پھل
عالم اسلام سے باطل ہے سب کچھ لے گیا
آج ہے اسلامیت کو کفر پھر جُل دے گیا
اب ضرورت ہے کہ حق باطل کا ماتھا پھوڑ دے
آج پھر شیرؐ خدا لات و حبل کو توڑ دے
دین فطرت کی طرف اذہانِ عالم موڑ دے
نخل اسلامی کے ان تیرہ پھلوں کو جھوڑ دے
کفر کو تاراج کر دے ذوالفقارِ حیدؐری
قعر ذلت میں فنا ہو مرحبی اور عنتری
ہے جو کُلُّنَا مُحَمَّد پہ محمدؐ کی سند
اور ہے چودہ نور کی وحدانیت مثل احد
آج بھی ہے اک محمدؐ در حجاباتِ صمد
اس کی آمد سے مٹیں گے ظلم کے آثارِ بد
جعفرؐ اب تعجیل کا مقصد عیاں ہونے کو ہے
ظلم کی ریزش سے دھرتی کہکشاں ہونے کو ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار