

جہاں اک مجمعِ اضدا پنہاں ہے وہاں میں ہوں
شراروں کے تبسم کا گلستاں ہے وہاں میں ہوں
جہاں پگھلے ہوئے سیسے نما الفاظ ہوتے ہیں
جہاں جلتی چتا روئے سخن محسوس کرتا ہوں
جو چھٹی حس کبھی بیدار ہو تو آستینوں میں
سدا پھنکارتے ناگوں کے پھن محسوس کرتا ہوں
سدا اپنی رگِ گردن پہ اک نادیدہ خنجر کی
چمکتی نوک کی پیہم چبھن محسوس کرتا ہوں
خود اپنے قتل کے فتووں پہ مہریں دیکھ پاتا ہوں
اور اس پہ متفق کل انجمن محسوس کرتا ہوں
کبھی ہوں اس گلستاں کی رگوں میں بجلیاں پڑھتا
کبھی خود کو وطن میں بے وطن محسوس کرتا ہوں
جہاں جھکتی جبینوں میں سلگتے ذہن پنہاں ہیں
جہاں میٹھے تخاطب میں رسن محسوس کرتا ہوں
جہاں رشتوں کی گہرائی میں اک طوفان برپا ہے
لباسِ دوستی کو اِک کفن محسوس کرتا ہوں
کئی پروان چڑھتے بھیڑیوں کے درمیاں میں ہوں
ہر اک شے دوغلے انداز میں ہے خود جہاں میں ہوں
گلوں کے قلب میں جلتے انگارے ہیں جہاں میں ہوں
سدا برفیلے ہونٹوں میں شرارے ہیں جہاں میں ہوں
گلے ملنا فشارِ گور کے انداز رکھتا ہے
ہلاہل کی طرح کوثر کے دھارے ہیں جہاں میں ہوں
جہاں جونکیں رگِ گردن کا خوں پینے کی عادی ہیں
نگا ہوں میں بہت گہرے اشارے ہیں جہاں میں ہوں
خموشی کو علامت موت کی سمجھے ہیں گدھ خصلت
کہ اک مُدت سے یہ چونچیں سنوارے ہیں جہاں میں ہوں
قبائے عشق و اُلفت میں چھپا ہے انتقام اپنا
وہاں پیاسے بڑی مُدت سے آرے ہیں جہاں میں ہوں
ہر اک سُو کوفیانہ آندھیوں کا دور دورہ ہے
عقیدت نے کئی شب خون مارے ہیں جہاں میں ہوں
کئی دانتوں سے میرے خون کی سرخی جھلکتی ہے
کئی آنکھوں میں باولے پن کے دھارے ہیں جہاں میں ہوں
کئی خونخوار جزبے تل چکے ہیں کاٹ کھانے کو
نہیں تیار کوئی بھی مجھے ان سے بچانے کو
مرے اطراف میں پھیلا ہوا جو اک گلستاں ہے
حقیقت میں یہ اک رنگین آتش کا شبستاں ہے
عداوت کا یہ اک سیلاب ہے ، تعظیم کی صورت
یہاں قدموں پہ پڑتے ہاتھ میں خلخالِ خاراں ہے
جو پانچوں اُنگلیاں منہ میں رہیں تو آقا و مولا
نہ مرضی جس کی پوری ہو وہی اک دشمنِ جاں ہے
جسے اخلاص ملتا ہے محبت جس سے کی جائے
وہی اک دشمنِ دانا وہی اک دوستِ ناداں ہے
جو باہیں فرطِ اُلفت سے ہیں بڑھتی میری گردن کو
انہی میں ایک پھندہ ہے انہی میں طوق پنہاں ہے
کسی چھاتی سے چھاتی جب بھی ملتی ہے محبت سے
اسی چھاتی کے پیچھے جزبہء شمشیرِ سفیاں ہے
پئے ملبوس بوسی ہاتھ جو اٹھے عقیدت سے
انہی ہاتھوں کی جنبش ہے ادھر اپنا گریباں ہے
غموں کی آگ میں ہے معتکف یہ زندگی میری
نگاہیں ہنس رہی ہیں اصل میں یہ قلب گریاں ہے
مجھے احباب کے زنداں سے کوئی تو رہائی دے
تو جعفرؐ پھر دہائی دے دہائی دے دہائی دے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار