

مجھ کو شاعر کا روپ مت دینا
اک مدّبر کا روپ مت دینا
اک مفکر کا روپ مت دینا
اک مقرر کا روپ مت دینا
میرے ہر شعر میں کراہیں ہیں
میرے لفظوں میں سرد آہیں ہیں
کتنے ہونٹوں کی تلخیاں لے کر
کتنے لہجوں کی ترشیاں لے کر
کتنے ماتھوں کی سختیاں لے کر
کتنے اشکوں کی کرچیاں لے کر
جب بھی احساس کو سنبھالا ہے
تب کہیں ایک شعر ڈھالا ہے
کچھ تو یادوں کی الجھنیں چن کر
کچھ تجربوں کی الجھنیں چن کر
سرد راتوں کی الجھنیں چن کر
بھیگی پلکوں کی الجھنیں چن کر
روٹھے الفاظ کو تلاشا ہے
پھر کہیں شعر کو تراشا ہے
خونِ دل سے بھی سرخیاں مانگیں
قسمتوں سے سیاہیاں مانگیں
اپنے ماضی سے سسکیاں مانگیں
دوستوں سے بھی تالیاں مانگیں
اتنی باتوں سے جب گزرتا ہوں
اپنی نظموں کی مانگ بھرتا ہوں
اپنے اجداد کا نشاں پا کر
زخمی ہاتھوں کی رسیاں پا کر
اپنے خیموں کا بھی دھواں پا کر
کربلا کی اداسیاں پا کر
ہونٹ آہوں سے جب سلگتے ہیں
اہلِ عالم کو شعر لگتے ہیں
بیوہ ہاتھوں کی چوڑیاں لے کر
کچھ دوپٹوں کی دھجیاں لے کر
بکتے جسموں کی سردیاں لے کر
لٹتے گالوں کی لالیاں لے کر
درد سے دل جو خون روتا ہے
میرا دیواں ضخیم ہوتا ہے
اہلِ عالم کے قتلِ غیرت پر
اور فقیہوں کی ہر جسارت پر
لٹتی سیدانیوں کی حرمت پر
گمرہی میں گھری سیادت پر
جب قلم اشکبار ہوتا ہے
وہ میرا شاہکار ہوتا ہے
جعفرؐ اس کار گاہِ ہستی سے
نیستی کی ذلیل بستی سے
آدمیت کی خود پرستی سے
اس ہوا و ہوس کی مستی سے
لوگ جب کچھ بھی ہوش پاتے ہیں
پھر میرے شعر گنگناتے ہیں
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار