

میرے محبوب تو کہتا ہے محبت کرلیں
زلف و کاکل کے وہ رنگین فسانے چھیڑیں
پیار کے سائے ہیں کچھ دیر بہل لیں دونوں
اپنے تپتے ہوئے ہونٹوں کے ترانے چھیڑیں
میٹھے میٹھے سے مچلتے یہ شرابی چشمے
اور یہ سبزے پہ درختوں کی گھنیری چھایہ
اس میں انگڑائیاں لیتی ہوئی کومل شاخیں
شوستر بیز بہاروں کا مسلسل سایہ
سر پہ کہسار کے جھکتے ہوئے بھورے بادل
اور دوشیزہ چٹانوں کے بپھرتے سینے
بہکی بہکی سی ہوا خنک ردائیں اوڑھے
درفشاں صبح سے موسم کے سنورتے سینے
میرے محبوب تو کہتا ہے محبت کر لیں
سارا ماحول محبت کے سوا کچھ بھی نہیں ہے
یہ فضا اور بہاریں یہ ہوائیں چشمے
جو بھی ہیں پیار کی دعوت کے سوا کچھ بھی نہیں
میرے محبوب تو رنگین نظاروں پہ نہ جا
میری نظروں میں کوئی انکی حقیقت ہی نہیں
میں اسے دیکھنا چاہوں بھی تو کیسے دیکھوں
مجھ کو دم بھر کی بھی الام سے فرصت ہی نہیں
میرے محبوب مرے ذہن کا صحرا دیکھو
یہ نظارے جسے سر سبز بنا سکتے نہیں
میں ہوں اس دشت میں صدیوں سے پیاسہ گرداں
اور یہ چشمے بھی میری پیاس بجھا سکتے نہیں
میری آنکھوں میں تو ہر آن وہی صحرا ہے
جس میں چلتی ہوئی لُو رحم سے بھی عاری ہے
اس میں دریا بھی ہیں ہر آن لبا لب بہتے
ان میں پانی کی جگہ پیاس سدا جاری ہے
گرم ٹیلوں پہ وہ جلتی ہوئی عریاں لاشیں
اور وہ ہر سمت سلگتے ہوئے اک خون کی بُو
دور جلتے سرابوں کے مقدس خیمے
وحشیانہ سی اداؤ میں بہت تیز سی لُو
میرے محبوب تو کہتا ہے محبت کر لیں
ان مہکتے سے نظاروں کی ادائیں دیکھوں
اب مجھے تو ہی بتا کون سا منظر دیکھوں
پہلے آنچل یا کہ لٹتی سی ردائیں دیکھوں
میرے محبوب یہ میں کیسے گوارہ کرلوں
حال میں کھو کے میں ماضی کو فراموش کروں
اپنے اسلاف کی پروردہ روایات سے میں
قلبِ مضطر کو بھلا کیسے سبکدوش کروں
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار