

قبلہ ام جدِ گرامی مرکزِ نورِ خدا
اک نظر اولاد پر اے تاجدارِ ابطحا
بے نیازی اس قدر زیبا نہیں اولاد سے
آشنا مجھ سے زیادہ ہو مری فریاد سے
کیا کہوں ناگفتنی ہے خود فراموشی کا حال
آپ کی اولاد کا دنیا میں رہنا ہے محال
آپ کے بیٹوں کے آقا ہیں گنہ خوردہ مزاج
مجرمانہ ذہن کی بے راہروی ہے لا علاج
کوئی عورت کیلئے ہے دینِ حق سے بے خبر
اور کوئی حُبِ ریاست میں ہے شوریدہ نظر
کوئی دولت کی فراوانی میں ہے قا روں صفات
اور کسی کا مفلسی کی نذر ہے یہ شرف ِ ذات
کچھ تو بادہ مستیوں سے فرصتیں پاتے نہیں
بعض فاقہ مستیوں سے راہ پر آتے نہیں
ہم میں سے کچھ لوگ آقا اب بھی ہیں شب زندہ دار
کیا کہوں احیائے شب کا ہے وہی دنیا مدار
جن کے در بر بردِ تقویٰ ہے تو ہے وہ بھی ریا
جو تقدس پوش ہیں دنیا ہے ان کا مدعا
ہم کلیمِ عصر تھے لیکن یدِبیضا نہیں
ورد اَرنیٰ ہے زباں پر جلوہِ سینا نہیں
علم کی موجیں حبابوں کے سوا کچھ بھی نہیں
ہم سیادت میں سرابوں کے سوا کچھ بھی نہیں
حفظ ہیں اجداد کے اقوال اور جاہل ہیں ہم
لیلیٰئِ مقصد سے خالی عصر کے محمل ہیں ہم
ہم ہیں اولادِ علیؐ پر جزبِ شبیریؐ نہیں
کارواں کے میر ہیں پر جزبۂِ میری نہیں
ہوچکے ہیں ہم تو بعیت لَولئیِ تکفیر کی
اب روایت تک نہیں باقی رہی شبیرؐ کی
ہاتھ میں امت کے ہے اب دین و ملت کی عناں
اب تو ہے ناگفتنی حالات کی گستاخیاں
خامشی سے بن چکے ہیں سینکڑوں کرب و بلا
روز اک شامِ غریباں ہو رہی ہے رونما
نت نئے پیکر میں آتے ہیں ستمگر شمر خُو
روز بہہ جاتا ہے دنیا میں سیادت کا لہو
آسماں بھی ان مظالم پر لہو روتا نہیں
خیر کے پردے میں وہ کیا شر ہے جو ہوتا نہیں
کیجئے کچھ تو کرم اس بے خبر اولاد پر
کیونکہ حرف آتا ہے تو آقا سدا اجداد پر
بے سہاروں کو تری آغوشِ رحمت چاہئے
اصل کی جانب سیادت کی بھی رجعت چاہئے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار