

اے کریم بے بدل فرمانروائے بے نشاں
کیا ازل سے ہیں مری قسمت میں سب محرومیاں
اک طرف تو کر رہا ہے دعویٰء لاتَقنطُو
لَو لَافَضلُ اﷲ کی کرتا ہے پھر تو گفتگو
یہ بھی دعویٰ ہے تیرا اے ذوالجلال ِمحترم
جس پہ بھی میں چاہتا ہوں کرتا ہوں فضل و کرم
میں جسے محفوظ کردیتاہوں کل عصیان سے
پھر کوئی غلطی کبھی ہوتی نہیں انسان سے
میں جسے گمراہ کردوں راہ پر آتا نہیں
اور مَن ےُضِل سے راہ حق پہ وہ آتا نہیں
ہے ثبوت اس کا دیا تو نے خدایا جا بجا
تونے دنیا کی ہر اک شے کو ہے کی عصمت عطا
تونے بخشی ہے نظافت جاوداں ملکوت کو
اور ہدایت میں ہے رکھا عالمِ جبروت کو
ہے زمین و آسماں کا ذرہ ذرہ متقی
تونے پاکیزہ کیا ہے انکو اے رازِ خفی
لوَلَا فَضلُ اﷲ کے یہ ہیں ثبوتِ بے بدل
گر مجھے دنیا میں بخشا ہے تو اک راہِ اضل
تو جمائے رعب مجھ پہ جنتِ فردوس کا
بادشاہی ہے تری پر ہے مقام افسوس کا
کیو نکہ میں احقر فقط اک ذرہء ناچیز ہوں
نیستی اپنی پہ نادم ہوں کہ میں کیا چیز ہوں
یوں مجھے مرعوب کرنا تھا نہیں زیبا تجھے
ایک ذرے سے بھی کمتر جب کے ہے دنیا تجھے
گر تیرا کوئی شریکِ مملکت ہوتا خدا
پھر تجھے مرعوب کرنا زیب دیتا کبریا
میں تو ہردم تیرے ہی در پہ جھکا لیتا ہوں سر
پھر مری ان غلطیوں پہ کیوں ہے سختی اسقدر
جنکو تو محفوظ کر دیتا ہے بچ جاتے ہیں وہ
راہِ اَنعمت عَلَیھِم پربھی لوٹ آتے ہیں وہ
خود بچاتے ہو انہیں پھر خود ہی دیتے ہو جزا
خود مجھے گمراہ کرکے خود ہی دیتے ہو سزا
تیری ان دو رنگیوں سے کیوں نہ ہو انساں قنوط
کیوں نہ کھچ جائیں جبیں پر ناامیدی کے خطوط
اور ےَزّکیِ مَن ےَشَّا بھی آپ کا ارشاد ہے
یہ گنہگاروں کے حق میں کس قدر بیداد ہے
من نمی دانم خدایا مقصدِ بندِ حیات
من نہ فہمیدم چراہست ایں عتاب و التفات
اک طرف نیکی کی مجھ میں ہے مسلسل انحطاط
اک طرف ہے چھن رہی مجھ سے نشاط و انبساط
ہاں مگر اس بات سے میرا ہے ترسیدن بجا
کیا ہوں میں اور کیا ہے تواور کیا ہے یہ دارِ فنا
اس طرح پیچیدہ تر ہیں تیرے قانونِ حیات
گویا ہے میرے لئے اک امتحاں یہ کائنات
نیک بندے بھی گریزاں ہیں تو اک بد کار سے
اور تجھے کچھ ربط ہے تو وہ ہے نیکو کارسے
ہم گنہگاروں کو راہِ حق پہ اب لائے گا کون
منزلِ مقصود پر ہم سب کو پہنچائے گا کون
سُست رو ہیں سُست پا ہیں غمزدہ مجبور ہیں
راہبر ہم سے ہے اور ہم راہبر سے دور ہیں
راہِ حق پر آنا چاہیں بھی تو آسکتے نہیں
دینِ حق کو پانا چاہیں بھی تو پا سکتے نہیں
جب نہ ےَہدُاﷲ معاون جب نہ فَضُلاﷲ ممد
اک دلِ عصیاں زدہ اور وہ بھی عصیاں پر بضد
ایسی صورت ہے کہ ہر را عفو کی مسدود ہے
ایسا عالم ہے گریزاں عبدسے معبود ہے
ایسی مایوسی کا عالم ہو تو کیا انساں کرے
اپنی بخشش کیلئے کس طرز کاساماں کرے
کیا مقدر میں نہیں اپنے لکھی کوئی خوشی
کیا یونہی گزرے گی بدتر موت سے بھی زندگی
کیا گنہگاروں کو جینے کا نہیں دنیا میں حق
کیا عَذَاب النَّارکا دنیا میں ہے جاری سبق
ہاں تیری درگاہ میں پھر بھی ہے میری التجا
تو یزّکی مَن ےّشَاکے تحت مجھ کو بھی بچا
یا تو میرے حال پر چشمِ کرم کر اے خدا
ورنہ کر دے ختم میری زندگی کا سلسلہ
یا وجودِ اثم کا ہو اس جہاں سے اِندفاع
ورنہ یارب چھین لے تو زندگانی کی متاع
رشتہِ تارِ تنفس ایک پل میں توڑ دے
یامری تقدیر کے دھاروں کے رخ کو موڑ دے
جب نہیں کچھ فائدہ اس زندگانی سے مجھے
احتمالِ معصیت ہے جب جوانی سے مجھے
مجھ سے یہ رنگین جوانی کی متاع اب چھین لے
اس حیاتِ عارضی کے ارتفاع اب چھین لے
جو بھی بخشاتھا مجھے وہ بھی ابھی تو چھین لے
زندگی، آرام وراحت ہر خوشی بھی چھین لے
جبکہ اُٹھ جاوں گا میں اس محفلِ لولاک سے
اور جب ہو جاوں گا پیوند بردِ خاک سے
پھر تو ہوگا شاد تُو اس محفلِ احبار میں
جھونک پرہم عاصیوں کو اپنی جوئے نار میں
تیرے روزِ حشر سے یارب میں گھبراتا نہیں
کچھ حسابِ حشر کا خوف اب مجھے آتا نہیں
میں بچاؤں گا جسے تیرا یہ جب ارشادہے
پھر تو بندہ کل جوابوں سے یہاں آزاد ہے
اِنّ الاِ نسَانَ لَفی ِخُسر کا جب مصداق ہوں
پھر حسابِ حشر سے میں آج ہی بے باک ہوں
پھر بھی کرتا ہوں تیرے در پاک پر جھک کر صدا
ہے بہر صورت تمہاری ذات ہی کا آسرا
تیری رحمت جب ذرا چشمِ کرم فرمائے گی
بس ہمیں توفیق ترکِ معصیت مل جائے گی
در نہادِ شرمساری ہفت دوزخ مضمر است
انتقامِ است ایں کہ بامجرم مدارا کردہ
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار