

اے میرے بھائی میرے دوست مری جانِ ظفر
میرے اشعار سدا پیار تجھے کرتے ہیں
بوسہ لیتا ہے قلم نام تیرا لکھنے پر
میرے قرطاس و قلم تیرا ہی دم بھرتے ہیں
میرے محبوب ہے مسموم یہ ماحول تیرا
اپنے ماحول کے زہر آب کے اثرات سے بچ
اپنی تقدیس کے سونے کا تو نیلام نہ کر
حُسنِ آوارہ و بے باک کے جذبات سے بچ
میں نے دنیا سے بچانا ہے بہر حال تجھے
اس کی اس عارضی رنگت کی حقیقت کہ کر
تیری راہوں کو راہِ حق سے ملاناہے مجھے
زر کو زن ہی کو زمانے کی مصیبت کہہ کر
تونے پائی ہے جہاں پرورش اے جانِ عزیز
وہ تو اک درس گہِ عشرت و آسائش ہے
ہاں تجھے رکھنا ہے خود اس کے معانب پہ نظر
تجھ پہ افتاد ہے جو ورطۂ آلائش ہے
حُسن ا ور عشق وہاں دونوں ہوس پیشہ ہیں
حُسن اور عشق کے انداز و ادا بکتے ہیں
ہے خریدار و دکاندار ہوس دونوں طرف
اہلِ زر لیتے ہے اور ماہ لقا بکتے ہیں
تیرے ماحولِ حداثت میں مچلتا ہے شباب
حُسنِ آوارہ کی انگڑائیاں ہیں حشر نما
خود ہی بھنوروں کو جگادیتی ہیں ہنستی کلیاں
دعوتِ سجدہ خود دیتے ہیں پتھر کے خدا
تیرے ماحول کے نوخیزوں سے مفقود ہے شرم
تیرے گلزار کی کلیوں میں وہ تقدیس نہیں
سر پرستوں کو سدا فکرِ زر و فکرِ معاش
باغبانوں کی عمل یافتہ تدریس نہیں
ایسے ماحول میں اے دوست تجھے رہنا ہے
جیسے خاروں کے خرابے میں سرِ شاخِ گلاب
سرخرو رہنا ہے تقدیس کے غازے سے سدا
تیرے کردار کی زینت ہو ترا حسن و شباب
تیرے ماحول کی لیلائوں کو مجنوں کی ہے چاہ
حُسن خود عشق کے انداز سکھا دیتا ہے
تیرے میخانے کے ساقی ہیں سدا جام بکف
زہد خود جام مئے ناب پلا دیتا ہے
مہدی العصرؐ سے توفیق طلب کرتا رہ
تیرے کردار کی زلفوں کو سنواریں گے وہی
تیرے اوقات کے جوڑے میں سجاکر تقویٰ
تیرے اعمال کی کلیوں کو نکھاریں گے وہی
یاد رکھنا یہ نصیحت ہے تجھے جعفرؐ کی
کیونکہ ہمدرد ہے وہ اور تیرا بھائی ہے
اس لئے اس کو ہے مقصود سدا خیر تیری
اس کے دل کو تیری ہر ایک ادا بھائی ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار