

آئینہ اے عکس بردارِ بشر نقادِ کُل
کیوں دکھاتا ہے مرا چہرہ مجھے اتنا حسیں
گر دکھا سکتا ہے تو مجھ کو دکھا میرا ضمیر
جس میں روحِ آدمیت کاتحرک بھی نہیں
جس کی عریاں لاش کامیراجسد ہے مقبرہ
جس کی خستہ ہڈیاں مجھ میں ہیں پوشیدہ کہیں
میرا چہرہ ظاہراً انسانیت کی جان ہے
اور پسِ چہرہ تو اک عفریت وحشی ہے مکیں
یہ ہے میرا نفسِ ا مارہ مرا ازلی عدو
ایک طاغوتی حکومت ایک شیطانِ مبیں
چڑھ گیا ہے بھینٹ جس کے ظلم کی میراضمیر
آج تک بھنبھوڑتا ہے جس کو یہ وحشی لعیں
میں حسیں تھا جب تلک زندہ رہا میرا ضمیر
میں سراپائے تقدس تھا جو وہ تھا دلنشیں
آئینہ تو آج مجھ کو میری صورت مت دکھا
میں پریشاں ہوں مجھے اب شوقِ خود بینی نہیں
گر دکھانا ہے مرا چہر ہ تو پھر کچھ یوں دکھا
مسخ چہرہ بال بکھرے جسم پیوندِ زمیں
زرد آنکھیں زرد چہرے پر خراشیں جابجا
معصیت نے نوچ ڈالاہے یہ روئے نازنیں
میری افسردہ جوانی کو نہ دے تحسینِ حُسن
ایک لوحِ قبر کی صورت دکھا میری جبیں
میری آنکھوں کو تو پتھرادے مرے سانسوں کو روک
اب مری آنکھیں نہیں جویائے حق اور پاک بیں
تو ہے ظاہر بیں حقیقت بیں نگاہیں ڈھونڈلا
ہاں تجھے میری حقیقت کاتب آئے گا یقیں
تو مرا مکروہ چہرہ دیکھ کر ڈر جائے گا
نفس کاتابع ہوں میں غدارِ رب العالمیں
آئینہ جعفرؐ کی خواہش پر اگر تو ڈھل گیا
پھر تجھے تاعمر کوئی شخص دیکھے گا نہیں
اپنی اصلیت حقیقت کون کرتا ہے پسند
کیونکہ ہر انساں کا ہے باطن سیاہ چہرہ حسیں
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار