

میرا گھر اور معاشرہ میرا
کتنا شاداں تھا دورِ غربت میں
اک تقدس تھا فقر و فاقہ میں
کتنا سرشار تھا عبادت میں
کچے مٹی کے تھے مکاں اپنے
اپنی اس سادہ زندگی کے امیں
بے ثباتی کا درس دیتے تھے
اور تھے راغب بہ زہد سارے مکیں
گرچہ وہ دورِ فقر و فاقہ تھا
مطمئن تھے کہ اک سکوں تو ہے
فکرِ فردا نہ حُبِ زر نہ ہوس
دور دنیا کا یہ جنون تو ہے
ایک دولت کی تھی کمی لیکن
لاکھ دولت سے مالا مال تھے ہم
دیں شرافت ، تقدس و عصمت
اور قناعت میں بے مثال تھے ہم
گرچہ کھانے کو کُچھ نہ ہوتا تھا
پر نہ ہوتی تھی دوستوں کو خبر
پوری دنیا سے نا اُمید تھے ہم
ایک رزاق تھا خالقِ اکبر
ہم سے ہوتا تھا معجزوں کا صدور
رحمتِ حق سدا برستی تھی
ہم بہت شاد تھے سکوں پاک کر
تھی خوشی گرچہ فاقہ مستی تھی
تھاعبادات میں خشوع و خضوع
اور دعا میں وہ اشکبار آنکھیں
لطف بڑھتا تھا جب عبادت کا
ساتھ دیتی تھیں راز دار آنکھیں
جتنے افراد بھی تھے اس گھر کے
سب کو اک دوسرے سے الفت تھی
اور نظر میں تھا احترام و ادب
سب کو احساس تھا محبت تھی
چلنے پھرنے میں گو علےٰحدہ تھے
ایک ہی جسم کے ہم اعضا تھے
اپنے دُکھ سُکھ میں ہم معاون تھے
تھے جُدا جسم قلب یک جا تھے
اس قدر شوق تھا عبادت کا
تھی ہر اک بات ہی میں دینداری
بغض اور حُب بھی وقفِ مولاتھے
کوئی دولت نہ تھی ہمیں پیاری
مرے گھر کا تقدس اور پردہ
جس پہ حوروں کو رشک آتا تھا
مرے اس گھرکے ضبطِ پردہ پر
آ کے جبریل ہچکچاتا تھا
کتنا ہی مختصر تھا یہ کنبہ
گھر ہمیشہ آباد رہتا تھا
رونقوں کی گھٹا برستی تھی
ہر بشر شاد شاد رہتا تھا
ہم و غم آخرت کا رہتا تھا
دین و پاکیزگی کی چاہت تھی
اور زر و مال کی نہ تھی پرواہ
دولتِ دیں ہی اپنی دولت تھی
اور امانت کا اتنا شہرہ تھا
سید و صادق و امیں ہم تھے
عزتوں کے امینِ مطلق تھے
اور تدّین میں اہلِ دیں ہم تھے
ہوتی تھی مجلسِ عزا برپا
اشکِ خونیں نظر سے گرتے تھے
اور وہ ماتم میں جسم کے ٹکڑے
خوں کی بوچھاڑ میں بکھرتے تھے
ہاتھ سے پیس پیس کر چکی
اپنے مہماں نوازے جاتے تھے
روکھی سوکھی جو بھی میسر تھی
سینکڑوں لوگ آکے کھاتے تھے
بے زری تھی اگرچہ دنیا میں
دبدبہ رعب تھا وجاہت تھی
لوگ ہیبت کے مارے لرزاں تھے
دورِ غربت میں بادشاہت تھی
آج جب دیکھتا ہوں اس گھر کو
کونے کونے میں ہے پریشانی
گرچہ افراد کی بھی کثرت ہے
پھر بھی ہر سُو ہے ایک ویرانی
پختہ اینٹوں کا ہے محل اپنا
لمبی اُمید کی گواہی ہے
کِبر و نخوت کا درسِ پیہم ہے
دنیاداری کی بادشاہی ہے
دیکھ کر آج کثرتِ زر کو
لوگ کہتے ہیں کہ امیر ہیں ہم
مال و دولت کی ہے فراوانی
اہلِ دنیا میں بے نظیر ہیں ہم
میں زمانے سے کیسے کہہ ڈالوں
اپنا کیا کیا ہیں ہم لٹا بیٹھے
دیں ،تقدس شرافت و عصمت
ہیں حیا کا بھرم لٹا بیٹھے
اب میسر ہیں عیش کے ساماں
پھر بھی رونا ہے نت مقدر کا
پوری دنیا کے ہم سوالی ہیں
لب پہ شکوہ ہے ربِ اکبر کا
وہ خوارق وہ معجزاتِ کثیر
جانے ہیں کیوں کنارہ کش ہم سے
دُور رحمت بے اطمینانی ہے
اور ہیں احباب موقعہ کش ہم سے
سارے گھر میں ہے ایک تاریکی
جانے یہ انقلاب کیسا ہے
اب تو راغب ہے دل تعیش پہ
یہ ہمارا شباب کیسا ہے
جتنے افراد بھی ہیں اس گھر میں
سارے اک دوسرے سے نالاں ہیں
احترام و ادب نہیں دل میں
سارے نفرت کی لے پہ رقصاں ہیں
گو ہے مابین رشتہِ خونی
سب کو اک دوسرے سے نفرت ہے
روبرو کام ہے خوشامد سے
اور پسِ پشت سب کی غیبت ہے
اک دُکھی ہے، تو دوسرا خوش ہے
کوئی روتا ہے کوئی ہنستا ہے
ہیں خیالات منتشر سب کے
بغض دل میں سدا برستا ہے
دل عیاشی کی سمت مائل ہے
بے خبر ہیں کہ عمر فانی ہے
اُ ڑتی چُڑیوں کو پھانس لیتے ہیں
اب جوانوں پہ وہ جوانی ہے
کوئی عورت کے پیار میں کھو کر
زندگانی تباہ کرتا ہے
کوئی بے راہروی کے چکر میں
برسوں چھپ کر گناہ کرتا ہے
بہن بھائی کی بھی محبت میں
اک تصنع ہے اک بناوٹ ہے
انس و اُلفت میں اب سیاست ہے
سارے گھر کا خلوص چوپٹ ہے
پہلے اس گھر کی کتنی عظمت تھی
مجھ کو قرآں سنائی دیتا تھا
اِلعَجَل کی صدائیں آتی تھیں
گھر یہ جنت دکھائی دیتا تھا
اب تو اس گھر کی وہ فضا بدلی
چھپ کے گانا بھی گایا جاتا ہے
ہو جو خلوت تو رازداروں کو
ناچ کر بھی دکھایا جاتا ہے
پہلے تو اپنا دین تھا سب کچھ
اب تو پیسے کی بات ہوتی ہے
پہلے پیشِ نظر تھے خود مَولا
اب تو اپنی ہی ذ ات ہوتی ہے
پہلے جو معتقد تھے اس گھر کے
تھے بہت کم پہ سارے مخلص تھے
آخرت ہی سدا تھی پیشِ نظر
دوستی میں ہمارے مخلص تھے
آج جب حد سے بھی زیادہ ہیں
ہیں وہ لیکن خلوص سے عاری
اپنے بن کر فریب دیتے ہیں
اور ہے مفقود ان سے دینداری
جیسے شمع کی روشنی پہ سدا
کافی حشراتِ ارض آتے ہیں
شمع سے کچھ غرض نہیں ہوتی
اور پتنگوں کا گوشت کھاتے ہیں
یہ بھی زر کی چمک پہ آئے ہیں
ان کے سینے میں دوستی تو نہیں
ان میں پروانے چند ہیں لیکن
ان میں پہلی سی بے خودی تو نہیں
جو تھا اس گھر کا مقصدِ اعلیٰ
جس کی تکمیل کو بلایا تھا
اور دعائے فرج کی کشتی پہ
کرکے ہسوار راہ دکھایا تھا
کیا خبر تھی وہی شریکِ سفر
خود ہی طوفاں کاروپ دھارینگے
عین خطرے میں ڈال کر مقصد
ساری کشتی کو چھید مارینگے
اب تو آرام کا گزر بھی نہیں
کتنی پژمردہ یہ جوانی ہے
جس کے جینے سے موت بہتر ہے
کیسی مایوس زندگانی ہے
اپنے اجداد کا وہ طرزِ عمل
بھول بیٹھے ہیں کھوکے دنیا میں
بختِ بیدار کو سلایا ہے
یوں کئی سال سو کے دنیا میں
ہر بشر کو تو فکر ہے اپنی
میرے اس گھر کی بات کون کرے
جس میں خود دینِ حق پنپتا تھا
غم کے مصدر کی بات کون کرے
سارے درپئے ہیں جس کی عظمت کے
میرے اس گھر کی لاج کون رکھے
اہلِ خانہ ہی جب مخالف ہیں
پھر یہ عظمت کا تاج کون رکھے
انحطاطِ عمل ہے اس گھر میں
اور دعائے فرج سے ڈرتے ہیں
ماتم اور مجلس اور عزاداری
رسمِ دنیا سمجھ کے کرتے ہیں
ماضی سے حال جب کہ بدتر ہے
پھر تو آئیندہ جانے کیا ہوگا
سوشلزم آرہا ہے اس گھر میں
میرا گھر ہوگا اور خدا ہوگا
دیکھ کر انقلاب اس گھر کا
لب پہ آتی ہے یہ دعا جعفرؐ
جلد ہو راج والئیِ حق کا
پورا ہو میرا مدعا جعفرؐ
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار