

اے قبلہ حضور آپ کے ہاتھوں میں یہ کیا ہے
کچھ لوگ زمانے کے تو کہتے ہیں اسے جام
اس جام میں شاید ہے وہی مستیء سیال
قطرے کو سکھاتی ہے جو امواج کے اکرام
جو قہقہے اشکوں کو سکھاتی ہے بصد ناز
ماضی کو عطا کرتی ہے جو فرحتِ انجام
خود تلخ ہے پر رکھتی ہے ایسے لبِ شیریں
صدمات فراموش ہیں اس کے سبھی پیغام
اجداد کے خوں اپنی روانی میں چھپا کر
مقتل میں سدا کرتی ہے یہ رقص کے الہام
اسلاف کے یہ دیت میں دیتی ہے مسرت
خندیدنی کر دیتی ہے اولاد کے آلام
دیکھا تھا اسے میں نے کہیں یاد نہیں ہے
دربارِ رسالت میں نہیں یاد نہیں ہے
جو چیز حضور آپ کے ہونٹوں کی ہے زینت
تھی شام کے دربار میں یہ وہ تو نہیں ہے
جس چیز میں مشغول تھی سفیان کی اولاد
دربارِ ستمگار میں یہ وہ تو نہیں ہے
جس چیز نے لوٹا ہے سرِ دشت ترا گھر
پیمانِۂ گلبار میں یہ وہ تو نہیں ہے
ہنستی تھی سرِ بام جو ناموسِ نبیؐ پر
اس شیشۂ زنگار میں یہ وہ تو نہیں ہے
مخمور تھا جس چیزسے شبیرؐ کا قاتل
اب ساغرِ سرکار میں یہ وہ تو نہیں ہے
جو سامنے ناموسِ محمدؐ کے تھی شاداں
اس جامِ شرر بار میں یہ وہ تو نہیں ہے
یہ چیز وہی ہے تو پھر اس جام پہ لعنت
اور تیری سیادت کے اِس انجام پہ لعنت
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار