

اٹھو سیدو! حاملانِ سیادت زمانے کو اپنی حقیقت بتا دو
تم آلِ علیؐ اہلِبیتِ نبیؐ ہو جہاں کو تم اپنے مراتب دکھا دو
ہوّا مہرِ اسلام گھر سے تمہارے عیاں کیونکہ منبع عبادت کا تم ہو
ہو قرآں کے وارث ہدایت کے مصدر شریعت کو پھر نورِ حق سے جِلادو
تمہارے ہی حجرے سے نکلا مہِ دیں ہدایت کا چشمہ تمہی سے تھا پھوٹا
ہو محراب و منبر کے مالک !!مصلیٰ کو پھر اپنے فرطِ خشوع سے سجادو
تمہارے ہی در پر تھا جبریل خادم اور تطہیر کی ثبت تھی مہر ِ عصمت
کہ دینِ طریقت کے تم پاسباں ہو ملائک کو پھر اپنا درباں بنادو
کہ ثقلین میں اک کتابِ خدا تھی اور اک پاک عترت تھی عترت تمہی ہو
کہ ثقلین کے ثقلِ اکبر تمہی ہو تمہی نسلِ انساں کو حق سے ملادو
تمہاری ہی خلوت نے خود نورِ قرآں سے عالم کی جلوت کو پُرنور رکھا
اُٹھو دوشِ ہستی پہ دو حق کاآنچل ردائے شریعت انا کو اوڑھادو
عروسِ عوالم کے شانوں پہ زلفِ ہدایت تمہارے کرم نے بکھیری
عروسِ عوالم ہے پھر سر برہنہ کہ تقدیس کی اس کے سر پر ردا دو
ہے شبیرؐسے خونی رشتہ تمہارا علیؐ کی تم اولاد ہو آنکھ کھولو
ذرا عزمِ شبیرؐ پھر لے کے اُٹھو پھر ایوانِ باطل کو جڑ سے ہلادو
تم اس پاک باباؐ کے بیٹے ہو جس نے تہہِ تیغ سُبحَانَ رَبِّی کہا تھا
اُٹھو چھوڑو غفلت بزرگوں کے نقشِ قدم پہ تم اپنی جبینیں جُھکادو
لو فطرت سدامنتظر ہے تمہاری ہو راہبر تمہی سر پرستی سنبھالو
تمہیں ہادیٔ آدمیت ہے بننا اُٹھو اور عالم کی بگڑی بنادو
سیادت کی کشتی ہے منجدھار میں اور عصیاں کا طوفاں خروشاں خروشاں
اُٹھو اور پتوار جلدی سنبھالو بزرگوں کی محنت کنارے لگادو
علیؐمرتضیٰ کی تم اولاد ہو اب نقوشِ قدم اِن کے پھر سے سنبھالو
اُٹھو فقر کی پھر سے بنیاد رکھو علی مرتضیٰؐ کو صَدا پر صَدا دو
کہ مخدوم اور خاص نواّب تو بن گئے ہو مگر شانِ والِد نہ پائی
سیادت کو زیبا نہیں حُبِ دنیا پدر کی طلاقن کو تم بھی بھلادو
ہمہ تن دعا بن کے میداں میں آئوروایاتِ ماضی کو پھر زندہ کردو
زباں پہ رہیں اَلعَجّل کی صدائیں اورافکارکو ذاتِ حق سے ملادو
اے جعفرؐ تو لے قدسیانہ ادائیں شرابِ تولّا سے مخمور ہو جا
جس ایوانِ دل میں رہے حُبِ دنیاتم ایسے ہر اک دل کی دنیا مٹادو
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار