

وہ پیر زادہ ہے اکلیلِ فقر کی زینت
ہے اسکی ذات میں اضداد کی گل افشانی
وہ جلوتوں میں ہے الوندِقدس کا شاہیں
وہ خلوتوں میں ہَوا و ہوس کا زندانی
وہ محفلوں میں سراجِ منیر کا جلوہ
درونِ پردہ اندھیروں کا وہ شبستانی
زباں تو پندوں نصائح کا چشمئہ حیواں
عمل کے درسِ مسلسل میں مرگ سامانی
وہ خستگانِ معاصی میں بوعلی سینا
خود اسکے مرضِ معاصی میں حشر جنبانی
بہ درسِ زہد مریدوں میں مصلح اعظم
کہ خود وہ ساغر و مینا و مئے کا پیمانی
وہ خانقاہ میں دستارِ فقر کا وارث
وہ خلوتوں میں کرے بتکدوں کی دربانی
امین و صادق و سید کے اسم سے موسوم
کہ عکسِ شیشۂِ کردار ہے تو شیطانی
ہیں اس کے قول معارف کے عقدہ ہائے دقیق
کہ اپنے فعل سے وہ آج تک رہا زندیق
مرید سادہ تو رو رو کے ہو گئے تائب
خدا کرے کہ ملے پیر کو بھی یہ توفیق
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار