

اے جواں لڑکی تمہیں معلوم بھی ہے کہ نہیں
تیری شہ رگ میں رواں ہے کتنا پاکیزہ لہو
غازئہ تقدیس مریم بھی ہے تیرا خوشہ چیں
جس کی سُرخی سے شبستانِ حرم ہے سُرخرو
مریمےّت ناصیہ سا ہے تری دہلیز پر
جھیل سی آنکھوں پہ آئے شرم بھی بہرِ وضو
رائی بھر اظہار ہو تیرے تقدس کا اگر
دستِ لعبہ سے گرے تقدیسِ جنت کا سبو
عالمِ نسواں کرے عِفَّت کا تجھ سے اکتساب
شانِ حق خود بیں ہو ٹھرائے جو تجھ کو روبرو
تیرے پردے سے تو روح اُلقدس ہو خیرہ نظر
اور سیادت ہے تیری ختم الرسل کی آبرو
تو سراپا دیکھ لے آئینہِ اسلاف میں
کتنا بیگانہ ہے خود سے توُ مثالِ آبجو
اپنے اِن اُٹھتے ہوے قدموں کی ہر لغزش بھی دیکھ
اپنے خدوخال اور عصمت کو بھی پہچان تُو
اپنی آوارہ لِٹوں کی دیکھ کج آرائیاں
اپنی ہر بیباک دھڑکن کی بھی سُن لے گفتگو
اپنے ماضی کے سنہرے باب کی سطریں بھی گن
حال کی تاریکیوں میں دیکھ ہر کج آرزو
راس کیوں آئی ہے تجھ کو بے حجابانہ فضا
کیوں سفیدی لے چکا ہے تیرا افسردہ لہو
تیری عظمت کے حسیں پیکر کو پھر ہیں دیکھتے
آج للچائی ہوئی نظروں سے خود تیرے عدو
بڑھ رہا تیری چادر کی طرف دستِ یزید
تیری خود بیگانگی سے خود کشی لے گی نمو
تیری خلوت کو تعفن میں سکوں ملتا ہے کیوں
کیوں موافق ہے تری شبنم کو زھر آلود لُو
کیوں گوارا ہے ترے بستر کو سایہ غیر کا
کیوں تری خوشبو کو راس آیا ہے پھرنا کوبکو
تیری طبعِ لاجونتی لمس سے کھِلتی ہے کیوں
کیوں عفونت بیز ہے تیری حیاتِ ناز بُو
جس چمن کا پھول ہے تو اُس چمن پہ غور کر
کیوں خزاں مانوس ہیں تیرے مہک رُستہ سبو
اے گُلِ درِ گل فتادہ بے خبر از نسب خویش
بے خبر از دستِ گلچیں ناشناسِ گرد و پیش
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار