

سلام اُس پہ جو بیٹی رسولِ اکرمؐ کی
دکھوں کو پالنے والی شبیہ ماتم کی
کہ جس کے پردے کا انداز شاعرانہ تھا
کہ جس کے خطبوں کالہجہ بھی فاتحانہ تھا
وہ سنگ باری میں چلتا تھا کارواں جس کا
ہواتھا دشت میں خیمہ دھُواں دھُواں جس کا
وہ آفتابِ حقیقت تھی جو نہ ڈُوبا تھا
وہ ایک بحرِکرم جو کبھی نہ اُترا تھا
وہ صبرو ظُلم کی جس کو تمیز کہتے ہیں
قضا و قدر کو جس کی کنیز کہتے ہیں
کہ جس نے توڑ دیا دستِ ظلم کا خنجر
تھے ضربِ نطق میں انداز فاتحِ خیبر
تھی عصمتوں کی کلی اور خزاں سے ٹکرائی
کہ جس نے نوچ لی تاجِ شہی کی زیبائی
اذانِ حق دی سدا افترا کے کانوں میں
کہ گرم سیسہ اُنڈیلا جفا کے کانوں میں
کہ چھینی تخت کے نتھنوں سے جس نے خون کی بُو
کہ جس نے لعل وجواہر میں بھر دیا تھا لہو
کہ جس نے بندِ رسن میں بھی صاعقہ بھر دی
کہ جس نے روزنِ زنداں سے صبحِ حق کردی
و ہ بنتِ عدل وصداقت تھی صبر زادی تھی
وہ قصرِعصمتِ یزداں کی شہزادی تھی
کہ جس کی لو سے پگھلنے لگے حدودِستم
جماکے اشکِ الم موتیا بھی دی شبنم
ہر ایک چیز بصد احترام کہتی ہے
نساء کے شرم کی سُرخی سلام کہتی ہے
اسے جہاں کی ردائیں سلام کہتی ہیں
کہ اپنے بیٹوں کی مائیں سلام کہتی ہیں
ہمیشہ سجدے میں جعفرؐ یہ میرا خامہ ہے
سلام جو بھی ہے وہ اِک سپاسنامہ ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار