

سلام اُس پہ جو احساں شعارِ ہستی ہے
ثبوتِ رب ہے مگر کردگار ہستی ہے
وہ جس نے ڈانٹ دیا تخت و زر کی تابش کو
کچل کے رکھ دیا ہر دیں کُشی کی کوشش کو
وہ جس نے دبدبا بخشا خدا کی عظمت کو
کہ ہجوِ ظلم سے روشن کیا شہادت کو
حدیثِ تیر و سناں سن کے ناز پرور تھا
دہکتی ریت کا جاگا ہوا مقدر تھا
جو سرفروشی کی گلیوں میں جب نکلتا تھا
تو سینہ تان کے اِک ناز سے ٹہلتا تھا
لہو سے جس کے یہ چھٹکا ہے دین کا موسم
کہ اس نے بدلا کریہہ سر زمین کا موسم
وہ جس نے ٹھنڈا کیا تیغِ ظلم کا پانی
کہ جس نے موت کے سر دی ردائے جانانی
بلندیوں کو جو لایا تھا فرش کی جانب
زمیں سے سیڑھی لگا دی تھی عرش کی جانب
وہی حسینؐجو دوشِ نبیؐ کی زینت تھا
جو خوابِ ختمِ رسُل کی حسِیں حقیقت تھا
خلیلِ عصر کا اِک آئیدیل کہیں جس کو
اور زلفِ بنتِ محمدؐ کا بل کہیں جس کو
دہن میں جس کے حلاوت دہانِ سرورؐ کی
زباں پہ جس کے رطوبت زبانِ سرورؐ کی
پسینہ جس کا وہ عطرِجبینِ مرتضوی
کہ جس کے جسم سے خوشبوتھی شیرِ مادر کی
جسے ستم کی کٹاریں سلام کہتی ہیں
بقا بدوش بہاریں سلام کہتی ہیں
اے وہ کہ تو ہی بنا مایۂ عزیز حیات
تمہارے ہاتھ پہ بیع ہو گئی کنیزِحیات
اے شہزادے تمہارے غلام آئے ہیں
سجا کے طشتِ وِلا میں سلام لائے ہیں
میری دعا یہ اجابت کا مدعا پائے
بسے یہ گھر صفِ ماتم لپیٹ دی جائے
تیری خوشی میں یہ جعفرؐ قصیدہ خواں ہو جائے
کہ روحِ عالمِ حق میری ہمزباں ہو جائے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار