

فلک دیکھ تو دشت کرب و بلا میں محمدؐ کا روحِ رواں سو رہا ہے
یہی تو ہے اکبرؐ شبیہہ پیغمبرؐ یہ شبیرؐ کا دلستاں سو رہا ہے
ہے جبریل کہتا ہے شام غریباں یہ معراج کی شب نہیں ہے مگر کیوں
بڑے ناز سے دلربائی لپیٹے محمدؐ نما نوجواں سو رہا ہے
یہ صحرا کی بے آب وسبزہ زمیں ہے فرشتے بھی حیرت میں ڈوبے ہوئے ہیں
کہ اس ریگزار مصائب میں کیسے آل اطہارؐ کا گلستاں سو رہا ہے
ارے کوئی ہے جو خدا سے یہ کہہ دے کہ تصویرِ محبوب اکبرؐ تو دیکھے
ہیں مبہوت قدسی زمیں پر یہ کیسے خداوندِ کون و مکاں سو رہا ہے
ہے خالق کی محبوبیت تن پہ اوڑھے ، یہ دھرتی کے سینے پہ سویا ہے جعفرؐ
مگر اک قیامت سمیٹے ہوئے اس کے سینے پہ زخم سناں سو رہا ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار