

اے جانثارو تم کو بلاتا ہے انقلاب
نامِ حسینؐ لو کہ اب آتا ہے انقلاب
اپنے لہو کو تازہ حرارت عطا کرو
پھر تفرقوں کو جذبۂ وحدت عطا کرو
یہ طرزِ فکر پھر سے جگاتا ہے انقلاب
قربانیوں سے جب بھی گزرتی ہے ایک نسل
پھر آنے والی نسل اٹھاتی ہے اسکی فصل
یہ راز ہے جو سب کو بتاتا ہے انقلاب
اب تو بقائے قوم کو درکار ہے لہو
پیدا کرو دلوں میں شہادت کی آرزو
اب گولیوں میں جینا سکھاتا ہے انقلاب
گر موت سے بُری ہے تو ذلت کی زندگی
تم کو گزارنا ہے تو عزت کی زندگی
قوموں کو موت دے کے جِلاتا ہے انقلاب
جعفرؐ ہے اب تو آمدِ سلطانِ دیںؐ قریب
ہیں ناصرانِ مہدیؐ دوراں وہ خوش نصیب
جن کو شعور ذات پلاتا ہے انقلاب
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار