

شامیو شام میں یہ حشر بپا رہنے دو
شہر دلہن کی طرح آج سجا رہنے دو
جو کہ خود اپنے ہی سائے سے حیا کرتے ہیں
جن کے ہاں شب گئے تابوت اٹھا کرتے ہیں
ان کی آمد ہے تو بازار کھلا رہنے دو
شمر بازار میں کرتا ہے یہ اعلان سدا
آج بازار میں آنے کو ہے کل آلِ عباؐ
پھول برسانے پہ لوگوں کو تلا رہنے دو
جن کا سورج بھی سرِ اوج حیا کرتا ہے
نورِ وحدت ہے جو پردے میں رہا کرتا ہے
ان کی تعظیم کو گستاخ فضا رہنے دو
پرسہ لینے کو بہتّر کے عزادار آئے
پرسہ دینے کو ہیں ہر سمت جفاکار آئے
چند گھنٹے یہاں عابدؐ کو کھڑا رہنے دو
جعفرؐ اس ظلم پہ خاموش ہے کیوں آج خدا
کیوں ہوئے ہیں یہاں ناموسِ نبی وقفِ جفا
شامی کہتے ہیں یہ طوفانِ جفا رہنے دو
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار