

یہ کون دشت میں سب کچھ بھلا کے سویا ہے
خدا کو واحد و یکتا بنا کے سویا ہے
حنائی دشت کے مخمل مزاج ذروں کو
یہ کون مسندِ راحت بنا کے سویا ہے
ہے آج تک شب ادراک میں تڑپ باقی
یہ کون درد میں الحمد گا کے سویا ہے
ہے پُر خمار شعورِ بشر کی چشمِ خیال
وہ سونے والا تو سب کو جگا کے سویا ہے
شبِ حیات میں سونے کی آرزو نہ رہے
سناں کی نوک پہ سورج چڑھا کے سویا ہے
ہے درد مثلِ مئے ناب تلخ تر لیکن
وہ مستِ ذات تو مستی میں آ کے سویا ہے
الوہیت کو جفا سے بچا کے سویا ہے
وہ اپنے سینے سے وحدت لگا کے سویا ہے
ہے خوابِ ناز میں کیا مقناطیسیت گویا
قلوبِ عالمِ بالا چرا کے سویا ہے
خیالِ موسیٰ و عمراںؐ نہ ہو اِس امت کو
جمالِ ذات کو خود میں دکھا کے سویا ہے
نفوسِ عیسیٰ پہ نازاں نہ ہو مسیحائی
وہ خاک کو دمِ عیسیٰ بنا کے سویا ہے
خدا نے عرش پہ محبوب کو بلایا تھا
یہ کبریا کو زمیں پر بلا کے سویا ہے
رضائے حق ہو یا مخلوق کی رضا جوئی
یہ بے نیاز تو سب کچھ بھلا کے سویا ہے
حیاتِ خضر تو اک لمحۂ حیات ہی ہے
یہ لفظِ موت سے بھی بچ بچا کے سویا ہے
بھٹک نہ جائیں کہیں راہروانِ منزلِ عشق
یہ آبِ خضر سے شمعیں جلا کے سویا ہے
نگاہِ عصر کی گستاخیاں ارے توبہ
یزیدیت کے پرخچے اڑا کے سویا ہے
سجود کرتے ہیں جعفرؐ جسے شعورِ قلم
وہ عظمتوں سے مسلسل نہا کے سویا ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار