

مظلوم کربلا پر اتنی جفا ہوئی ہے
حد کی بھی کوئی حد ہے حد سے سوا ہوئی ہے
خنجر رواں گلے پر بیٹیؐ پہ تھیں نگاہیں
معصومہؐ کر رہی ہے قاتل سے التجائیں
ہائے حسِیں گلے پر خنجر نہ یوں چلائیں
پہلے بھی ہر ستم کی یاں انتہا ہوئی ہے
اصغرؐ کے حلق سے جب نکلا لہو تڑپ کر
عرض و سما بھی تڑپے روئے مَلک فلک پر
مظلومیت کی حد تھی ہر بوند بوند یکسر
حضرت کی ریشِ اطہر جس سے حنا ہوئی ہے
کہتے ہیں اے برادر فرقت نہ ہم سہیں گے
تم ظہر تک رہے ہو ہم عصر تک رہیں گے
اب سمجھو دو گھڑی کو ہم تم سے آ ملیں گے
بے آسرا تمہی سے آل عباؐ ہوئی ہے
غازیؐ کی لاش پر یوں شبیرؐ روتے آئے
تھی سر میں خاکِ کربل پیہم کمر جھکائے
آنکھوں سے اشک جاری ہونٹوں پہ ہائے ہائے
سینے میں اِک قیامت غم سے بپا ہوئی ہے
جعفرؐ نبیؐ کا گلشن آباد ہو دوبارہ
ابدی بہار آئے مہکے چمن یہ سارا
آلِ نبیؐ ہوں غمگیں دل کو نہیں گوارا
آلِ نبیؐ پہ اب تک کافی جفا ہوئی ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار