

کرتی تھی بین یہ معصومہؐ تاریکی سے گھبراتی ہوں
جب یاد اصغرؐ کی آتی ہے اشکوں کے چراغ جلاتی ہوں
اے بادِ صبا یہ غازیؐ سے کہنا کہ معصومہؐ کہتی ہے
سینے پہ سلاتے تھے باباؐ اب خاک ہی پہ سو جاتی ہوں
معصومی ہے محرومی ہے بے وطنی ہے بے پدری ہے
رونے پہ ہے میرے پابندی چپکے سے اشک بہاتی ہوں
راتوں کو اکثر خوابوں میں بازار دکھائی دیتے ہیں
دربار نظر جب آتے ہیں تو نیند میں بھی ڈر جاتی ہوں
میں دھوپ میں بیٹھا امیؐ کو یوں تنہا دیکھ نہیں سکتی
پاس اُن کے بیٹھ کے اصغرؐ کی لوری کو سدا دہراتی ہوں
باباؐ کا آخری وہ سجدہ میری آنکھوں میں پھر جاتا ہے
ہر روز نماز میں جب اپنی سجدے میں جبین جھکاتی ہوں
اصغرؐ کا حسیں رنگیں کُرتا اب میرے پیار کی دولت ہے
اِس درد بھری تنہائی میں اسے چوم کے جی بہلاتی ہوں
اِس چاردیواری سے اکثر رونے کی صدائیں آتی ہیں
جب خواب میں اپنے باباؐ کو پھوپھیوںؐ کا حال سناتی ہوں
ہیں خوف کے پہرے ہونٹوں پر اور رونے پر ہے پابندی
چچاؐ کو صدائیں دیتی ہوں جب خود کو اکیلا پاتی ہوں
اِک نانِ خشک اور آبِ گرم اِک وقت بمشکل ملتا ہے
میں پیاس کا شکوہ پھوپھیؐ سے کرتے ہوئے اب شرماتی ہوں
کل خواب میں باباؐ کہتے تھے تو پاس میرے آ جا بیٹیؐ
احساس ہے مجھ کو امیؐ کا باباؐ کی طرف میں جاتی ہوں
اب جعفرؐ اس معصومہؐ کی بر آئے آرزو خوشیوں کی
جو رو رو کر فرماتی تھی ہر لمحہ اشک بہاتی ہوں
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار