

اے چاند ستارو چھپ جاؤ یہ شامِ غریباں آئی ہے
ناموسِ نبیؐ ہیں باپردہ تطہیر بھی خود شرمائی ہے
اے بادِ صبا چل آہستہ یہ گنج شہیداںہے ہر سُو
سوئے ہیں شہیدِ راہِ وفا بڑی مشکل سے نیند آئی ہے
ذرا دھیمے چل تکلیف نہ ہو ہر موئے بدن تک زخمی ہے
ابھی آنکھ لگی ہے تُو اِن سے اٹھکیلیاں کرنے آئی ہے
صحرا کے اِس سناٹے میں کچھ بین سنائی دیتے ہیں
یہ کون غریبوںؐ کے لاشوں پہ اشک بہانے آئی ہے
کیوں آج عروسِ شب پیہم روتی ہے کھول کے زلفوں کو
بے گور و کفن کچھ لاشے ہیں صحرا کی فضا گھبرائی ہے
وہ دور کہیں اِس صحرا سے آتی ہے صدائے الحافظ
کیا درد کی چوٹ ہے لہجے میں ہر اک میت تھرائی ہے
ہے گردِ یتیمی چہروں پہ اور آہیں سرد لبوں پر ہیں
سہ روز کے پیاسے بچوں کی کیا یاس بھری تنہائی ہے
یہ مادرِ اصغرؐ کہتی ہیں جھولے میں جسے آرام نہ تھا
وہ ٹھنڈی ریت پہ سوتا ہے ہر سو تاریکی چھائی ہے
اے نہرِ فرات اِن موجوں کو تو روک کہ اب نہ شورکریں
پئے فاتحہ خوانی معصومہؐ بھیاؐ کی لحد پر آئی ہے
جعفرؐ سلطانِ زمانہؐ ہی اس شب کے درد سے واقف ہیں
کئی صد برسوں سے آنکھوں کے ہر اشک کا رنگ حنائی ہے
کلام : السید محمد جعفر الزمان نقوی البخاری سرکار